بدھ : 04 ستمبر 2019 کیاہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہانگ کانگ کی علاقائی قیادت نے متنازعہ قانونی بل واپس لے لیا[/pullquote]

ہانگ کانگ کی علاقائی قیادت نے اس متنازعہ قانونی بل کا مسودہ واپس لے لیا ہے، جس کا مقصد چین کے اس خصوصی انتظامی علاقے سے مجرموں کو ملک بدر کر کے بیجنگ کے حوالے کرنا تھا۔ اس بل کے خلاف شروع ہونے والے عوامی مظاہرے گزشتہ چند ماہ کے دوران انتہائی شدت اختیار کر چکے ہیں۔ اسی لیے ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹیو کیری لَیم نے بدھ کو اس بل کے واپس لیے جانے کا اعلان کر دیا۔ اس کے باوجود جمہوریت نواز مظاہرین کی قیادت نے کہا ہے کہ عوامی احتجاج جاری رہے گا۔ یہ مظاہرین اب کیری لَیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کے باعث بہاماس میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہو گئی[/pullquote]

طاقت ور سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کے باعث جزائر بہاماس پر ہونے والی تباہی کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات کیوبا اور امریکی ریاست فلوریڈا کے مابین واقع جزائر بہاماس کے وزیر اعظم ہُوبرٹ مِنِّس نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ دریں اثناء ماہرین نے ’ڈوریان‘ کو اب کیٹیگری دو کا طوفان قرار دے دیا ہے، جو اب بھی کافی زیادہ تباہی مچا سکتا ہے۔ ’ڈوریان‘ اتوار کے روز جزائر بہاماس کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ تب اس طوفان کے ساتھ آنے والے جھکڑوں کی رفتار تین سو کلومیٹر یا دو سو بیس میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔

[pullquote]بریگزٹ: وزیر اعظم بورس جانسن کو برطانوی پارلیمان میں بڑی شکست[/pullquote]

برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کے حوالے سے وزیر اعظم بورس جانسن کو لندن کی پارلیمان میں ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ارکان پارلیمان نے منگل کی رات تین سو ایک کے مقابلے میں تین سو اٹھائیس ووٹوں کی اکثریت سے برطانیہ کے بریگزٹ ایجنڈے کو اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اس اقدام کے بعد دارالعوام کے ارکان ایسی قانون سازی کر سکیں گے، جس کے تحت وزیر اعظم جانسن بریگزٹ کی موجودہ ڈید لائن میں توسیع پر مجبور ہو جائیں گے۔ دوسری طرف بورس جانسن نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ نے ’نو ڈیل ‘ بریگزٹ کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو وہ ملک میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیں گے۔

[pullquote]جرمنی کی طرف سے سوڈان کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد میں اضافہ[/pullquote]

سوڈان میں اقتدار پر فوج کے قبضے کے چند ہفتے بعد جرمنی نے افریقہ کی اس تیسری سب سے بڑی ریاست کے لیے اپنی امداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس انتہائی غریب اور مقروض ملک کے اپنے دورے کے دوران خرطوم میں اعلان کیا کہ برلن حکومت سوڈان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی مد میں اضافی طور پر پانچ ملین یورو مہیا کرے گی۔ انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ خرطوم کے لیے جرمن ترقیاتی امداد بھی بحال ہو سکتی ہے۔ ہائیکو ماس نے عبوری حکومت کے سربراہ عبداللہ حمدُوک کے ساتھ ملاقات کے بعد اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوڈان میں اب سویلین قیادت والی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

[pullquote]امریکا نے ایران خلائی ایجنسی پر بھی پابندیاں لگا دیں[/pullquote]

امریکا نے پہلی بار ایرانی خلائی ایجنسی پر بھی پابندیاں لگا دی ہیں۔ یہ ایجنسی ایران کا ایک سویلین ادارہ ہے۔ ایرانی خلائی ایجنسی کے علاوہ واشنگٹن حکومت نے دو دیگر ایسی ایرانی تحقیقی تنظیموں پر بھی پابندیاں لگا دی ہیں، جن پر بیلسٹک میزائل بنانے کا الزام لگایا جاتا ہے۔ نئی امریکی پابندیوں کے فیصلے کا اعلان امریکی دفتر خارجہ اور محکمہ خزانہ نے مل کر کیا۔ مجموعی طور پر جن تین ایرانی اداروں پر امریکا نے پابندیاں لگائی ہیں، وہ ایرانی خلائی ایجنسی، ایرانی خلائی تحقیقاتی مرکز اور خلا بازی سے متعلق ریسرچ انسٹیٹیوٹ ہیں۔ نئی پابندیوں کے تحت ان اداروں کے ساتھ تعاون کرنے والے کسی بھی فرد کو مجرم قرار دے دیا جائے گا۔

[pullquote]بھارتی وزیر اعظم کی روسی صدر سے ملاقات میں معیشت مرکزی موضوع[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج بدھ کو ولادی ووستوک میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں اقتصادی امور کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی۔ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری میں اضافہ، توانائی کا شعبہ اور ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے توجہ کا مرکز رہیں گے۔ مودی اور پوٹن کی یہ ملاقات اُس ایسٹرن اکنامک فورم کے حاشیے میں ہو رہی ہے، جس کا روس دو ہزار پندرہ سے اہتمام کرتا آ رہا ہے۔ اس فورم کا مقصد دو ہزار چودہ میں یوکرائن کے علاقے کریمیا کے روس میں شامل کیے جانے کے بعد لگائی گئی مغربی پابندیوں کے اثرات میں کمی کے لیے ایشیائی ممالک ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔

[pullquote]شمال مغربی شام میں ہزارہا بچے اسکول نہیں جا سکیں گے[/pullquote]

شمال مغربی شام میں حکومتی دستوں کے جہادیوں کے خلاف کئی ماہ سے جاری آپریشن کے باعث ہزارہا بچے اسکول نہیں جا سکیں گے۔ اس مسلح آپریشن کی وجہ سے درجنوں اسکول بند ہو چکے ہیں۔ ’سیو دا چلڈرن‘ نامی برطانوی غیر سرکاری امدادی تنظیم نے بتایا کہ ادلب کے علاقے میں جاری لڑائی اور وہاں چار ماہ تک جاری رہنے والے فضائی حملوں کے باعث اس خطے کے تقریباﹰ بارہ سو اسکولوں میں سے صرف نصف ایسے ہیں، جو ابھی تک کام کر سکتے ہیں۔ اب تک کے پروگرام کے مطابق نئے تعلیمی سال کے آغاز پر پڑھائی کا سلسلہ اس ماہ کے اختتام پر بحال ہو جائے گا۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں مظاہرین کے رہنما کی جرمن چانسلر میرکل سے اپیل[/pullquote]

ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز مظاہرے کرنے والی عوامی تحریک کے سربراہ جوشُوآ وونگ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے دورہ چین سے قبل ان مظاہرین کے لیے حمایت کا اظہا رکریں۔ جرمن اخبار ’بِلڈ‘ نے جوشُوآ وونگ کا ایک ایسا کھلا خط شائع کیا ہے، جس میں جرمن سربراہ حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہانگ کانگ کے مظاہرین کے حق میں بولیں۔ چین کے اس خصوصی انتظامی علاقے میں گزشتہ چند مہینوں سے شدید نوعیت کا سیاسی عدم استحکام پایا جاتا ہے۔ شروع میں یہ مظاہرے ایک متنازعہ قانون کی مجوزہ منظوری کے خلاف تھے ۔ اب لیکن یہ مظاہرین ہانگ کانگ کی علاقائی حکومت کی بیجنگ نواز خاتون سربراہ کیری لَیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں فائیو سٹار موومنٹ کا نئی مخلوط حکومت میں شمولیت کا فیصلہ[/pullquote]

اٹلی میں عوامیت پسند سیاسی جماعت فائیو سٹار موومنٹ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ روم میں بننے والی اگلی حکومت کا حصہ ہو گی۔ یہ فیصلہ اس پارٹی کے ارکان نے ایک آن لائن ووٹنگ میں کیا۔ روم میں نئی مخلوط حکومت ڈیموکریٹک پارٹی اور فائیو سٹار موومنٹ مل کر بنائیں گی، جو پہلے ایک دوسرے کی بڑی حریف تھیں۔ اس ووٹنگ میں فائیو سٹار موومنٹ کے ارکان نے تقریباﹰ اسّی فیصد کی غالب اکثریت سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ اقتدار میں شراکت داری کی حمایت کر دی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے