اتوار : 06 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 105 ہوگئی[/pullquote]

عراق میں معاشی بدحالی، بدعنوانی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت آگئی ہے اور 6 روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 105 تک جاپہنچی ہے۔عراقی دارالحکومت بغداد میں تازہ خونریزی کے نتیجے میں مزید اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ طبی ذرائع نے اتور کو بتایا کہ گزشتہ رات حکومت مخالف مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ گزشتہ منگل سے شروع ہونے والے ان مظاہروں کے دوران ہلاک شدگان کی تعداد ايک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادھر وزیر اعظم نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے سترہ نکاتی ایک اصلاحاتی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد اتوار کے دن مظاہروں کی شدت میں کمی نوٹ کی گئی ہے۔ یہ مظاہرین بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں مظاہروں کا سلسلہ جاری[/pullquote]

ہانک کانگ میں آج بروز اتوار ہزاروں افراد نے حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کی۔ حکومت کی طرف سے مظاہرین کے ماسک پہننے پر پابندی عائد کرنے پر اس احتجاج میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل برسائے اور جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ بارش اور خراب موسم کے باوجود اتوار کے دن ہانگ کانگ کی سڑکوں پر مظاہرین کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ چین کے اس نیم خود مختار علاقے کی سربراہ کیری ليم نے کہا ہے کہ وہ ان مظاہروں کی وجہ سے اقتصادی ترقی کو متاثر نہیں ہونے دیں گی۔

[pullquote]اسرائیل کی ہمسایہ عرب ریاستوں سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش[/pullquote]

اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ وہ ایسی خلیجی ریاستوں کے ساتھ ’عدم جارحیت‘ کا ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، جو اسرائیل کو بطور یہودی ریاست تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیل مستقبل میں امن مذاکرات میں اہم کردار ادا کر سکے گی۔ اس منصوبے کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم اس پیشرفت کو ہمسایہ عرب ریاستوں سے تعلقات بہتر بنانے کی ایک اور اسرائیلی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ متعدد عرب ریاستوں کے اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ سفارتی روابط نہیں ہیں۔

[pullquote]تیل کی برآمد جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، ایرانی وزیر[/pullquote]

ایرانی وزیر برائے تیل بیجان نمدار زنغنہ نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے آگے جھکے بغیر ملکی تیل کی برآمد کو بڑھانے کی کوشش جاری رہے گی۔ اتوار کے دن ایک وزارتی بیان میں زنغنہ کے حوالے سے کہا گیا کہ ایران اپنے قانونی حق سے دستبردار نہیں ہو گا اور تیل برآمد کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔ گزشتہ نومبر میں امریکی پابندیوں کی بحالی کے بعد ایرانی تیل کی برآمد میں 80 فیصد کمی پیدا ہو چکی ہے۔ امریکا کی طرف سے سن دو ہزار پندرہ میں عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد واشنگٹن اور تہران حکومتوں کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔

[pullquote]امریکی شہر کنسانس میں شوٹنگ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی شہر کنساس کے ایک بار میں شوٹنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات ایک مسلح شخص ایک بار میں داخل ہوا اور اس نے بلا تخصیص فائرنگ شروع کر دی۔ اس کارروائی کی وجہ سے چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ شدید زخمی ہوئے۔ فوری طور پر کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے اور یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ آیا حملہ آور صرف ایک شخص تھا۔

[pullquote]امریکی سینیٹر کو کشمیر جانے کی اجازت نہ ملی[/pullquote]

ایک امریکی سینیٹر اور ایک معروف بھارتی سرگرم کار کن کو بھارت کے زیر اتتظام کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ امریکی سینیٹر کرس فان ہولن کے مطابق بھارتی حکومت نےکشمیر کا دورہ کرنے کی ان کی درخواست رد کر دی ہے۔ وہ امریکی کانگریس کے اس وفد کا حصہ ہیں، جو تجارت اور دیگر معاملات کے حوالے سے بھارت کے دورے پر ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اس سینیٹر نے مزید کہا کہ واشنگٹن حکومت بہت سنجیدگی سے کشمیر میں انسانی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مواصلاتی رابطوں پر پابندی تیسرے ماہ میں داخل ہو گئی ہے۔

[pullquote]مالٹا ڈیکلریشن اہم ہے، یورپی کمیشن[/pullquote]

یورپی یونین کے اہم ممالک جرمنی، فرانس اور اٹلی کے ساتھ مالٹا نے سمندروں سے بچائے جانے والے مہاجرین کو یورپی ممالک میں تقسیم کرنے کا ایک ضابطہ تیار کیا ہے۔ منگل کے دن لکسمبرگ میں یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کی ایک ملاقات میں اس منصوبے پر غور کیا جائے گا۔ تاہم ابھی تک واضح نہیں کہ کتنے ممالک رواں ماہ طے پانے والے مالٹا ڈیکلریشن پر دستخط کریں گے۔ یورپی کمیشن نے اس منصوبے کو اہم قرار دیا ہے کیونکہ ابھی تک اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا کہ سمندروں سے بچائے جانے والے مہاجرین کو کون سے ممالک پناہ دیں گے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، امریکا[/pullquote]

شمالی کوریا کے اعلیٰ مذاکرات کار نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ سویڈین میں امریکی مندوبین سے مذاکراتی عمل کے بعد کم میونگ گِل نے ہفتے کے رات گئے کہا کہ امریکا ’اپنا پرانا موقف اور رویہ تبدیل کرنے پر رضامند نہیں ہے‘۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں اس کی ذمہ داری واشنگٹن حکومت پر عائد کر دی۔ تاہم امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق یہ مذاکراتی عمل ناکام نہیں ہوا ہے بلکہ مذاکرات اچھے ماحول میں ہوئے۔ مورگن اورٹاگس نے کہا کہ جوہری مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے۔

[pullquote]پرتگال میں الیکشن، حکمران سیاسی جماعت ’پی ایس‘ فیورٹ[/pullquote]

یورپی ملک پرتگال میں آج بروز اتوار پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق حکمران سوشلسٹ ایک مرتبہ پھر واضح کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم انٹونیو کوسٹا کی اقلیتی حکومت نے سن دو ہزار پندرہ میں اقتدار سنبھالا تھا، جس کے بعد سے ملک میں اقتصادی صورتحال بہتر ہوئی۔ کوسٹا کی سیاسی پارٹی ’پی ایس‘ بائیں بازو کی کئی چھوٹی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے میں بھی کامیاب ہوئی ہے، جو اس کی ممکنہ جیت کا باعث ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 10.8 ملین اہل ووٹرز اس الیکشن میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

[pullquote]عراق میں خونریزی، اقوام متحدہ کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ نے عراق میں جاری خونریزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ فریقین فوری طور پر تشدد کا راستہ ترک کر دیں۔ مشرق وسطیٰ کے اس ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں ایک سو کے قریب افراد مارے جا چکے ہیں۔ گزشتہ منگل سے بغداد میں سینکڑوں مظاہرین بدعنوانی، بے روزگاری، بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر حکومت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ اسی دوران کئی مقامات پر سکیورٹی فورسز نے طاقت کا ناجائز استعمال کیا۔ وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں گھروں کو لوٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

[pullquote]کوسووو میں نئی پارلیمان کا انتخاب[/pullquote]

کوسووو میں آج بروز اتوار نئی پارلیمان کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 1.9 ملین اہل ووٹرز پارلیمان کے ایک سو بیس اراکین کا انتخاب کریں گے۔ اس الیکشن کا اہتمام ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم نے ہیگ میں واقع عالمی فوجداری عدالت کی اس اپیل کے بعد جولائی میں استعفی دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی حکومت سن انیس سو اٹھانوے اور ننانوے کی جنگ کے دوران اور بعد میں سرب نسلی گروہوں کے خلاف ہونے والے مبینہ جنگی جرائم کا جواب دے۔ اس الیکشن سے قبل کوسووو میں کئی حلقوں نے سربیا کے ساتھ معمول کی تعلقات بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

[pullquote]روی چندر ایشون نے مرلی دھرن کا ریکارڈ برابر کر دیا[/pullquote]

بھارتی آف اسپنر روی چندر ایشون بھی ٹیسٹ کرکٹ میں ساڑھے تین سو وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔ بھارتی شہر وشا کھا پٹنم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انہوں نے تھیونس دی براؤن کو آؤٹ کر کے مایہ ناز آف سپنر مرلی دھرن کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ ایشون اور مرلی دھرن دونوں نے اپنے اپنے چھیاسٹھویں میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ قبل ازیں نومبر 2017ء میں ایشون نے چون ٹیسٹ میچوں میں تین سو وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلوی فاسٹ بولر ڈینس للی کا کم ترین میچوں میں تین سو وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے