کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک کی نامور شخصیات بھی سڑکوں پر نکل آئیں

وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر آج کشمیر آور منایا جارہا ہے جس میں ملک کی نامور شخصیات بھی مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے مظالم کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوچکی ہیں۔

دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک کشمیر آور منایا گیا جس میں متعدد سیاسی اور شوبز اور کھیل سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

اداکار شان شاہد سوشل میڈیا پیغام میں لکھتے ہیں کہ کشمیر آور کو پوری قوم متحد ہوکر وزیراعظم کے ساتھ منائے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں۔

اداکار و میزبان فخر عالم نے بھی تمام مداحوں سے کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کرنے کو کہا۔

انہوں نے لکھا کہ خصوصی طور پر اس جمعے ہم سب کو دوپہر 12 بجے اکٹھے ہونا ہے تاکہ دنیا کو یہ باور کراسکیں کہ ہم انسانی تشدد پر خاموش نہیں رہیں گے۔

گلوکار شہزاد رائے لکھتے ہیں کہ وہ ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی 25 سو طالبات کے ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر آور میں شریک ہوں گے ۔

گلوکار نے 6 ستمبر کو شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات اور جلد ہی ایل او سی کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اداکار ہمایوں سعید لکھتے ہیں کہ تشدد اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں اور احتجاج میں شامل ہو کر وزیراعظم کا ساتھ دیں ۔

ہمایوں سعید نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سب کو کشمیر آور میں شریک ہونے کا کہا اور آگاہ کیا کہ وہ اس وقت ملک میں نہیں لیکن وہ کشمیر آور کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی میں مزار قائد سے کشمیر آور میں شرکت کی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر ظلم کیخلاف اپنی آواز بلند کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد نے لاہور سے کشمیر آور میں شرکت کر کے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے