جمعرات : 19 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران پر حملہ ہوا تو ’بھرپور اور کھلی جنگ‘ ہو گی، جواد ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران پر فوجی حملے کی صورت میں شدید نتائج کی دھمکی دی ہے۔ جواد ظریف نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کوئی عسکری کارروائی کی گئی تو اس کا نتیجہ ایک ’بھرپور اور کھلی‘ جنگ کی صورت میں نکلے گا۔ ان کے بقول ایرانی علاقے کا دفاع کرنے میں پلک جھپکنے کی بھی دیر نہیں کی جائے گی۔ ظریف نے یہ بیان سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حالیہ ڈرون حملوں کے تناظر میں دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے کو ایک ’جنگی اقدام‘ قرار دے چکے ہیں۔

[pullquote]ننگر ہار میں افغان دستوں کی فضائی کارروائی، کم از کم تیس عام شہری ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی حصے میں ملکی دستوں کی جانب سے کی گئی ایک فضائی کارروائی میں کم از کم تیس عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ننگر ہار صوبے کے حکام نے آج جمعرات کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ بدھ کی شب اسلامک اسٹیٹ کے ٹھکانے کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم غلطی سے حملے کا ہدف قریبی کھیت کے کسان بن گئے۔ اس واقعے میں چالیس سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اس فضائی کارروائی میں افغان دستوں کو امریکی فوج کی حمایت حاصل تھی۔ اس سے قبل جنوبی زابل صوبے میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]گینٹس کو اتحادی حکومت کی دعوت دیتا ہوں، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے حریف بینی گینٹس کو ایک وسیع اتحادی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی ترجیح دائیں بازو کا اتحاد تھا تاہم انتخابات کے نتائج کی وجہ سے یہ ممکن نہیں۔ گینٹس کی جانب سے نیتن یاہو کی پیشکش پر ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ سترہ ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں گینٹس کے بلیو اینڈ وائٹ اتحاد اور نیتن یاہو کی لیکود پارٹی میں سے کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر پائی۔

[pullquote]ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے وزیر مالیات اسٹیون منوچن سے ایران پر پہلے سے عائد پابندیوں کو انتہائی سخت بنا دینے کے لیے کہا ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات ابھی بتائی نہیں گئی ہیں۔ تاہم اس موقع پر امریکی صدر نے فوری طور پر ایران کے خلاف کسی ممکنہ عسکری رد عمل کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی آئل تنصیبات پر ہوئے حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

[pullquote]فوکوشیما کے دو منیجرز بری کر دیے گئے[/pullquote]

جاپان میں فوکوشیما جوہری پلانٹ کے تین سابقہ منیجرز کو غفلت کے سبب ہلاکتوں کے ایک مقدمے میں بری کر دیا گیا ہے۔ ٹوکیو کی ایک عدالت کے مطابق جوہری پلانٹ کے منتظم ادارے ٹیپکو سے تعلق رکھنے والے ان دونوں مینیجرز کو اس جوہری مرکز میں رونما ہونے والے حادثے کا ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جا سکتا۔ جرم ثابت ہونے پر انہیں پانچ پانچ برس سزائے قید سنائی جا سکتی تھی۔ 2011ء میں زلزلے اور سونامی کے بعد فوکوشیما کے جوہری مرکز کا کولنگ سسٹم خراب ہو گیا تھا۔ اسے 1986ء میں چرنوبل کے بعد سب سے بڑا جوہری حادثہ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]قطر میں مزدوروں کا استحصال ابھی بھی جاری ہے، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے قطر میں غیر ملکی مزدوروں کو درپیش حالات کو ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق اصلاحات کے باوجود ان مزدوروں کو تباہ کن حالات کا سامنا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان میں سے کئی مزدوروں کو کئی کئی ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئی ہیں اور قطری محکموں کی جانب سے انہیں کم ہی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق اس شرمناک استحصال کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔ قطر میں 2022ء کے فٹ بال کے عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے جاری ہیں۔

[pullquote]ایرانی خواتین جلد اسٹیڈیم میں فٹ بال دیکھ سکیں گی[/pullquote]

ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں مردوں کے فٹ بال مقابلے دیکھنے کی جلد اجازت دے دی جائے گی۔ایرانی وزیر کھیل مسعود سلطانی فر نے کہا ہے کہ خواتین کے فٹ بال اسٹیڈیم میں جانے کے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کے بقول ابتدائی طور پر یہ اجازت صرف بین الاقوامی مقابلوں تک محدود ہو گی۔ایران میں گزشتہ چار دہائیوں سے خواتین کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی ہے۔ایران دس اکتوبر کو تہران میں کمبوڈیا کے خلاف میچ کھیلے گی۔

[pullquote]امریکی اتحاد میں متحدہ عرب امارات شامل[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے مشرق وسطٰی کے پانیوں میں جہاز رانی کی سلامتی یقینی بنانے کے امریکی عسکری اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اماراتی وزیر خارجہ سالم الزابی کے مطابق ان کے ملک نے توانائی کی عالمی ضروریات کے تحفظ اور عالمی معیشت کے لیے توانائی کے سلسلے کو جاری رکھنے کی خاطر اس اتحاد کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اتحاد میں سعودی عرب،آسٹریلیا، بحرین، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔ امریکا نے ایران کی جانب سے دھمکیوں کے بعد تیل بردار بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے یہ اتحاد تشکیل دیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب کو اسلحے کی ترسیل پر پابندی برقرار رہے گی، جرمن حکومت[/pullquote]

جرمن اسلحے کی سعودی عرب کو فراہمی پر پابندی میں توسیع کر دی ہے۔ برلن حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اب مارچ 2020ء تک ریاض حکومت کو کوئی ہتھیار اور عسکری ساز و سامان فروخت نہیں کیا جائے گا۔ جرمنی نے یہ پابندی گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کے بعد لگائی تھی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے بقول انہیں حکومت کے موقف کی تبدیلی کا کوئی جواز دکھائی نہیں دے رہا۔ اس پابندی کی مدت رواں برس تیس ستمبر کو ختم ہو رہی تھی۔

[pullquote]امریکا: او برائن قومی سلامتی کے نئے مشیر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رابرٹ او برائن کو قومی سلامتی کا نیا مشیر منتخب کر لیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹویٹر پر بتایا کہ انہوں نے طویل عرصے تک او برائن کے ساتھ کام کیا ہے۔ رابرٹ او برائن لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل ہیں۔ وہ امریکی وزارت خارجہ میں یرغمالیوں کے امور کے خصوصی مندوب کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ ٹرمپ انتظامیہ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی چھوتی شخصیت ہیں۔ اس سے قبل یہ ذمہ داری جان بولٹن ادا کر رہے تھے۔انہیں اسی ماہ کے آغاز پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی: ایئر بس کے ملازمین پر جاسوسی کا شک[/pullquote]

جرمن شہر میونخ کا دفتر استغاثہ طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کی جانب صارفین کے دستاویزات کے ممکنہ غلط استعمال کی تفتیش کر رہا ہے۔ دفتر استغاثہ ایک ترجمان نے بتایاکہ ہوا اور ہتھیار سازی کے اس ادارے کے کئی ملازمین کے خلاف ابتدائی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اخبار بلڈ کے مطابق ایئر بس کے ملازمین کی جرمن فوج کی خفیہ فائلوں تک رسائی ہو گئی تھی۔ ان دستاویزات میں دیگر کے علاوہ ایک مواصلاتی نظام کی تیاری کی تفصیلات درج تھیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ابھی منگل کو ایئر بس کے تقریباً بیس ملازمین کورہا کیا گیا۔

[pullquote]سعودی عرب تیل کی تنصیب پر حملے میں ایرانی میرائل استعمال ہوئے ہیں، ریاض حکام[/pullquote]

سعودی عرب نے تیل کی اپنی ایک تنصیب پر حملوں میں استعمال ہونے والے میزائل اور ڈرون کے ملبے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ سعودی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ تیل کے دو پلانٹس پر کل پچیس ڈرونز اور میزائل داغے گئے۔ ان کے بقول ملنے والے ملبے میں ایران کے ڈیلٹا ونگ کا ڈرون اور یا علی کروز میزائل کے ٹکڑے شامل ہیں۔ دوسری جانب ایرانی صدر کے ترجمان نے ان سعودی دعووں کو مسترد کیا ہے۔

[pullquote]جنوبی افغانستان میں کار بم دھماکا، کم از کم بیس ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی حصے میں ہوئے ایک کار بم دھماکے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زابل صوبے کے گورنر نے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی ایک ہسپتال کے قریب دھماکے سے پھٹ گئی۔ دو صوبائی اہلکاروں نے دعوی کیا ہے کہ اس بم حملے کا نشانہ یہ ہسپتال تھا۔ دوسری جانب طالبان کے مطابق ان کا ہدف افغان سکیورٹی فورسز کی ایک عمارت تھی۔ اس واقعے میں پچانوے افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے