بدھ : 28 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آسام کے مسلمانوں کے لیے امریکا میں تشویش[/pullquote]

امریکی حکومت کے ایک مشاورتی بورڈ نے بھارتی ریاست آسام میں شہریوں کی رجسٹریشن پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔ اس بورڈ کے سربراہ ٹونی پیرکنز کا کہنا ہے کہ آسام میں شہریوں کی رجسٹریشن کے دوران ممکنہ زیادتیوں کے حوالے سے انہیں تحفظات ہیں کیونکہ اس عمل میں لوگوں کے لیے اپنے مذہب سے متعلق تفصیلات بتانا لازمی ہے۔ ان کے بقول یہ طریقہ بھارت میں مذہبی آزادی کے نظریات کے منافی ہے۔ بھارتی حکومت نے آسام میں رہنے والوں سے کہا ہے کہ بھارتی شہریت کے حصول کے لیے انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ سن انیس سو اکہتر سے قبل ان کے والدین یا ان سے بھی پہلے کی نسل اس ریاست میں رہائش پذیر تھی۔

[pullquote]آسٹریلوی درسگاہوں میں چینی اثر و رسوخ کا پتہ چلانے کے لیے ٹیم کی تشکیل[/pullquote]

آسٹریلیا نے اپنے ہاں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں غیر ملکی اثر و رسوخ کی چھان بین کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ ٹیم خاص طور پر یہ معلوم کرے گی کہ آیا ملکی درسگاہیں چینی قوتوں کے زیر اثر ہیں۔ اس ٹیم میں خفیہ اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ گزشتہ دنوں ہانگ کانگ میں ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے آسٹریلیا کی کئی یونیورسٹیوں میں ہنگامہ آرائی اور سائبر حملوں کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد ہی ان معاملات کی تہہ تک جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آسٹریلیا میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ میں سے ایک تہائی کا تعلق چین سے ہے۔

[pullquote]کشمیر کی آئینی حیثیت بدلنے کے خلاف درخواستوں پر بھارتی سپریم کورٹ کی کارروائی[/pullquote]

بھارتی سپریم کورٹ نے ایک پانچ رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا ہے جو مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت بدلنے پر کے خلاف داخل کی گئی پٹیشنوں کی سماعت کرے گا۔ توقع ہے کہ یہ بینچ اکتوبر میں اس کیس کی سماعت کرے گا۔ بھارتی عدالت نے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کیے ہیں کہ وہ اس ضمن میں دائر کردہ مختلف آئینی پٹیشنوں کا جواب داخل کرائیں۔

[pullquote]جرمنی سے ملک بدر کیے جانے والے مزید 31 افغان باشندے کابل پہنچ گئے[/pullquote]

سیاسی پناہ کی درخواست نامنظور ہونے کے بعد جرمنی بدر کیے جانے والے مزید 31 افغان شہری واپس کابل پہنچ گئے ہیں۔ یہ بات ایئر پورٹ ذرائع نے بتائی۔ دسمبر 2016ء کے بعد سے یہ ایسا 27 واں گروپ ہے، جسے جرمنی بدر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 645 افراد کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا تھا۔ ایک ایسے وقت پر جب افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال نازک ہے، جرمنی سے افغان تارکین وطن کی واپسی جرمنی میں کافی متنازعہ ہے۔ انسانی حقوق کے گروپ سیاسی پناہ کے ناکام امیدواروں کی ان کے ملک واپسی کے خلاف ہیں۔

[pullquote]چین کا امریکی جنگی بحری جہاز کو اپنی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار[/pullquote]

چین نے ایک امریکی جنگی بحری جہاز کی اپنے بندرگاہی شہر چنگ ڈاؤ کا دورہ کرنے کی درخواست رد کر دی ہے۔ امریکی دفاعی حکام نے یہ بات خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتائی۔ ایک دفاعی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس جنگی بحری جہاز نے اتوار 25 اگست کو وہاں پہنچنا تھا مگر چین نے اس سے قبل ہی یہ درخواست رد کر دی تھی۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاملات پر تناؤ موجود ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں ٹیبل ڈانس بار پر آتش گیر مادے سے مبینہ حملہ[/pullquote]

میکسیکو کے ایک کلب میں آتش گیر مادے سے کیے گئے ایک مبینہ حملے میں کم از کم تیئیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاستی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ اس واقعے میں مزید تیرہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہ واقعہ مشرقی میکسیکو میں ویراکروز نامی صوبے میں پیش آیا۔ حکام نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ اس ٹیبل ڈانس کلب پر آتش گیر مادہ پھینکا گیا تھا۔ پولیس ملزمان کی تلاش میں ہے۔

[pullquote]ترکی اور روس شامی صوبے ادلب میں فوجی کشیدگی میں کمی کے خواہاں[/pullquote]

ترکی اور روس شامی صوبے ادلب میں پیدا شدہ فوجی کشیدگی میں کمی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ماسکو میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ملاقات کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ انہوں نے باغیوں کے کنٹرول والے صوبے ادلب میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اضافی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ ایردوآن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہاں ہر حال میں انسانی المیے سے بچنے کی کوشش کی جانا چاہیے۔ ایردوآن اور پوٹن نے گزشتہ برس ستمبر میں شامی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے خلاف جاپانی تجارتی پابندیاں نافذ ہو گئیں[/pullquote]

جاپان کی طرف سے شمالی کوریا کے لیے فاسٹ ٹریک ایکسپورٹ اسٹیٹس آج بدھ کے روز سے ختم ہو گیا ہے۔ سیئول حکومت نے اس فیصلے کے نافذ العمل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کی ذمہ داری اب جاپان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کرے۔ جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ اگر جاپان اپنے غیر منصفانہ اقدامات واپس لیتا ہے، تو جنوبی کوریا بھی انٹیلیجنس کے تبادلے کو روکنے کا اپنا فیصلہ واپس لینے کو تیار ہے۔

[pullquote]’ٹوماٹینا‘ یا ’کیچ اپ فائٹ‘: ہسپانوی قصبے بونیول کا سالانہ میلہ[/pullquote]

ہسپانوی قصبہ بونیول میں آج بدھ اٹھائیس اگست کو ہزاروں افراد نے ’ٹوماٹینا‘ یا ’کیچ اپ فائٹ میں حصہ لیا۔ بونیول سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق تفریح کے لیے ہونے والی اس سالانہ لڑائی میں آج 20 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ ’ٹوماٹینا مقامی ثقافت کا ایک ایسا حصہ ہے، جو دنیا بھر میں مشہور ہے اور جسے دیکھنے کے لیے ہر سال ہزارہا سیاح اس ہسپانوی قصبے کا رخ کرتے ہیں۔ رواں برس اس میلے میں 145 ٹن ٹماٹر استعمال کیے گئے۔

[pullquote]طالبان کا افغان چیک پوائنٹ پر حملہ، 14 ہلاکتیں[/pullquote]

طالبان نے افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کر کے ایک حکومت نواز ملیشیا کے 14 ارکان کو ہلاک کر دیا۔ یہ بات پولیس کے ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے آج بدھ کے روز بتائی۔ ولی زادہ کے مطابق طالبان نے یہ حملہ ضلع روبات سنگی میں منگل کی شب کیا، جس میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران نامعلوم تعداد میں طالبان بھی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ دوسری طرف مشرقی صوبے ننگرہار میں گزشتہ روز ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک یونیورسٹی پروفیسر ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ یہ بم ان کی کار پر نصب کیا گیا تھا۔

[pullquote]فلپائن میں مسافر فیری میں آگ لگنے کے سبب دو افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصے میں مسافروں سے بھری ایک فیری میں آگ لگنے کے سبب اس میں سوار افراد میں سے کم از کم دو ہلاک ہو گئے جبکہ نامعلوم تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق اس مسافر کشتی میں یہ آگ ڈیپیٹان شہر سے علی الصبح روانگی کے فوری بعد بھڑک اٹھی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق بہت سے مسافروں نے پانی میں چھلانگیں لگا دی تھیں۔ فلپائن کے کوسٹ گارڈز کے مطابق 102 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]جاپان کے جنوبی حصے میں ریکارڈ بارشیں اور سیلاب، کم از کم دو شہری ہلاک[/pullquote]

جاپان کے جنوبی حصے میں ریکارڈ بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جاپانی جزیرے کیوشو پر پیدا ہونے والی اس صورتحال کے بعد وہاں ایمرجنسی انتباہ جاری کر دیا گیا اور وہاں سے قریب ساڑھے آٹھ لاکھ لوگوں کو نکالنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے اس علاقے کے لیے خطرے کی بلند ترین سطح پانچ کا الرٹ جاری کیا ہے۔

[pullquote]اٹلی میں حکومت سازی کے لیے دو اہم جماعتوں کے درمیان بات چیت[/pullquote]

اٹلی میں حکومت سازی کے لیے دو اہم ترین جماعتوں فائیو اسٹار موومنٹ اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان گزشتہ شب بات چیت ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد مکالمت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ اطالوی صدر سیرجیو ماتاریلا نے دونوں جماعتوں کو آج بدھ کے دن تک کا وقت دے رکھا ہے کہ وہ مل کر ایک مخلوط حکومت کے قیام پر اتفاق کر لیں۔ اہم ترین حل طلب معاملہ قائم مقام وزیر اعظم یوزیپے کونٹے کا ہے کہ آیا وہ اس عہدے پر فائز رہیں گے یا نہیں۔

[pullquote]روس کی طرف سے اپنے نئے مسافر بردار ہوائی جہاز کی رونمائی[/pullquote]

روس آج بدھ کے روز اپنے نئے مسافر بردار ہوائی جہاز MC-21 کی رونمائی کر رہا ہے۔ اس ہوائی جہاز کو امریکی کمپنی بوئنگ اور یورپی جہاز ساز کمپنی ایئربس کے تیار کردہ طیاروں کا مدمقابل قرار دیا جا رہا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کے ساتھ مل کر ماسکو کے قریب MAKS سیلون ایئر شو کا افتتاح کیا۔ اس ایئر شو کا بہت اہم پہلو نئے روسی مسافر بردار ہوائی جہاز کے علاوہ Mi-38 اور Ka-62 ہیلی کاپٹروں کا متعارف کرایا جانا بھی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے