پیر : 23 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: شادی کی تقریب اور فوج کا حملہ، 35 افراد ہلاک[/pullquote]

افغان فوج کے ایک حملے میں کم از کم پینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوج نے جنوبی ہلمند میں موسیٰ قلعہ نامی ضلعے میں عسکریت پسندوں کے ایک مبینہ ٹھکانے پر حملہ کیا تو دو طرفہ فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس فائرنگ نے پڑوس میں جاری شادی کی تقریب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ افغان فوج نے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ افغان وزارت دفاع کے ایک اور ذریعے کے مطابق شادی تقریب میں خودکش بمبار کی کارروائی کے نیتجے میں تین درجن کے قریب ہلاکتیں ہوئیں اور ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ پر نیویارک میں کوئی پیش رفت ممکن نہیں، بورس جانسن[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں بریگزٹ بات چیت میں کسی پیش رفت کا امکان کم ہے۔ وہ نیویارک میں قیام کے دوران یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک سے بھی ملاقات کریں گے۔ کئی یورپی لیڈروں کے ساتھ ملاقات کے دوران وہ آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو واراڈکر سے بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو ان ملاقاتوں سے بریگزٹ معاملے پر کسی بریک تھرو کا اندازہ لگانے میں احتیاط برتنا ہو گی۔ جانسن کے مطابق وہ بھی لوگوں کی توقعات کو بڑھانا نہیں چاہتے کہ بریگزٹ پر معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انخلا کی سابقہ ڈیل کو تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

[pullquote]اسرائیلی صدر نے حکومت تشکیل دینے کے لیے ابتدائی بات چیت مکمل کر لی[/pullquote]

اسرائیلی صدر روین ریولین نے پارلیمانی انتخابات کے بعد حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ آج رات انہوں نے دو بڑی جماعتوں کے رہنماؤں بینی گینٹس اور بینجمن نیتن یاہو کو بھی ملاقات کے لیے بلایا ہے۔ جس پارٹی لیڈر کو زیادہ حمایت حاصل ہو گی، اُسے وہ حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔ اس دعوت کے بعد نامزد وزیراعظم کو حکومت تشکیل دینے لیے اٹھائیس دن حاصل ہوں گے۔ دوسری جانب عرب اراکین پارلیمنٹ کے سیاسی اتحاد ’دی جوائنٹ لِسٹ‘ نے بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے رہنما بینی گینٹس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ایمن عودہ کے سیاسی اتحاد کو تیرہ نشستیں ملی ہیں اور وہ پارلیمنٹ کی تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرا ہے۔

[pullquote]جرمنی کو کساد بازاری کا خطرہ نہیں ہے، جرمن فیڈرل بینک[/pullquote]

جرمنی کے مرکزی بنڈس بینک نے کہا ہے کہ اُسے ایسی کوئی تشویش لاحق نہیں کہ ملک کساد بازاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بینک کی ماہانہ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اقتصاد میں عدم استحکام کے باوجود کساد بازاری کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔ بینک نےتیسری سہ ماہی میں ملکی اقتصادیات کے مزید سکڑنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے لیکن اس سے مراد یہ نہیں لی جا سکتی کے یورپ کی سب سے بڑی اقتصادیات کو کساد بازی کا سامنا ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ملکی شرح پیداوار میں کمی کا رجحان جاری رہا تو’ٹیکنیکل کساد بازاری‘ کا سامنا ہو سکتا ہے۔

[pullquote]کینیا: کمرہٴ جماعت کی چھت کا انہدام، سات طلبا ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ایک سکول کے ایک کمرے کی چھت گرنے سے کم از کم سات طلبہ ہلاک ہوئے ہیں۔ حکومتی ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت کلاس روم میں ستاون طلبا بیٹھے تھے۔ زخمی بچوں کو قومی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال کے ترجمان کے مطابق چونسٹھ طلبہ کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا ہے۔ کلاس روم کی چھت گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں نو مشتبہ عسکریت پسند گرفتار کر لیے گئے[/pullquote]

انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں پولیس نے نو مشبہ شدت پسندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی ملکی پولیس کے مطابق ان افراد پر شبہ ہے کہ وہ پولیس کو خودکش حملوں سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان تمام افراد کی عمریں اٹھارہ سے اٹھائیس برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ چھاپے کے دوران پولیس نے ایک بم کو اپنے قبضے میں لے کر ناکارہ بھی بنایا۔ پولیس نے اس گروپ کا تعلق جمیعہ انشورۃ الدولہ سے بتایا گیا ہے۔ یہ سخت گیر عقیدے کا گروپ داعش کے ساتھ وابستگی رکھتا ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا نے بھیڑوں کی برآمد پر پابندی ختم کر دی[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کو بھیڑوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ساٹھ ہزار بھیڑیں مشرق وسطیٰ کے مختلف ملکوں کے لیے منگل چوبیس ستمبر کو روانہ کر دی جائیں گی۔ بھیڑوں سے لدے بحری جہاز کی پہلی منزل کویت ہے۔ یہ پابندی گزشتہ برس اُس وقت عائد کی گئی تھی جب ایک بحری جہاز پر لدی بھیڑیں گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئی تھی۔ اس واقعے کی خبریں سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی حکومت نے بھیڑوں کی افزائش کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی تھی اور نظرثانی کے عمل کی تکمیل تک بھیڑوں کی برآمد پر عارضی پابندی بھی عائد کر دی تھی۔

[pullquote]سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا ذمہ دار ایران ہے، برطانوی وزیراعظم[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق برطانیہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کا ذمہ دار ایران ہے۔ جانسن نے یہ بھی کہا کہ خلیج فارس میں امریکی قیادت میں شروع کی جانے والی عسکری کوششوں میں برطانیہ کے شریک ہونے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول وہ اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ کے خطے میں پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کی کوششیں بھی کریں گے۔ برطانوی وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کیا۔

[pullquote]برطانوی سیاحتی کمپنی تھومس کُک سنبھل نہیں سکی[/pullquote]

برطانیہ کی مشہور ٹور کمپنی تھومس کُک دیوالیہ ہو گئی ہے۔ کک کے مطابق کمپنی کو خسارے سے نکالنے کے لیے جاری بات چیت کے ناکام ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی اس کمپنی کے چھ لاکھ سے زائد سیاحتی منصوبے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اِس وقت ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ان افراد کی واپسی ملکی تاریخ میں عام شہریوں کے انخلا کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا۔ برطانوی شہری ہوابازی کی کمپنی نے بتایا کہ تھامس کُک سے منسلک چار فضائی کمپنیوں کے جہازوں کو کھڑا کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]افغانستان کی پولیس کو سب سے زیادہ حملوں کا سامنا ہے۔ افغان وزیر[/pullquote]

افغانستان کے وزیر داخلہ مسعود اندرابی کا کہنا ہے کہ ملکی پولیس کو عسکریت پسندوں کے حملوں کا سب سے زیادہ سامنا رہتا ہے۔ ان کے بقول حالیہ عرصے میں حکومتی فورسز پر ہوئے حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں میں ستر فیصد پولیس اہلکار ہیں۔ اندرابی اس وقت پولیس کی تشکیل نو کے عمل میں بھی مصروف ہیں۔ اِس تناظر میں ان کا کہنا ہے کہ پولیس کے محکمے کو ایک محدود مدت میں تبدیل کرنا ناممکنات میں سے ہے۔ انہوں نے نئے پولیس اہلکاروں کی بھرتی اور اُن کی تربیت کے نئے پروگرام کو شروع کرنے کا بھی بتایا۔ اندرابی کے مطابق پولیس کے محکمے میں انسداد بدعنوانی کی کوششیں بھی کی جا رہی ہے۔ افغانستان میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ملکی پولیس نا اہل اور کرپٹ ہے۔

[pullquote]انڈونیشی صوبے پاپوا میں مشتعل مظاہرین کے ہنگامے جاری[/pullquote]

انڈونیشیا کے انتہائی مشرقی صوبے پاپوا میں مشتعل مظاہرین نے مزید کئی عمارتوں کو آگ لگا دی ہے۔ مقامی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ جن عمارتوں کو آگ لگائی گئی ہے، اُن میں سرکاری عمارتیں اور مکانات بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی مختلف مقامات پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ پاپوا میں رواں برس اگست سے سیاسی عدم استحکام اور نسلی تعصب پایا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبے کے سب سے بڑے شہر وامینا کے ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے بقول وامینا میں انتشار کی سی صورت حال ہے اور اس پر قابو پانے کی فوج اور پولیس مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ایبولا وائرس کا انسداد، کانگو میں نئی ویکسین متعارف کرانے کا فیصلہ[/pullquote]

افریقی ملک کانگو میں مہلک مرض ایبولا کی وبا پر قابو پانے کے لیے رواں برس اکتوبر کے وسط میں ایک نئی مدافعتی دوا متعارف کرائی جائے گی۔ یہ ویکسین دوا ساز ادارے جانسن اینڈ جانسن نے تیار کی ہے۔ پہلے دی گئی ویکسین تقریباً بے اثر ہو چکی ہے اور اب تک سوا دو لاکھ سے زائد افراد کو لگائی جا چکی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہی افراد ایبولا کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق گزشتہ تیرہ مہینوں کے دوران کانگو میں کم از کم دو ہزار افراد ایبولا مرض میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وقت بھی تین ہزار مریض اس جان لیوا بیماری کا شکار ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے