جمعہ : 04 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور افغان طالبان کے درمیان رابطہ[/pullquote]

پاکستان میں افغان طالبان کے ایک اعلیٰ وفد نے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کے ساتھ اسلام آباد میں ایک ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات صدر ٹرمپ کے طالبان سے امن مذاکرات کی معطلی کے اعلان کے بعد اطراف کا پہلا مکالمتی رابطہ تھا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق دو مختلف لیکن انتہائی قابل اعتماد ذرائع نے تصدیق کر دی ہے کہ اسلام آباد میں مقیم افغان طالبان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات تین اکتوبر کو پاکستانی دارالحکومت ہی میں موجود امریکا کے خصوصی مذاکراتی نمائندے زلمے خلیل زاد کے ساتھ ایک ملاقات کی۔ افغان طالبان کا یہ وفد دو دن پہلے بدھ کو پاکستان پہنچا تھا۔ خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد بھی ان دنوں اسلام آباد ہی میں ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادر کر رہے ہیں۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات کے جرمن فوجی سامان کی فراہمی[/pullquote]

جرمن حکومت خلیجی ریاست متحدہ عرب امارت کو فوجی سامان فراہم کرے گی۔ اس فیصلے کی منظوری جرمنی کی فیڈرل سکیورٹی کونسل نے اپنے ایک حالیہ اجلاس میں دی ہے۔ اس کونسل کی سربراہ چانسلر انگیلا میرکل ہیں۔ اس منظوری کے بعد یو اے ای کی فوج کے زیر استعمال ایئر ڈیفنس سسٹم کے لیے جنریٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ یمن کی جنگ میں متحدہ عرب امارات، اُس عسکری اتحاد میں شامل ہے جو سعودی عرب نے قائم کر رکھا ہے۔ جرمن سیاسی و سماجی حلقوں نے برلن حکومت کے فیصلے کو متنازعہ قرار دیا ہے۔

[pullquote]بھارت کا اپنا ہی فوجی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا انکشاف[/pullquote]

بھارتی ایئر فورس کے نئے سربراہ ایئر چیف مارشل راکیش سنگھ بادُوریا نے کہا ہے کہ رواں برس ستائیس فروری کو ایئر فورس نے ایک ملکی ہیلی کاپٹر کو مارگرایا تھا۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کو ایک سنگین غلطی قرار دیا اور یہ بھی بتایا کہ اس میں ملوث دو افسران کو سنگین انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔ جمعہ چار اکتوبر کو ایئر چیف بادُوریا نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر مار گرانے کی داخلی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔ بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایم آئی سترہ (Mi 17) ہیلی کاپٹر کو زمین سے میزائل سے اتفاقاً نشانہ بنا دیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمن مشین صنعت کی ترسیلات میں مزید کمی[/pullquote]

جرمنی کی مشین ساز کمپنیوں کو رواں برس اگست میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں سپلائی آرڈرز میں سترہ فیصد کی کمی ہوئی تھی۔ جرمن مکینیکل انجینیئرنگ انڈسٹری ایسی سی ایشن (VDMA) کے مطابق مشنیوں اور آلات کی اندرونی ملک فراہمی کے آرڈرز میں کمی بارہ فیصد اور بیرون ممالک سے یہ کمی انیس فیصد رہی تھی۔ اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگلے مہینوں میں صورت حال میں بہتری کا امکان کم ہے۔ جرمن انڈسٹری کو عالمی اقتصادی تنازعات اور بریگزٹ کی صورت حال کا سامنا ہے۔

[pullquote]عراقی مظاہروں کے پس پردہ اسرائیل ہے، سینیئر ایرانی عالم[/pullquote]

ایران کے ایک سینیئر مذہبی لیڈر نے کہا ہے کہ عراقی دارالحکومت کے پرتشدد مظاہروں کے پس پشت اسرائیلی ہاتھ تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل رواں مہینے کے دوران بڑی شیعہ مذہبی رسومات کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی آیت اللہ محمد امامی کاشانی کے مطابق کربلا میں منعقد ہونے والی عربئین کی مذہبی رسومات کو امریکا اور صیہونی ریاست نشانہ بنا کر وہاں جمع ہونے والے لاکھوں زائرین کے اجتماع میں گڑبڑ پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ عراق میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتیں چوالیس تک پہنچ گئی ہیں۔

[pullquote]جو بائیڈن اور اُن کے بیٹے کے خلاف چین بھی تفتیش کرے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تفتیشی عمل شروع کرے۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے ابھی تک چینی صدر سے براہ راست اس کا مطالبہ نہیں کیا لیکن انہیں تفتیش شروع کرنا چاہیے۔ ٹرمپ اس سے قبل یوکرائنی صدر وولوودومیر زیلنسکی سے بھی سابق امریکی نائب صدر اور اُن کے بیٹے کے خلاف تفتیشی عمل شروع کرنے کا کہہ چکے ہیں۔ اُن کی یوکرائن کے صدر کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فون گفتگو کی اطلاع ایک امریکی انٹیلیجنس اہلکار نے دی تھی۔ ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد امریکی ایوانِ نمائندگان میں ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے ابتدائی تفتیشی عمل شروع ہو چکا ہے

[pullquote]فیس بک نے سینکڑوں اکاؤنٹ ختم کر دیے[/pullquote]

فیس بک کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق ایسے سینکڑوں اکاؤنٹ ختم کر دیے گئے ہیں جنہیں مشرق وسطیٰ، افریقہ اور مشرق بعید میں فعال رکھا گیا تھا۔ سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ کے مطابق یہ اکاؤنٹ مربوط لیکن غیر مستند رویے رکھنے والے تین مختلف آپریشنز سے منسلک تھے جنہیں انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات، نائجیریا اور مصر سے جاری رکھا گیا تھا۔ فیس بک کے مطابق انڈونیشیا میں ایک سو سے زائد جعلی اکاؤنٹ بند کر دیے گئے، جو مشرقی صوبے پاپوا کی مبینہ آزادی کی تحریک کی حمایت یا مخالفت میں چلائے جا رہے تھے۔ مصر میں بند کیے گئے اکاؤنٹ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حمایت کرنے کے علاوہ قطر، ترکی، ایران اور یمن کے خلاف تنقیدی بیانات بھی شائع کرتے تھے۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر سے ملاقات ضرور کروں گا، جاپانی وزیر اعظم[/pullquote]

جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے اپنے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے تا کہ اُن کے ملک کے ایجنٹوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جاپانی باشندوں کے معاملے کو حل کیا جا سکے۔ آبے نے یہ بھی کہا کہ وہ چیئرمین کم جونگ اُن سے بغیر کسی پیشگی شرط کے ملاقات کا اردہ رکھتے ہیں۔ جاپانی وزیر اعظم نے یہ بات ملکی پارلیمنٹ کے نئے سیشن کے آغاز پر اپنی تقریر کے دوران کہی۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے رواں ہفتے کے دوران ایک ایسے بیلسٹک میزائل کا تجربہ بھی کیا، جسے ایک نئی آبدوز سے داغا گیا تھا۔

[pullquote]مظاہرین واپس اپنے گھروں کو لوٹ جائیں، عراقی وزیر اعظم[/pullquote]

عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے ملکی مظاہرین سے کہا ہے کہ اُن کے مطالبات سن لیے گئے ہیں اور اب وہ واپس اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔ اپنی ایک تقریر میں عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ مظاہروں کے تناظر میں سلامتی کے سخت اقدامات، جس میں کرفیو کا نفاذ بھی شامل ہے یقینی طور پر مشکل فیصلے تھے۔ عراقی دارالحکومت میں شدید مظاہروں کے تناظر میں منگل یکم اکتوبر سے کرفیو کا نفاذ جاری ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے استعمال کے ساتھ ساتھ فائرنگ بھی کی۔ اس فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تینتیس رہی جبکہ سینکڑوں مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔ مظاہرین کرپشن کے انسداد اور نوکریوں کی فراہمی کے مطالبے کر رہے ہیں۔

[pullquote]ترکی قبرص کے جغرافیائی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، قبرصی حکومت[/pullquote]

قبرصی حکومت نے کہا ہے کہ ترکی کا اُس کی سمندری حدود میں تیل کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھنا اُس کے جغرافیائی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ انٹرنیشنل قانون کے بھی منافی ہے۔ ترکی نے جنوبی قبرصی سمندری علاقے میں تیل کی تلاش کے لیے ایک بحری جہاز روانہ کر رکھا ہے۔ اسی علاقے میں یونانی قبرص نے اطالوی اور فرانسیسی کمپنیوں کو زیر سمندر تیل کی تلاش کے ٹھیکے دے رکھے ہیں۔ قبرص کے صدارتی دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں ترکی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تیل کی تلاش میں مصروف اپنے بحری جہاز کو واپس بلائے۔ اس بیان کے مطابق ترکی کا یہ اقدام یورپی یونین اور بین الاقوامی برادری کے مطالبات کو تسلیم نہ کرنے کے برابر ہے۔

[pullquote]جرمنی میں متعین امریکی سفیر سربیا اور کوسووو کے لیے خصوصی ایلچی مقرر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی میں متعین امریکی سفیر رچرڈ گرینل کو کوسووو اور سربیا کے درمیان امن مذاکرات کے لیے خصوصی ایلچی کی اضافی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے۔ گرینل جرمنی میں بدستور سفیر بھی رہیں گے۔ اُدھر امریکی میڈیا میں ایسے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ امریکی صدر رچرڈ گرینل کو اپنی انتظامیہ کا حصہ بنانے سے متعلق مشاورت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہیں جان بولٹن کی برخاستگی کے بعد قومی سلامتی کا مشیر بنانے پر بھی غور کیا گیا تھا۔ امریکی سفیر گرینل اپنی برلن میں تعیناتی کے دوران میرکل حکومت پر کئی مرتبہ سخت تنقید کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے