بدھ : 09 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال اسلام میں منع ہے، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی کوئی جوہری ہتھیار بنانے یا بنانے کے بعد اس کے ممکنہ استعمال کی کوئی خواہش نہیں کی۔ خامنہ ای نے بدھ کے روز کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال اسلام میں منع ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن سے نشر ہونے والے علی خامنہ ای کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایٹمی اسلحہ تیار کرنا اور اسے ذخیرہ کرنا مذہبی طور پر حرام ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے بقول ایران کے پاس جوہری ٹیکنالوجی تو ہے لیکن اس نے خود کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہمیشہ دور ہی رکھا ہے۔ تہران حکومت اپنے خلاف ان الزامات کو ہمیشہ مسترد کرتی آئی ہے کہ اس نے کبھی کوئی ایٹم بم بنانے کی کوشش یا خواہش کی تھی۔

[pullquote]مشرق وسطیٰ میں جانا امریکی تاریخ کا بدترین فیصلہ تھا، ٹرمپ کا اعتراف[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جانا امریکی تاریخ کا بدترین فیصلہ تھا، مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کی غلط اطلاعات پر گئے جبکہ وہاں ایسے ہتھیار نہیں تھے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو مشرق وسطیٰ میں نہیں جانا چاہیے تھا، امریکا نے مشرق وسطیٰ میں 80کھرب ڈالر خرچ کیے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں امریکی فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے، دوسری طرف کے بھی لاکھوں لوگ مارے گئے، شام سے اپنے 50 فوجی اہلکاروں کو نکال لیا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ یورپ نے جن داعش جنگجوؤں کو واپس لینے سے انکار کر دیا ہے ترکی ان پر قابو پائے، ہم اب اپنے عظیم فوجیوں کو محفوظ طریقے سے گھر واپس لا رہے ہیں۔

[pullquote]جرمن شہر ہالے میں فائرنگ: دو افراد ہلاک، ملزمان میں سے ایک گرفتار[/pullquote]

جرمن شہر ہالے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد مارے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ ایک سے زیادہ ملزمان نے کی، جو ایک گاڑی میں سوار تھے۔ وفاقی جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ میں ایک سڑک پر فائرنگ کا یہ واقعہ آج بدھ کی دوپہر پیش آیا۔ اس واقعے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں۔ کثیر الاشاعت جرمن اخبار ’بلڈ‘ نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ جرمنی کے اس مشرقی شہر میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایک یہودی عبادت گاہ کے سامنے پیش آیا۔ دیگر رپورٹوں کے مطابق اس فائرنگ کے بعد یہودیوں کے ایک مقامی قبرستان میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ تازہ رپورٹوں کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ موقع سے فرار ہو جانے والے ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]بریگزٹ ایک المیہ، اسے کم سے کم تکلیف دہ ہونا چاہیے، ڈچ وزیر خزانہ[/pullquote]

ہالینڈ کے وزیر خزانہ ووپکے ہوئکسترا نے کہا ہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین سے آئندہ اخراج ایک المیہ ہے اور اسے کم سے کم تکلیف دہ ہونا چاہیے۔ ہوئکسترا نے آج بدھ کے روز کہا کہ یورپی اتحاد کے عمل کے حوالے سے بریگزٹ کسی المیے سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن اور برسلز کے لیے لازمی ہے کہ وہ بریگزٹ کی نرم ترین شرائط کے سلسلے میں کسی اتفاق رائے تک پہنچیں۔ ڈچ وزیر نے لکسمبرگ میں یورو زون کے وزرائے خزانہ کے ایک اجلاس کے حاشیے پر صحافیوں کو بتایا کہ بہترین بریگزٹ صرف نرم ترین شرائط والا بریگزٹ ہی ہو سکتا ہے۔ ادھر بریگزٹ کے لیے یورپی یونین کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار میشل بارنیئر نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ معاہدہ انتہائی مشکل لیکن اب بھی ممکن ہے۔

[pullquote]شمالی شام میں فوجی آپریشن: متعلقہ ممالک کو مطلع کریں گے، ترک وزیر خارجہ[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے کہا ہے کہ شمال مشرقی شام میں متوقع ترک فوجی آپریشن کے بارے میں تمام ضروری اور متعلقہ ممالک کو مطلع کیا جائے گا۔ انہوں نے آج بدھ کے روز کہا کہ اس فوجی آپریشن کی اطلاع دمشق میں شامی حکومت کو بھی دی جائے گی۔ قبل ازیں آج ہی ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک قریبی ساتھی نے کہا تھا کہ ترک فوجی دستے شامی باغیوں کے گروپ فری سیریئن آرمی کے ساتھ جلد ہی سرحد عبور کر کے شمالی شام میں داخل ہو جائیں گے۔ اس ممکنہ فوجی آپریشن سے چند روز پہلے امریکا نے شمالی شام سے اپنے فوجی دستوں کے اچانک انخلاء کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]یورپی سمٹ سے پہلے جرمن فرانسیسی سربراہی ملاقات آئندہ اتوار کو[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں آئندہ اتوار کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملیں گے۔ تیرہ اکتوبر کو ہونے والی اس سربراہی ملاقات میں یورپی یونین کی اگلی سمٹ سے پہلے مختلف نوعیت کے انتہائی اہم یورپی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یورپی یونین کے اب تک رکن تمام اٹھائیس ممالک کی ایک دو روزہ سربراہی کانفرنس برسلز میں سترہ اور اٹھارہ اکتوبر کو ہو گی۔ اس یورپی سمٹ میں بریگزٹ بھی اہم ترین موضوعات میں شامل ہو گا۔

[pullquote]چینی صدر کا دورہ بھارت، مودی سے غیر رسمی ملاقات چنئی میں ہو گی[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ اس ہفتے بھارت کے اپنے ایک دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے ایک غیر رسمی ملاقات کریں گے۔ نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ چینی صدر گیارہ اور بارہ اکتوبر کو بھارت کا دورہ کریں گے۔ دونوں ہمسایہ ممالک کی یہ سربراہی ملاقات ایک ایسے وقت پر ہو گی جب بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر سے متعلق نئی دہلی حکومت کے پانچ اگست کے اعلان کے بعد سے چینی بھارتی روابط میں تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس دورے کے دوران نئی دہلی اور بیجنگ کے مابین اور قریبی اشتراک عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

[pullquote]رکن ممالک کی طرف سے عدم ادائیگیاں، اقوام متحدہ کو مالی بحران کا سامنا[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کے مطابق اس عالمی ادارے کو مالیاتی مسائل کا سامنا ہے اور اسے دستیاب وسائل ختم ہوتے جا رہے ہیں۔ گوٹیرش نے اس کی وجہ عالمی ادارے کے رکن ممالک کی طرف سے مالی ادائیگیوں کے سلسلے میں کی جانے والی کوتاہیاں بتائی۔ گوٹیرش نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگلے ماہ کے اوائل میں اقوام متحدہ کے پاس اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھی رقوم نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو گزشتہ تقریباﹰایک عشرے کے دوران اپنے شدید ترین مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے لیے سب سے زیادہ مالی وسائل امریکا فراہم کرتا ہے، جس کے ذمے واجب الادا رقوم کی مالیت ایک بلین ڈالر سے زائد بنتی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کے مواخذے کے لیے چھان بین: وائٹ ہاؤس کا تعاون سے واضح انکار[/pullquote]

امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ مواخذے کے لیے جاری چھان بین کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس نے ملکی کانگریس سے کسی بھی قسم کے تعاون سے واضح انکار کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے وکیل نے ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ خاتون اسپیکر نینسی پلوسی کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ اپوزیشن کے ڈیموکریٹک ارکان کی طرف سے صدارتی مواخذے کی کارروائی کے آغاز کی کوئی آئینی بنیاد ہی نہیں ہے۔ ٹرمپ کے خلاف اس چھان بین کی بنیاد یہ الزامات ہیں کہ انہوں نے یوکرائن کے صدر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں ان سے سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف چھان بین کرنے کے لیے کہا تھا۔

[pullquote]اطالوی پارلیمان کے ارکان کی تعداد میں ایک تہائی کمی کا فیصلہ[/pullquote]

اطالوی پارلیمان نے بہت بڑی اکثریت سے اپنے ارکان کی تعداد میں واضح کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کمی کا اطلاق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر ہو گا۔ یہ منظوری ان آئینی اصلاحات کا حصہ ہے، جن کے مطابق روم میں ملکی پارلیمان کے ارکان کی تعداد میں آئندہ ایک تہائی کمی کر دی جائے گی۔ یوں ریاستی اخراجات میں سالانہ تقریباﹰ سو ملین یورو کی کمی بھی کی جا سکے گی۔ اس فیصلے کے تحت ایوان زیریں کی ارکان کی تعداد مستقبل میں چھ سو تیس کے بجائے چار سو ہو گی جبکہ ایوان بالا یا سینیٹ کے ارکان کی تعداد بھی تین سو پندرہ سے کم کر کے دو سو کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ موجودہ مخلوط حکومت میں شامل عوامیت پسند جماعت، فائیو سٹار موومنٹ کا ایک انتخابی وعدہ تھا۔

[pullquote]ایغور مسلم اقلیت کے حقوق کی خلاف ورزی، امریکا نے چینی افسران پر پابندیاں لگا دیں[/pullquote]

امریکا نے چینی صوبے سنکیانگ میں ایغور مسلم اقلیت کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں چین کے کئی سرکاری اہلکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے تاہم ان چینی افسران کے نام نہیں بتائے۔ اس سے قبل امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے چین کے اٹھائیس سرکاری اور کاروباری اداروں کو بھی بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا۔ بیجنگ حکومت نے ان پابندیوں کو بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کا نام دیا ہے۔ ساتھ ہی چین نے بھی امریکا پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔

[pullquote]ترک فوج شامی باغی فورسز کے ساتھ جلد ہی شام میں داخل ہو جائے گی، ترک اہلکار[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک قریبی ساتھی نے کہا ہے کہ ترک فوجی دستے شامی باغیوں کے گروپ فری سیریئن آرمی کے ساتھ جلد ہی سرحد عبور کر کے شمالی شام میں داخل ہو جائیں گے۔ یہ پیش رفت شام کے شمالی حصے سے امریکی فورسز کے غیر متوقع انخلاء کے بعد سامنے آئی ہے۔ صدر ایردوآن کے قریبی مشیر فخرالدین التُون نے کرد ملیشیا وائی پی جی کے جنگجوؤں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس ملیشیا سے الگ ہو جائیں ورنہ انقرہ حکومت انہیں داعش کے خلاف مسلح کارروائی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔

[pullquote]ایکواڈور میں بدامنی کے بعد رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا[/pullquote]

ایکواڈور کے صدر لینن مورینو نے شدید بدامنی کے واقعات کے باعث رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ اس کرفیو کا اطلاق اہم سرکاری اور عوامی عمارات اور ان کے گرد و نواح پر ہو گا۔ اس صدارتی فیصلے سے قبل ملکی دارالحکومت کِیٹو میں پارلیمان کے سامنے حکومت مخالف مظاہرین اور پولیس کے مابین ایک بار پھر شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس دوران مظاہرین کچھ دیر کے لیے قومی پارلیمان کی عمارت میں بھی گھس گئے تھے، جو اس وقت خالی تھی۔ اس جنوبی امریکی ملک میں گزشتہ کئی دنوں سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور پیٹرول پر سرکاری سبسڈی کے خاتمے کے خلاف عوامی مظاہرے جاری ہیں۔

[pullquote]جرمنی کی دیگر ممالک کے ساتھ مقابلے کی اہلیت میں کمی[/pullquote]

دنیا کی بڑی معیشتوں میں شمار ہونے والے ملک جرمنی کی دیگر بڑے ممالک کے ساتھ اقتصادی مسابقت کی اہلیت میں ماضی کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی جاری کردہ ایک نئی فہرست کے مطابق جرمنی اقتصادی مقابلے کی اہلیت میں پہلے تیسرے نمبر پر تھا، لیکن اب ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ نئی فہرست میں ہانگ کانگ، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ اور جاپان اب جرمنی سے آگے ہیں۔ اس لسٹ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر سنگاپور اور امریکا ہیں۔ کانگو، یمن اور چاڈ کے نام سب سے آخر میں آتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے