سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر 63 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

عبدالقادر کے داماد کرکٹر عمر اکمل کے بھائی کامران اکمل نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سابق کرکٹر عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔

عبد القادر 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 236 اور 132 وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالقادر وزیراعظم عمران خان کے بے تکلف دوستوں میں سے ایک تھے اور دور جدید میں اس فن کو زندہ کرنے میں ان کی بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

عبدالقادر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے اور لاہور میں کرکٹ اکیڈمی چلاتے تھے، سابق کرکٹر کے انتقال سے کرکٹ کے حلقوں میں فضا سوگوار ہوگئی۔

کرکٹ حلقوں کی جانب سے عبدالقادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار
وزیراعظم عمران کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ان کی اور عبدالقادر کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں دونوں کرکٹ میدان میں کھڑے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چئیرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عبد القادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کی اچانک وفات کا سن کر دکھ ہوا، وہ ایک لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے، ان کی کرکٹ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور سابق کپتان معین خان نے ان کے انتقال کو کرکٹ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا جبکہ شعیب ملک، اظہر محمود اور وہاب ریاض نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

اللہ کرے خبر جھوٹی ہو: مدثر نذر پھوٹ پھوٹ کر روپڑے
لاہور سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نزر ساتھی کرکٹر عبدالقادر کی وفات کا سن پر پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبد القادر ساتھی کرکٹر ہی نہیں بلکہ میرا بھائی تھا جن کے انتقال کا یقین نہیں آرہا، اللہ کرے یہ خبر جھوٹی ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے