دنیا کے سب سے بڑے تھری ڈی پرنٹر نے دیو قامت کشتی ’چھاپ‘ دی

واشنگٹن: گزشتہ ہفتے یونیورسٹی آف مین، امریکا کے ایڈوانسڈ اسٹرکچرز اینڈ کمپوزٹس سینٹر میں نصب، دنیا کے سب سے بڑے تھری ڈی پرنٹر سے صرف 72 گھنٹوں میں ایک بڑی کشتی تیار کرلی گئی جس کی لمبائی 25 فٹ ہے جبکہ وہ 5000 پونڈ (2.26 میٹرک ٹن) وزنی ہے۔

یہ محض دکھاوے کی کشتی نہیں بلکہ یہ مضبوط اور پائیدار بھی ہے جو سمندر کی تند و تیز اور بے رحم موجوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ علاوہ ازیں، یہ اب تک کسی بھی تھری ڈی پرنٹر سے تیار کی گئی، سب سے بڑی ساخت بھی ہے۔

اس کشتی کو ’’تھری ڈی اریگو‘‘ (3Dirigo) کا نام دیا گیا ہے جسے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں کی موجودگی میں ’’پرنٹ‘‘ کیا گیا۔ چند روز پہلے جب یہ کشتی پہلی بار عوامی نمائش کے لیے پیش کی گئی تو اس نے تین بڑے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے: اسے چھاپنے والے تھری ڈی پرنٹر کو دنیا کا سب سے بڑا تھری ڈی پرنٹر قرار دیا گیا؛ یہ کشتی تھری ڈی پرنٹر سے چھاپی گئی، دنیا کی سب سے بڑی ساخت بھی قرار پائی؛ اور ساتھ ہی ساتھ اسے دنیا کی سب سے بڑی تھری ڈی پرنٹڈ کشتی بھی تسلیم کیا گیا۔

’’تھری ڈی اریگو‘‘ کی مضبوطی اور پائیداری جانچنے کےلیے اسے یونیورسٹی آف مین کی ایلفونڈ ڈبلیو اسکوائر اوشن انجینئرنگ لیبارٹری میں مختلف طرح کی سخت آزمائشوں سے گزارا گیا جو کھلے سمندر کے حقیقی اور خطرناک ماحول جیسی تھیں۔ یہ کشتی ان تمام آزمائشوں میں کامیاب رہی۔

یونیورسٹی آف مین کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، اگر اس تھری ڈی پرنٹر کی انتہائی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں تو یہ 100 لمبی، 25 فٹ چوڑی اور 10 فٹ اونچی چیزیں تک پرنٹ کرسکے گا۔

اگرچہ اس تھری ڈی پرنٹر سے لے کر کشتی کی تیاری تک، تمام مراحل کی تکمیل میں امریکی حکومت نے سویلین بجٹ سے رقم فراہم کی تھی لیکن امریکی فوج اس میں زیادہ دلچسپی لے رہی ہے کیونکہ اس طرح کی ایجادات سے فوجی مقاصد کی سیکڑوں چیزیں بہت کم وقت میں اور بہت کم خرچ پر تیار کی جاسکیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے