بدھ : 18 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں نئے حملے، اس بار نشانہ جلال آباد[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ صوبہ ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد میں حکومتی عمارتوں پر خود کش حملے کیے گئے ہیں۔ بدھ کے دن مقامی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکوں کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ابھی تک کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم گزشتہ روز افغانستان میں ہوئے دو خونریز حملوں کی ذمہ داری طالبان باغیوں نے قبول کی تھی۔ ان حملوں میں پچاس افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے تھے۔ امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کی معطلی کے بعد طالبان نے اپنے حملوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔

[pullquote]جرمن کابینہ نے عراق مشن کی توسیع منظور کر لی[/pullquote]

جرمن کابینہ نے عراق میں اپنے مشن کی مدت میں توسیع کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔ عراق میں جرمن فوجی بین الاقوامی عسکری اتحاد کے تحت تعینات ہیں، جو جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جاری مقامی دستوں کی کارروائیوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ جرمن کابینہ کے بعد یہ منصوبہ حتمی منظوری کے لیے جرمن پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔ موجودہ جرمن مشن کی مدت اکتیس مارچ سن دو ہزار بیس کو ختم ہو رہی ہے۔

[pullquote]امریکا سے مشروط مذاکرات کو تیار ہیں، حسن روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا ’خیرسگالی‘ کا مظاہرہ کرتا ہے تو تہران مذاکرات کے لیے تیار ہو گا۔ انہوں نے تہران میں کہا کہ اگر امریکا ایران پر دباؤ برقرار رکھے گا تو مذاکرات ممکن نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے دباؤ میں آکر کوئی بھی ملک مذاکرات کی میز پر نہیں آئے گا۔ روحانی کے مطابق اگر امریکا واقعی مذاکرات چاہتا ہے تو اسے خیرسگالی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ امریکا کی طرف سے عالمی جوہری ڈیل سے نکل جانے کے بعد ان دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر ہے۔

[pullquote]نو ڈیل بریگزٹ کا خطرہ حقیقی ہے، ینکر[/pullquote]

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے الگ ہونے کے خطرات ’حقیقی سطح‘ پر موجود ہیں۔ ان کا یہ بیان بدھ کے دن ایک ایسے وقت سامنے آیا، جب یورپی پارلیمان میں ’نو ڈیل بریگزٹ‘ کے بارے میں بحث شروع ہوئی۔ فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں یورپی پارلیمان سے خطاب میں ینکر نے کہا کہ یورپ نہیں چاہتا کہ کسی ڈیل کے بغیر ہی برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہو۔ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن اکتیس اکتوبر طے کی گئی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب نے امریکی اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی[/pullquote]

سعودی عرب نے اس امریکی اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جو مشرق وسطی کے پانیوں میں سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فعال ہے۔ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد ریاض حکومت اس اتحاد کا حصہ بنی ہے۔ سعودی حکومت کے مطابق ’انٹرنیشنل میری ٹائم سکیورٹی کنسٹرکٹ‘ نامی اس اتحاد میں شمولیت سے اہم آبی تجارتی راستوں کی سکیورٹی اور ممکنہ حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے گا۔ امریکا کے مطابق سعودی آئل انڈسٹری پر ہوئے ان حملوں میں ایران ملوث ہے تاہم تہران نے اس الزام کو رد کر دیا ہے۔

[pullquote]تین ملین شامی مہاجرین شام لوٹ سکیں گے، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ تین ملین شامی مہاجرین ان ’محفوظ علاقوں‘ میں لوٹ سکتے ہیں، جو ترک فورسز شمالی شام میں بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس وقت ترکی میں تین اعشاریہ چھ ملین شامی مہاجرین عارضی طور پر سکونت پذیر ہیں۔ ترکی فورسز شمالی شام میں امریکی افواج کی مدد سے ایک محفوظ علاقہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ ان شامی علاقوں میں ترک فورسز کرد باغیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں، جنہیں انقرہ حکومت دہشت گرد قرار دیتی ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کی کامیابی کے بعد شامی مہاجرین شمالی شام لوٹ سکیں گے۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع کا سعودی عرب کا دورہ، ’مشترکہ ردعمل‘ تیار کریں گے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو آج سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس کے مطابق پومپیو سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں سعودی تیل تنصیبات پر ہوئے حملے کے ممکنہ ردعمل پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ثبوت ہیں کہ سعودی عرب پر ہوئے ان حملوں میں ایران ملوث ہے۔ پینس نے واشنگٹن میں ایک تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

[pullquote]اسرائیلی الیکشن، کوئی واضح اکثریت حاصل نہ کر سکا[/pullquote]

اسرائیل میں گزشتہ روز ہوئے پارلیمانی انتخابات کے ایگزٹ پولز کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی لیکود پارٹی اور ان کے اتحادیوں کو تیس سے تینتس نشتیں ملنے کی توقع ہے جبکہ اپوزیشن کا وائٹ اینڈ بلیو اتحاد بتیس سے چونتیس سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ یوں سابق وزیر دفاع ایگوڈو لیبر مان کی سیاسی پارٹی ’بادشاہ گر‘ ثابت ہو سکتی ہے۔ پانچ ماہ قبل ہوئے الیکشن کے بعد بھی نیتن یاہو حکومت سازی میں ناکام ہو گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے قبل از وقت الیکشن کی کال دے دی تھ

[pullquote]پاکستانی کشمیر بھارت کا حصہ، دوبارہ اسے بھارت کا حصہ بنایا جائے گا، جے شنکر[/pullquote]

بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کہا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور نئی دہلی حکومت کو توقع ہے کہ ایک دن بھارت اس پر دوبارہ مکمل کنٹرول حاصل کر لے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اس متنازعہ ریجن کی وجہ سے دونوں ممالک میں شدید کشیدگی موجود ہے۔ منگل کے دن جے شنکر نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو میں دہرایا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثییت ختم کرنا بھارت کا داخلی معاملہ ہے۔ ادھر پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے ان بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

[pullquote]اٹلی میں پھر الیکشن[/pullquote]

اٹلی کے نگران وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے نومبر میں قبل از وقت الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس یورپی ملک میں گزشتہ چار برسوں کے دوران چوتھی مرتبہ الیکشن کرائے جا رہے ہیں۔ سانچیز نے کہا کہ گزشتہ الیکشن کے بعد کوئی بھی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی، جس کی وجہ سے دس نومبر کو دوبارہ انتخابی عمل منعقد کیا جائے گا۔ سانچیز گزشتہ برس جون سے نگران وزیر اعظم کا منصب سنبھالے ہوئے ہیں۔

[pullquote]کابل میں طالبان کا حملہ، بائیس افراد ہلاک[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ کابل میں گزشتہ روز ہوئے خونریز خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہے۔ قبل ازیں یہ تعداد زیادہ بتائی گئی تھی۔ منگل کو ہوئے اس خودکش حملے میں چھ سکیورٹی اہلکار بھی لقمہ اجل بنے۔ وزارت دفاع کے مطابق شہر کے مصروف علاقے میں کی گئی اس کارروائی کی وجہ سے چالیس افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ مجاہد نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ کابل میں وزرات دفاع کی ایک عمارت پر حملہ کیا گیا، جس میں درجنوں افغان سکیورٹی اہلکار مارے گئے۔

[pullquote]فضائی آلودگی، سنگاپور میں فارمولا ون ریس خطرے میں[/pullquote]

ہوا میں آلودگی کی شرح بڑھنے کی وجہ سے ملائیشیا میں ایک ہزار سے زائد اسکولوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سنگاپور میں بھی ایئر کوالٹی خطرناک حد تک خراب ہو گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ بھاری سموگ کی وجہ سے رواں ہفتے سنگاپور میں ہونے والی فارمولا ون ریس منسوخ کی جا سکتی ہے۔ ملائیشیا میں ہر سال زرعی اراضی میں غیرقانونی طور پر لگائے جانے والی آگ کی وجہ سے فضائی آلودگی بڑھ جاتی ہے تاہم اس سال صورتحال زیادہ ابتر ہو گئی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں ’افریقی سوائن بخار‘ سے خطرہ[/pullquote]

جنوبی کوریا نے ملک میں ’افریقی سوائن بخار‘ کے دوسرے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ بدھ کے دن حکام نے کہا کہ شمالی کوریا کی سرحد کے قریب واقع ایک فارم میں ایک مرے ہوئے سور میں یہ وائرس پایا گیا۔ حکام نے اس فارم میں موجود پانچ ہزار سوروں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کے دن بھی ایک فارم میں ایک سور میں اس مہلک وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اس فارم میں پالے گئے تقریب چار ہزاروں سوروں کو تلف کر دیا گیا تھا۔ اس پیشرفت سے خدشہ ہو گیا ہے کہ اس وائرس سے جنوبی کوریا کی سور بانی کی اہم صنعت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی پاداش میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔ٹوئٹ میں امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ایران پر نئی پابندیاں کیوں عائد کی جارہی ہیں تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ پابندیاں سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے تناظر میں ہی عائد کی جارہی ہیں۔یہ بھی واضح نہیں کہ نئی پابندیوں میں کن ایرانی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے