ہفتہ : 12 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نيو يارک ميں فائرنگ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

امريکی شہر نيو يارک ميں فائرنگ کے ايک واقعے ميں کم از کم چار افراد ہلاک اور تين ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ نيو يارک پوليس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتايا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کے قريب پوليس کو فائرنگ کی اطلاع ملی اور جب حکام جائے وقوعہ پر پہنچے، تو وہاں چار افراد مردہ پائے گئے۔ ہلاک شدگان سب ہی مرد تھے۔ فائرنگ کا يہ واقعہ بروکلن کے علاقے ميں پيش آيا۔ فی الحال کسی کو حراست ميں نہيں ليا گيا ہے۔

[pullquote]مودی اور شی کی ملاقات: سرحدی تنازعے اور تجارت پر بحث[/pullquote]

بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے چينی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنی ملاقات کو دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات ميں ايک نئے باب کے آغاز سے تعبير کيا ہے۔ چينی صدر بھارت کے دو روزہ دورے پر ہيں جو آج ختم ہو رہا ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ وہ تعلقات ميں بہتری کے ليے پيش کردہ تجاويز پر غور کريں گے۔ ساحلی شہر ماملاپورم ميں نريندر مودی اور شی جن پنگ نے جمعے کو بھی آپس میں بات چيت کی تھی۔ امکان ظاہر کيا گيا ہے کہ اعتماد بحال کرنے کے ليے دونوں ممالک مشترکہ سرحد پر بھی اقدامات کریں گے۔ چينی صدر اپنے دو روزہ دورہ بھارت کے بعد آج ہفتے کو ہی نيپال روانہ ہو رہے ہيں۔

[pullquote]چين اور امريکا کی ’تجارتی جنگ‘ ختم ہوتی ہوئی[/pullquote]

امريکا نے ڈھائی سو بلين ڈالر ماليت کی چينی درآمدات پر اضافی محصولات معطل کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ يہ اضافی محصولات آئندہ منگل سے لاگو ہونا تھے۔ دوسری جانب چين نے بھی چاليس سے پچاس بلين ڈالر ماليت کی امريکی زرعی مصنوعات خريدنے کی حامی بھری ہے۔ يوں دنيا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے مابين گزشتہ پندرہ ماہ سے جاری کشيدگی اور ’تجارتی جنگ‘ ميں اب کمی آتی دکھائی دے رہی ہے۔ يہ پيش رفت جمعرات اور جمعے کو واشنگٹن ميں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ مزيد سنجيدہ معاملات آئندہ مذاکراتی مراحل ميں زير بحث آئيں گے۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمير ميں موبائل فون سروس کی بحالی کا اعلان[/pullquote]

بھارتی حکومت نے اپنے زير انتظام کشمیر میں زیادہ تر موبائل فون رابطوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی ترجمان روہت کنسال نے آج ہفتے کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد موبائل فون سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتايا کہ تمام موبائل فون سروسز پیر سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر سے بحال کر دی جائیں گی۔ کنسال نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق کشمیر کے تمام اضلاع پر ہو گا۔ نئی دہلی حکومت کی جانب سے اس خطے کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے مواصلاتی رابطوں پر پابندی عائد تھی۔

[pullquote]افغان سکيورٹی دستوں کی کارروائی، قندوز ميں ایک ضلع پر دوبارہ قبضہ[/pullquote]

افغان سکيورٹی دستوں نے شمالی صوبے قندوز کے ايک ضلع کو طالبان سے آزاد کرا ليا ہے۔ دشت آرچی نامی اس ضلع کا کنٹرول حاصل کرنے کے ليے فوجی آپريشن جمعے کی سہ پہر ختم ہوا تاہم اس کی اطلاع ہفتے کی صبح دی گئی۔ ملکی وزارت دفاع کے نائب ترجمان نے اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے۔ اس عسکری آپريشن ميں کم از کم چار فوجی زخمی ہوئے۔ طالبان نے تقريباﹰ تين ہفتے قبل اس ضلع پر قبضہ کر ليا تھا۔

[pullquote]آئل ٹينکر پر حملہ ’بزدلانہ کارروائی‘ ہے، ايران[/pullquote]

ايرانی حکومت کے ايک ترجمان علی رابعی نے ايک ايرانی آئل ٹينکر پر مبينہ حملے کو ’بزدلانہ کارروائی‘ قرار ديا ہے۔ رابعی کے مطابق ان کا ملک جلد بازی ميں کوئی قدم نہيں اٹھا رہا بلکہ اس معاملے کی تحقيقات پر توجہ دی جا رہی ہے اور اس کے بعد ہی کوئی رد عمل سامنے آئے گا۔ ’ثابتی‘ نامی اس ايرانی آئل ٹينکر پر بحيرہ احمر ميں جمعے کو مبينہ طور پر ایک حملہ کيا گيا تھا۔ اس حملے کا دعویٰ صرف ايرانی ميڈيا نے ہی کيا جبکہ فی الحال آزاد ذرائع سے اس کی تصديق نہيں ہو سکی۔

[pullquote]ہالے حملے کے بعد جرمنی ميں اے ايف ڈی کی حمايت ميں کمی[/pullquote]

جرمن شہر ہالے ميں ايک يہودی عبادت گاہ پر ناکام حملے کے بعد جرمنی ميں انتہائی دائيں بازو کی سياسی جماعت اے ایف ڈی کی حمايت ميں کمی دیکھی گئی ہے۔ جرمن نشرياتی ادارے آر ٹی ايل کے ايک سروے ميں جمعرات کے روز ڈھائی ہزار شہريوں سے ان کی رائے معلوم کی گئی۔ صرف گيارہ فيصد نے اس جماعت کی حمايت کی جبکہ ہالے ميں ناکام حملے اور فائرنگ کے واقعے سے قبل يہ تعداد تيرہ فيصد تھی۔ عبادت گاہ کا دروازہ نہ کھلنے پر حملہ آور نے قریب ہی دو مقامات پر فائرنگ کر کے دو افراد ہلاک کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ حملہ آور انتہائی دائيں بازو کی سوچ اور سامیت دشمنی کے جذبات کا حامل ہے۔

[pullquote]طاقتور سمندری طوفان جاپانی ساحلوں سے ٹکرا گيا[/pullquote]

جاپانی دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقے ’ہاگيبِس‘ نامی طاقت ور سمندری طوفان کی زد ميں ہيں۔ اس طوفان کی آمد سے قبل ايک ملين شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانے کی ہدايت کر دی گئی تھی۔ پيش گوئی ہے کہ اس طوفان کے باعث آج ہفتے کی شب ہونے والی شديد بارشیں اور تيز ہوائيں پچھلے ساٹھ برس کی شديد ترين بارشیں اور جھکڑ ثابت ہو سکتے ہيں۔ اس وجہ سے اب تک جاپان سے اڑنے والی سولہ سو مسافر پروازيں بھی متاثر ہو چکی ہيں۔ ٹوکيو اور ديگر شہروں کے زير زمين ریلوے سسٹم کے علاوہ بہت سی فيکٹرياں اور مارکیٹیں بھی بند ہیں۔ دريں اثناء ٹوکيو اور اس کے نواحی علاقوں ميں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کيے گئے۔

[pullquote]شمالی شام ميں ترک فوجی کارروائی میں درجنوں کرد جنگجو ہلاک[/pullquote]

شام ميں ترک افواج کی کارروائی کے نتيجے ميں ہلاک ہونے والے شامی کرد جنگجوؤں کی تعداد چوہتر ہو گئی ہے۔ ایسے زیادہ تر کرد جنگجو تل ابيض کے علاقے ميں مارے گئے۔ ہلاک شدگان کی تعداد کے حوالے سے یہ اعداد و شمار سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس نے ہفتے کے روز جاری کيے۔ ترک دستوں نے گزشتہ بدھ سے شمالی شام کے سرحدی علاقوں ميں کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف مسلح کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ دوسری جانب ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کيا ہے کہ شام ميں تازہ کشيدگی کے نتيجے ميں راس العين اور تل ابيض ميں اب تک ايک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہيں۔

[pullquote]شام ميں ترک افواج کی پيش قدمی جاری[/pullquote]

شام ميں ترک فوجی کارروائی کے دوران ترک دستوں کو امريکی حمايت يافتہ کردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود انقرہ حکومت کی جانب سے شامی سرحدی علاقوں ميں متعدد کرد ديہات پر قبضے کا دعویٰ کيا گيا ہے۔ جمعے کو ترک فوج کی شام ميں مسلح کارروائی کا تيسرا دن تھا۔ اسی دن شام ميں تعينات امريکی افواج کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کيا گيا کہ ايک چھوٹی امریکی فوجی چوکی ترک افواج کی گولہ باری کی زد ميں آ گئی۔ اس واقعے ميں کوئی امريکی فوجی ہلاک يا زخمی نہيں ہوا۔ ترک افواج کے مطابق امريکی چوکی ان کا ہدف نہيں تھی بلکہ فائرنگ اس کے قریب ايک عسکری ہدف پر کی گئی تھی۔

[pullquote]بوئنگ نے پائلٹوں سے معلومات چھپائے رکھیں، ایوی ایشن ماہرين[/pullquote]

ايوی ايشن ريگوليٹرز کا ايک بين الاقوامی پينل اس نتيجے پر پہنچا ہے کہ امريکی طيارہ ساز کمپنی بوئنگ نے دو حادثات کا شکار ہونے والے 737 Max طرز کے دو طیاروں کے بارے ميں اہم معلومات ريگوليٹرز اور پائلٹوں سے چھپائے رکھی تھیں۔ امريکا کی فيڈرل ايوی ايشن ايڈمنسٹريشن کے بارے ميں کہا گيا ہے کہ يہ ادارہ دو مختلف فضائی حادثات کا سبب بننے والی ’خود کار پائلٹ سسٹم‘ کی مرکزی خامی کو سمجھنے کے ليے درکار مہارت نہيں رکھتا۔ جمعے کو جاری کردہ اس رپورٹ ميں مستقبل ميں ایسے کسی بھی نئے طيارے کو پرواز کی اجازت دينے کے ليے بارہ تجاويز اور سفارشات بھی پيش کی گئی ہيں۔ 737 Max طرز کے طياروں کے دو حادثات ميں 346 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]بريگزٹ مذاکرات ميں پيش رفت کا امکان[/pullquote]

برطانوی وزير اعظم بورس جانسن آج ہفتہ کے روز ملکی پارليمان سے يہ درخواست کرنے والے ہيں کہ وہ آئندہ ہفتے يورپی سمٹ ميں بريگزٹ کے حوالے سے جو بھی ڈيل طے کريں، اس کی برطانوی پارليمان اگلے چوبيس گھنٹوں کے اندر اندر منظوری دے دے۔ يہ خبر آج ہفتے کو برطانوی اخبار’ ٹائمز‘ نے شائع کی۔ يورپی يونين کے رکن ممالک نے جمعے کو اس بات پر اتفاق کر لیا تھا کہ برطانيہ کے يونين سے اخراج کے معاملے کو آگے بڑھانے کے ليے لندن حکومت سے بات چيت کی جائے۔ آئندہ ہفتے سترہ اور اٹھارہ اکتوبر کو یورپی یونین کی ایک سمٹ ميں اس سلسلے میں کوئی حتمی ڈيل طے پا جانے کا امکان ہے۔

[pullquote]برطانوی شہرادہ وليم اور ان کی اہليہ چودہ اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے[/pullquote]

برطانوی شہزادہ وليم اور ان کی اہليہ کيٹ آئندہ ہفتے پاکستان کا چار روزہ دورہ کريں گے۔ پاکستانی وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے تصديق کی ہے کہ ڈیوک آف کيمبرج ولیم اور ڈچز آف کیمبرج کيٹ چودہ اکتوبر کو دارالحکومت اسلام آباد پہنچ رہے ہيں۔ قریشی کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے ان ارکان کے اس دورے سے دونوں ممالک کے روابط میں مزید بہتری آئے گی۔

[pullquote]عالمی ریکارڈ ہولڈر کِپچوگے کی ویانا میں حیران کن کارکردگی[/pullquote]

کینیا کے 34 سالہ ایتھلیٹ ایلئیود کِپچوگے نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہفتہ بارہ اکتوبر کو منعقدہ میراتھن ميں 42.2 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹے 59 منٹ اور 40 سیکنڈ میں طے کر کے یہ میراتھن جیت لی۔ کِپچوگے کسی بھی میراتھن میں اتنا طویل فاصلہ اتنے کم وقت میں طے کرنے والے اور دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں اپنی منزل پر پہنچنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ایلئیود کِپچوگے ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپک مقابلوں میں بھی فاتح رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے