بابری مسجد کیس: آل انڈیا مسلم بورڈ کا عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

آل انڈیا مسلم بورڈ نے بابری مسجد کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق آل انڈیا مسلم بورڈ نے متنازع زمین پر مسلمانوں کے دعوے کو مسترد کیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا جس میں عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی جائے گی۔

آل انڈیا مسلم بورڈ کے رکن سید قاسم الیاس کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں بظاہر کچھ پیچیدگیاں ہیں جس کے باعث اس پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کاکہنا ہےکہ کیس کے مرکزی فریق سنی وقف بورڈ نے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے خلاف نظرثانی اپیل نہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مسلم بورڈ فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا اہل نہیں: ہندو مہاسبھا
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا ہندو مہاسبھا کا کہنا ہےکہ آل انڈیا مسلم بورڈ ایودھیا کیس میں فریق نہیں اس لیے وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر نہیں کرسکتے۔

ہندو مہاسبھا کے رکن کا کہنا تھا کہ آل انڈیا مسلم بورڈ کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا عدالتی فیصلے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ سنی وقف بورڈ نے کرنا ہے کیونکہ اس معاملے میں صرف فریق ہی نظرثانی کی اپیل دائر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات سمجھ سے باہر ہےکہ آل انڈیا مسلم بورڈ کیسے عدالتی فیصلے میں پیچ و خم تلاش کررہا ہے، عدالت نے یہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت دیا جس میں سپریم کورٹ نے اس معاملے کے تمام پہلوؤں کو واضح کردیا اور عدالت نے فیصلہ کردیا ہےکہ متنازع زمین پر مسلمانوں کی کوئی ملکیت نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے