پیر : 19 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان کی آزادی کے ایک سو برس مکمل[/pullquote]

افغانستان میں آج آزادی کے ایک سو برس مکمل ہونے پر متعدد تقریبات کا انعقاد ہوا۔ گزشتہ ہفتے کابل کی سڑکوں اور دیگر اہم شہروں کی شاہراؤں کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔ تاہم ہفتے کی شب دارالحکومت کابل میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہونے والے ایک خودکش حملے کے بعد اکثر تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ اس حملے میں ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ افغانستان نے پہلی عالمی جنگ کے تھوڑے عرصے بعد سن انیس سو انیس میں برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔

[pullquote]سوڈان کے سابق حکمران عمر البشیر عدالت میں پیش[/pullquote]

سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر کو آج دارالحکومت خرطوم کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر اپنے دور اقتدار کے دوران بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ 75 سالہ عمر البشیر تیس برسوں تک سوڈان کے حکمران رہے۔ اس سال کئی ماہ کے مظاہروں کے بعد اپریل میں فوج نے ان کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ فوجی بیان کے مطابق عمر البشیر کے قبضے سے ایک سو تیرہ ملین ڈالر کے برابر کی رقم برآمد ہوئی تھی۔

[pullquote]بھارت میں مون سون کی بارشوں سے اڑتیس افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی بھارت میں مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اڑتیس ہوگئی ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی میں سیلاب کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ہزاروں افراد سے اپنے گھر بار چھوڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بھارت میں جون سے لے کر پندرہ اگست تک مون سون کی بارشوں کے باعث مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ان بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد اٹھارہ ملین سے زائد بتائی گئی ہے۔

[pullquote]شام میں ترک فوجی قافلے پر فضائی حملہ[/pullquote]

ترک حکام کے مطابق شام میں ان کے ایک فوجی قافلے پر فضائی حملہ کیا گیا ہے۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں تین شامی شہری ہلاک جبکہ دیگر آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ آیا اس حملے کے نتیجے میں کوئی ترک فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ یہ فوجی قافلہ شامی صوبے ادلب کی جانب گامزن تھا۔ شام کا یہ علاقہ صدر اسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔

[pullquote]سوڈان میں بارشوں سے 46 ہلاکتیں[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں شدید بارشوں کے بعد کم از کم چھیالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طبی حکام کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ دو ماہ سے جاری بارشوں اور سیلاب نے ہزاروں گھر برباد کر دیے۔ وزارت صحت کے مطابق چودہ جون کے بعد سے تقریبا ایک سو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حالیہ بارشوں سے سوڈان کے اٹھارہ میں سے سولہ صوبے شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ ساڑھے چودہ ہزار مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق متاثر ہونے والے گھرانوں کی تعداد سولہ ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]داعش کے ٹھکانے تباہ کریں گے، افغانستان[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ اُن کا ملک داعش یا ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ٹھکانوں کا صفایا کر کے چھوڑے گا۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روزکابل میں افغانستان کی آزادی کی سو سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کابل میں ہفتے کی شب ایک شادی ہال میں خودکش حملے میں کم از کم تریسٹھ افراد ہلاک اور ایک سو اسی سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد آزادی کی سرکاری تقریبات مانند پڑ گئیں اور آج یہ دن سادگی سے منایا جا رہا ہے۔ کابل میں تازہ حملے کی ذمہ داری داعش کے مقامی جنگجوؤں نے قبول کی ہے جبکہ طالبان نے اس کی مذمت کرتے ہوئے امریکا سے پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان سے نکل جائے۔

[pullquote]جبرالٹر نےایرانی آئل ٹینکر چھوڑ دیا[/pullquote]

برطانیہ کی طرف سے جولائی میں جبرالٹر کے قریب پکڑے گئے ایرانی آئل ٹینکر کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ لندن میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے اس کی تصدیق کی گئی ہے کہ یہ جہاز اب بین الاقوامی پانیوں کی جانب روانہ ہے۔ قبل ازیں امریکا نے جبرالٹر سے اس آئل ٹینکر کو نہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔ گریس ون نامی اس آئل ٹینکر کا نام اب بدل کر ’ایڈرین دریا ون‘ رکھ دیا گیا ہے۔ اس ٹینکر پر دو عشاریہ ایک ملین بیرل ایرانی خام تیل لدا ہوا ہے۔ برطانوی حکام کا الزام تھا کہ ایران یہ تیل شام کی حکومت کو سپلائی کرنے جا رہا تھا، جو کہ یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ ایران نے اس الزام سے انکار کیا تھا۔

[pullquote]اردن میں اسرائیلی وزیر کی طلبی[/pullquote]

اُردن نے اسرائیل کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے گیٹ بند کرنے کے حالیہ فیصلے پر اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے سخت احتجاج کیا ہے۔ اردن کی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ حرم شریف اور مسجد اقصیٰ تک مسلمانوں کی رسائی روک کر اسرائیل ان مقدس مقامات کی قانونی اور تاریخی حیثیت بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔ حرم شریف میں پچھلے ہفتے اسرائیل کی طرف سے یہودیوں کو عبادت کی اجازت دینے پر پر تشدد واقعات پیش آئے تھے۔ واضع رہے کہ مسجد اقصیٰ اور حرم شریف کی اندرونی نگرانی اردن جبکہ بیرونی سکیورٹی اسرائیل کے پاس ہے۔ کسی تصادم سے بچنے کے لیے یہودیوں کو صرف مقررہ اوقات میں ہی حرم شریف کا دورہ کرنے کی اجازت ہے۔

[pullquote]چین ہانگ کانگ میں طاقت کے استعمال سے باز رہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو ہانگ کانگ میں مظاہروں کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کیا ہے۔ ٹرمپ نے متنبہ کیا کہ اگر چین نے طاقت کا استعمال کیا تو اُس کے ساتھ امریکا کا ممکنہ تجارتی معاہدہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ پر اعتماد کرتے ہیں کہ وہ یہ مسئلہ طاقت کا استعمال کیے بغیر ہی حل کر لیں گے۔ اتوار کے روز ہانگ کانگ میں دس لاکھ لوگوں نے چینی اثرو رسوخ کے خلاف احتجاج کیا۔ سن انیس سو ستانوے میں برطانوی انخلا کے بعد سے ہانگ کانگ کا الحاق چین سے ہو چکا ہے لیکن سن دو ہزار سینتالیس تک اس خطے کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔

[pullquote]ترکی:کُرد ملیشیا سے تعلق کے الزام میں 418 افراد گرفتار[/pullquote]

ترکی نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں کم از کم چار سو اٹھارہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق یہ گرفتاریاں ملک کے انتیس صوبوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے عمل میں لائی گئیں۔ ترک حکومت کرد ملیشیا کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ قبل ازیں ترک وزارت داخلہ نے ٹویٹر پر بیان میں کہا تھا کہ دہشت گردی سے متعلق تحقیقات کے بعد ملک کے جنوب مشرق میں تین بڑے شہروں کے مئیرز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی طرف سے گرین لینڈ کی خریداری میں دلچسپی کی تصدیق[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کی خریداری میں دلچسپی کی تصدیق کر دی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے صلاح مشورے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹیجک لحاظ سے وہ یقیناً اس کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ڈنمارک کے ساتھ بھی کچھ گفتگو ضروری ہو گی اور یہ بنیادی طور پر رئیل اسٹیٹ کا ایک بڑا کاروبار ہے۔ قبل ازیں ڈینش حکومت کی سربراہ میٹے فیڈریکسن نے گرین لینڈ کے اپنے ایک حالیہ دورے کے دوران کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ خطے کی خریداری سے متعلق صدر ٹرمپ کا بیان ایک مذاق ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے