ہفتہ : 28 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان ميں صدارتی انتخابات[/pullquote]

افغانستان ميں آج بروز ہفتہ صدارتی انتخابات جاری ہيں۔ صدر کے عہدے کے ليے اٹھارہ اميدوار اليکشن ميں حصہ لے رہے ہيں۔ اليکشن کميشن کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے ميں کاميابی کے ليے کسی اميدوار کو پچاس فيصد سے زائد ووٹ درکار ہيں۔ اليکشن ميں رائے دہی کے ليے رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 9.6 ملين ہے۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تين بجے تک جاری رہنی تھی تاہم ايسی اطلع ہے کہ اس ميں دو گھنٹے کی توسيع کر دی گئی ہے۔ انتخابی عمل کے دوران ملک بھر ميں تقريباً بہتر ہزار پوليس اہلکار تعينات ہيں جب کہ مزيد بيس سے تيس ہزار کو چوکنا رہنے کا کہا گيا ہے۔

[pullquote]وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جشن[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر تقریر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن منایا۔ گزشتہ روز عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور مسلسل محاصرے اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث کشمیر یوں کو درپیش مصائب و مشکلات کو بھر پور اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جیسے ہی وزیراعظم عمران خان کی تقریر ختم ہوئی تو بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو اور سخت سیکیورٹی کے باوجود مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں کشمیری گھروں سے نکل آئے۔کشمیری عوام نے بھر پور جشن منایا، پٹاخے بھی چلائے اور خوشی سے رقص بھی کیا، اس موقع پر لوگوں نے پاکستان اور آزادی کے حق میں جبکہ بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

[pullquote]صدارتی انتخابات کے موقع پر دھماکے، دو افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان ميں صدارتی انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں ميں حملے بھی جاری ہيں۔ ان حملوں ميں مجموعی طور پر دو افراد ہلاک اور سترہ ديگر کے زخمی ہونے کی تصديق کی جا چکی ہے۔ ننگرہار ميں پولنگ اسٹيشن کے طور پر استعمال ہونے والے ايک اسکول ميں دھماکے کے نتيجے ميں ايک شخص جاں بحق اور تين ديگر زخمی ہو گئے۔ قندھار ميں ايک پولنگ اسٹيشن کے قریب دھماکے کے نتیجے ميں چودہ افراد زخمی ہوئے۔ قندوز ميں راکٹ حملوں ميں ايک مبصر مارا گيا۔ کابل ميں بھی چند حملوں کی اطلاعات ہیں تاہم اب تک ان کے نتیجے ميں ہونے والے جانی يا مالی نقصانات کی اطلاعات دستياب نہيں۔

[pullquote]امريکی اسٹاک ایکسچینجز سے چينی کمپنيوں کا اخراج زير غور[/pullquote]

امريکی حکومت ملکی اسٹاک ايکسچينجز ميں رجسٹرڈ چينی کمپنيوں کو ‘ڈی لسٹ‘ يا خارج کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس معاملے سے واقفيت رکھنے والے تين مختلف ذرائع نے خبردار کيا ہے کہ يہ ايک بڑا اقدام ہو گا اور اس کے امريکا اور چين کے باہمی تجارتی تعلقات پر کافی سنگين اور منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ فی الحال اس بارے ميں حتمی فيصلہ نہيں کيا گيا ہے۔ رواں برس فروری کے اعداد و شمار کے مطابق امريکی اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ چينی کمپنيوں کی تعداد 156 ہے۔ اندازوں کے مطابق يہ اقدام سلامتی سے متعلق خدشات يا پھر تجارتی مذاکرات ميں سبقت حاصل کرنے کے ليے اٹھايا جا سکتا ہے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ ايک اور تنازعے کی زد ميں[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روسی اہلکاروں سے سن 2017 ميں ہونے والی ايک ملاقات ميں کہا تھا کہ وہ امريکی انتخابات ميں مبينہ روسی مداخلت کے بارے ميں بالکل فکر مند نہيں۔ اس بارے ميں واشنگٹن پوسٹ نے گزشتہ روز ايک رپورٹ شائع کی جس ميں يہ دعوی بھی کيا گيا ہے کہ صدر کے بيان کو عوامی سطح پر عام ہونے سے بچانے کے ليے اس ملاقات اور بيان کو قدرے خفيہ رکھا گيا تھا اور صرف چند ہی امريکی اہلکاروں کا اس کا پتہ تھا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے فی الحال اس رپورٹ پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں نئی سياحتی پاليسی پر عملدرآمد شروع[/pullquote]

سعودی عرب ميں احکامات جاری کيے گئے ہيں کہ عوامی مقامات پر ’غير مہذب، بد تميزی يا بد تہذيبی‘ کے زمرے ميں آنے والے عوامل کا ارتکاب کرنے والے افراد کو جرمانے کی سزائيں سنائی جا سکتی ہيں۔ ریاض حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر سیاحوں کے لیے ايسے انيس عوامل کی نشاندہی بھی کر دی ہے۔ جرمانے کی رقم پچاس ريال سے شروع ہوتی ہے اور زیادہ سے زیادہ جرمانہ چھ ہزار ريال ہے۔ يہ پيش رفت ايک ايسے موقع پر ہوئی ہے جب رياض حکومت نے غیر ملکی سياحوں کے ليے اپنے ملک کے دروازے کھول ديے ہيں اور اس ضمن ميں ويزوں کے اجراء کا عمل آج اٹھائيس ستمبر سے ہی شروع ہو رہا ہے۔

[pullquote]سفارت کار کی عيادت کے ليے اجازت مسترد، ايران کی امريکا پر تنقيد[/pullquote]

ايران نے اپنے وزير خارجہ کو ايک زير علاج ايرانی سفارت کار سے ملنے کی اجازت نہ ديے جانے پر امريکا کو تنقيد کا نشانہ بنايا ہے۔ نائب وزير خارجہ عباس عراقچی نے اسے ’غير انسانی‘ رويہ قرار ديا ہے۔ امريکی حکام نے ايرانی وزير خارجہ محمد جواد ظريف کو سفارت کار مجید تخت روانچی کی عيادت کے ليے نيو يارک کے ايک ہسپتال جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ امريکی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ايران ميں قيد امریکی شہری کی رہائی کے بعد ہی ظريف کو اپنے سفارت کار سے ملنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

[pullquote]رابرٹ موگابے کی آخری رسومات[/pullquote]

زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کو آج سخت سکيورٹی ميں ان کے آبائی علاقے ميں سپرد خاک کيا جا رہا ہے۔ موگابے کو برطرف کرنے والی انتظاميہ کے ساتھ تنازعے کے نتيجے ميں موگابے کے اہل خانہ نے تقریب کی نوعیت نجی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زمبابوے ميں عموماً آخری رسومات ميں بڑی تعداد ميں افراد شرکت کرنے کا رواج ہے ليکن افريقہ کے تاريخ ساز رہنما کی تدفين ميں آج صرف قريبی اہل خانہ شريک ہيں۔

[pullquote]تھوماس کک کے متاثرہ مسافروں کی برطانيہ واپسی جاری[/pullquote]

برطانوی ايوی ايشن ريگوليٹر نے اعلان کيا ہے کہ آج بروز ہفتہ ’تھوماس کک‘ نامی کمپنی کی وجہ سے دیگر ممالک ميں پھنسے ہوئے 16,700 مزيد مسافروں کو 76 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لايا جا رہا ہے۔ سول ايوی ايشن اتھارٹی کے مطابق اب تک نصف سے زائد متاثرہ مسافروں کو وطن واپس لايا جا چکا ہے۔ قبل ازيں اسی ہفتے سیاحتی صنعت کی پہچان اور دنیا کی سب سے پرانی اور بڑی برطانوی کمپنی تھومس کُک دیوالیہ ہو گئی تھی۔ نتيجتاً کمپنی کی تمام پروازیں اور سیاحتی منصوبے منسوخ کر دیے گئے تھے اور لاکھوں افراد اس پيش رفت سے متاثر ہوئے۔

[pullquote]روہنگيا بحران علاقائی بحران بنتا جا رہا ہے، بنگلہ ديش[/pullquote]

بنگلہ ديشی وزير اعظم شيخ حسينہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس ميں اپنے خطاب کے دوران عالمی برادری سے اپيل کی ہے کہ روہنگيا مہاجرين اور ان کی وجہ سے ڈھاکا حکومت کو درپيش مسائل کو سمجھا جائے۔ ان کے بقول روہنگيا بحران اب ايک علاقائی بحران بنتا جا رہا ہے۔ شيخ حسينہ کے مطابق صحت اور سکيورٹی اس وقت سب سے بڑے مسائل ہيں۔ اپنی تقرير ميں بنگلہ ديشی وزير اعظم نے ايک قرارداد کی تجويز بھی پيش کی، جس کے تحت ميانمار کی حکومت اور عالمی برادری مہاجرين کی محفوظ واپسی کو يقينی بنائے۔

[pullquote]برطانوی وزير اعظم کے خلاف مالی بدعنوانی کی تحقيقات[/pullquote]

برطانوی وزير اعظم بورس جانسن کے خلاف مالی بدعنوانی کی تحقيقات جاری ہيں۔ ايک امريکی کاروباری خاتون کے ساتھ ان کے روابط کا معاملہ ايک پوليس واچ ڈاگ کے حوالے کر ديا گيا ہے۔ قبل ازيں سنڈے ٹائمز ميں چھپنے والی ايک رپورٹ ميں الزام عائد کیا گيا تھا کہ جانسن کے جينيفر آرکوری کے ساتھ تعلقات ميں ممکنہ طور پر ذاتی مالی مفاد کا عنصر شامل ہو سکتا ہے۔ يہ اس وقت کی بات ہے جب جانسن لندن کے ميئر تھے۔ آرکوری کی کمپنی کو ميئر کے دفتر کی طرف سے اسپانسرشپ کے دو گرانٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

[pullquote]بھارت ميں شديد بارشيں، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی حکومت کی ايک اہلکار نے بتايا کہ رواں ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کے سبب ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اکسٹھ ہو گئی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے بھارتی محکمے سے وابستہ سندھيا کوريل کے مطابق زيادہ تر ہلاکتيں اتر پرديش ميں ہوئيں۔ مون سون کی شديد بارشوں کے سبب اس سال بھارت، نيپال اور بنگلہ ديش ميں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اب تک ساڑھے تين سو سے زائد ہو چکی ہے۔

[pullquote]انڈونيشيا: خونريز زلزلے اور سونامی کا ايک برس مکمل[/pullquote]

انڈونيشيا ميں گزشتہ برس آنے والے طاقت ور زلزلے اور سونامی کے سبب ہلاک ہونے والوں کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ پچھلے سال اسی روز ريکٹر اسکيل پر سات اعشايہ پانچ کی شدت کا زلزلہ اور اس کے نتیجے میں سونامی کے سبب پالو شہر ميں چار ہزار سے زائد افراد ہلاک يا لاپتا ہو گئے تھے۔ اس قدرتی آفت سے متاثرہ ساٹھ ہزار افراد آج بھی کيمپوں ميں وقت گزار رہے ہيں۔ ملک بھر ميں آج مختلف مقامات پر دعائيہ تقاريب جاری ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے