جمعرات : 21 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یہودی آبادکاری کے مسئلے پر اسرائیل کی حمایت میں امریکا تنہا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سکيورٹی کونسل نے مقبوضہ فلسطينی علاقوں ميں اسرائيلی آبادکاری سے متعلق امريکی پاليسی کی واضح اکثريت کے ساتھ مخالفت کی ہے۔ سلامتی کونسل کے پندرہ ميں سے چودہ ارکان نے فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ مشرقِ وسطی کے لیے خصوصی مندوب نکولے ملادينوو نے کہا کہ اس طرح کے يکطرفہ اقدامات بے يقينی صورتحال اور فلسطينيوں ميں غصے کا سبب بنتے ہيں۔

[pullquote]جرمنی، مسلمان آئمہ کی تربیت کا حکومتی پروگرام[/pullquote]

جرمن وزارت داخلہ نے اکیس نومبر سے مساجد میں نماز پڑھانے والے آئمہ کی خصوصی تربیت کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔ اس کا ایک مقصد غیرملکی آئمہ کو جرمن زبان کی تعلیم دینا بھی ہے۔ اس پروگرام کو ایک مذہبی تعلیم کی تنظیم نے مرتب کیا تھا لیکن اب اسے حکومتی سر پرستی حاصل ہو گئی ہے۔ جرمنی میں بیشتر مسلمان آئمہ کا تعلق ترکی سے ہے۔ جرمنی میں پینتالیس لاکھ مسلمان آباد ہیں اور ان میں تیس لاکھ ترک نژاد ہیں۔

[pullquote]اسرائیل: ایک سال میں تیسرے الیکشن کے امکانات[/pullquote]

اسرائیل میں اپوزیشن رہنما اور سابق آرمی چیف بینی گینٹس نے کہا ہے کہ ان کی طرف سے حکومت بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں، جس کے بعد اسرائیل میں نئے انتخابات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اسرائیلی صدر رووین ریولین نے بينجمن نیتن یاہو کی طرف سے حکومت بنانے میں ناکامی کے بعد ان کے سب سے بڑے حریف بینی گینٹس کو حکومت سازی کی دعوت دی تھی۔ اسرائیلی پارلیمان کے پاس اب اکیس دن ہیں، جس میں اسے نئے قائد ایوان کا فیصلہ کرنا ہے، بصورت دیگر ملک میں نئے انتخابات ناگزیر ہو جائیں گے۔

[pullquote]آسٹریلیا، جنگلاتی آگ سے چھہ ریاستیں متاثر[/pullquote]

آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ چھ ریاستوں کو متاثر کرنے کے بعد اب جزیرے تسمانیہ تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق آگ نے ملک کے مشرقی ساحل پر واقع نیو ساوتھ ویلز اور کوئینز لینڈ کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ ان علاقوں میں گزشتہ دو ہفتوں سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ آگ سڈنی کے قریب پہنچ چکی ہے۔ دھوئیں کی وجہ سے محکمہ صحت نے بچوں کو صرف ایمرجنسی کی صورت میں باہر کھلی فضا میں نکالنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مبینہ ایجنٹوں کا ٹرائل شروع[/pullquote]

جرمنی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مبینہ ایجنٹوں کا ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ پچاس سالہ منموہن اور اکاون سالہ کنول جيت پر جرمنی ميں سکھ اپوزيشن اور کشميری عليحدگی پسندوں کی جاسوسی کا شبہ ہے۔ منموہن نے جنوری سن 2015 ميں را کے ليے جاسوسی شروع کی تھی جبکہ ان کی اہلیہ کنول جيت نے جولائی سن 2017 سے يہ کام شروع کيا۔ جرمنی ميں شہری جاسوسی سنگين جرم ہے۔ الزامات ثابت ہونے پر بھارتی جوڑے کو دس سال قيد کی سزا ہوسکتی ہے۔

[pullquote]گوگل اور فیس بک انسانی حقوق کے لیے خطرہ قرار[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گوگل اور فیس بک جیسی بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کے کاروباری ماڈل کو انسانی حقوق کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ ایمنسٹی کا الزام ہے کہ یہ کمپنیاں بے لگام نگرانی اور ڈیٹا چوری کر کے شہریوں کی ذاتی معلومات جمع کر کے ان کے حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں۔ تنظیم نے یورپی یونین اور جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے قوانین وضع کریں تاکہ آئندہ نسلوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ایمنسٹی کے مطابق تقریباﹰ تین ارب افراد ہر مہینے فیس بک جبکہ دنیا میں نوے فیصد سے زائد انٹرنیٹ صارفین گوگل سرچ انجن استعمال کرتے ہیں۔

[pullquote]ایران میں انٹرنیٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ[/pullquote]

ایران میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں بعد حکام نے انٹرنیٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران کی قومی سلامتی کی کونسل کے مطابق انٹرنیٹ سروس اسی وقت بحال کی جائے گی، جب ملک کے حالات معمول پر آئیں گے۔ ایسنا نیوز ایجنسی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی کو سب پر فوقیت حاصل ہے اور اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ پانچ دنوں سے ایران میں نہ تو کوئی سوشل میڈیا پر پیغام اور نہ ہی کوئی میل بھیجی جا سکتی ہے۔ اسی طرح گوگل سرچ انجن بھی بند کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]شام: پناہ گزین کیمپ پر بمباری، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

شام کے شمال میں ایک پناہ گزین کیمپ پر بمباری میں کم از کم پندرہ لوگ مارے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں یہ بمباری حکومتی اور روسی دستوں کی طرف سے کی گئی تھی۔ برطانیہ میں قائم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ایک راکٹ زچہ و بچہ وارڈ کے قریب گرا اور بمباری کے بعد وہاں متعدد خیموں میں آگ لگ گئی۔ اس مہاجر کیمپ میں ہزاروں پناہ گزین موجود ہیں۔

[pullquote]ترکی میں جرمن سفارت خانے کا وکیل گرفتار[/pullquote]

ترکی میں جرمن سفارت خانے کے لیے کام کرنے والے ایک وکیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے مطابق سفارت خانے نے اس وکیل کو اُن ترک شہریوں کی معلومات جمع کرنے کا کام دے رکھا تھا، جو جرمن شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ جرمن حکومت نے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ ترکی کی خفیہ ایجنسی گرفتار کیے گئے وکیل سے تمام کاغذات اور ڈیٹا حاصل کر سکتی ہے۔ جرمن حکام کے مطابق وکیل کی رہائی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]یونان :حکومت کا تین پناہ گزین کیمپ بند کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

یونان حکومت نے مہاجرین کے تین بڑے کیمپ بند کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تین جزیروں لیسبوس، ساموس اور خيوس پر قائم پناہ گزین کیمپ ختم کرکے وہاں ’شناختی مراکز‘ قائم کیے جائیں گے۔ حکام نے کہا ہے کہ نئے ’شناختی مراکز‘ میں صرف ان مہاجرین کو لایا جائے گا، جن کے سیاسی پناہ ملنے کے امکانات انتہائی کم ہوں گے اور ان کو واپس ان کے ملک بھیجا جائے گا۔ جن مہاجرین کے سیاسی پناہ کے امکانات زیادہ ہوں گے، انہیں ان جزائر کی بجائے یونان کے دیگر شہروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں خواتین اور بچوں کے استحصال پر پوپ فرانسس کو تشویش[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے دورہ تھائی لینڈ کے دوران وہاں خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک لاکھ بیس ہزار افراد جسم فروشی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ دارالحکومت بنکاک میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو استحصال، غلامی اور تشدد سے نجات ملنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے تھائی حکومت کی جنسی استحصال کے خلاف کوششوں کو بھی سراہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے