جمعہ:22 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنوبی کوريا اور جاپان کے درميان اہم انٹيليجنس معاہدے ميں توسيع[/pullquote]

جنوبی کوريا نے جاپان کے ساتھ انٹيليجنس کے تبادلے کے ايک اہم معاہدے کی مدت ميں آخری لمحات ميں توسيع کر دی ہے۔ ٹوکيو اور سيئول حکومتوں نے ’جنرل سکيورٹی آف ملٹری انفارميشن اگريمنٹ‘ ميں توسيع کی تصديق کر دی ہے تاہم فی الحال اس بارے ميں مزيد تفصيلات جاری نہيں کی گئيں۔ قبل ازيں سیئول حکومت نے قدم تاريخی و تجارتی اختلافات کے تناظر ميں معاہدے کی مدت ميں توسيع کے خلاف فيصلہ کيا تھا۔ امريکا خطے ميں اپنے دو اہم ترين اتحاديوں جاپان اور جنوبی کوريا کے ساتھ دفاعی تعلقات کے ليے اس معاہدے کوکافی اہم قرار ديتا ہے۔

[pullquote]’اسلامک اسٹيٹ‘ کے سينکڑوں جنگجو حراست سے فرار ہوئے، روسی اہلکار[/pullquote]

شام ميں ترکی کی حاليہ فوجی کارروائی کے نتيجے ميں دہشت گرد گروہ ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے سينکڑوں جنگجو حراست سے فرار ہو گئے۔ روس کے نائب وزير خارجہ نے يہ دعوی اپنے ايک انٹرويو ميں کيا ہے جو آج بروز جمعہ شائع ہوا۔ ان کے بقول اس پيش رفت سے گروہ کے دوبارہ زور پکڑنے اور مسلح کارروائياں کرنے کا خطرہ بڑھ گيا ہے۔ روسی نائب وزير خارجہ نے سرکاری نيوز ايجنسی سے بات چيت ميں مزيد کہا کہ شام کی علاقائی سالميت کا احترام لازمی ہے۔ ترکی نے پچھلے ماہ کے اوائل ميں اپنی سرحد سے متصل شامی علاقوں ميں کردوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔

[pullquote]شام ميں قيام امن کے ليے مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ماہ[/pullquote]

شام ميں خانہ جنگی کے خاتمے اور قيام امن کے ليے مذاکرات کا تازہ دور آئندہ ماہ قزاقستان کے دارالحکومت نور سلطان ميں ہو گا۔ قزاقستان کے وزير خارجہ مختار تلوبیردی نے آج جمعے کو اس بارے ميں اطلاع دی۔ روس، ايران اور ترکی کے تعاون اور ثالثی سے يہ مذاکرات دسمبر کی دس اور گيارہ تاريخ کو ہوں گے۔ شام ميں مارچ سن 2011 سے خانہ جنگی جاری ہے۔

[pullquote]پر تشدد واقعات ايبولا وائرس کے خاتمے کی راہ ميں رکاوٹ، ڈبليو ايچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (WHO) نے خبردار کيا ہے کہ مشرقی کانگو ميں ايبولا وائرس کے انسداد کے ليے جاری کوششوں ميں حکام کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ کانگو ميں مليشيا کی پر تشدد کارروائيوں ميں اضافہ نوٹ کيا گيا ہے، جس سے يہ خطرہ بڑھ گيا ہے کہ وہاں ايبولا وائرس دوبارہ وسيع پيمانے پر پھیل سکتا ہے۔ پچھلے ہفتے ايبولا کے سات نئے کيسز سامنے آئے۔ اقوام متحدہ کے ايبولا وائرس سے نمٹنے والے محکمے سے منسلک مائيک رائن نے بتايا کہ سلامتی کی صورتحال کی وجہ سے وائرس کے مکمل خاتمے کے ليے جاری کوششيں متاثر ہو رہی ہيں۔

[pullquote]چين تجارتی معاہدہ چاہتا ہے ليکن خوف زدہ نہيں، شی جن پنگ[/pullquote]

چينی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امريکا کے ساتھ کوئی ابتدائی تجارتی معاہدہ چاہتا ہے ليکن اگر تجارتی جنگ کی صورتحال برقرار رہی، تو جوابی اقدامات بھی جاری رکھے جائيں گے۔ شی نے سابق امريکی اہلکاروں اور غير ملکی مہمانوں کے ايک وفد سے بيجنگ ميں آج ملاقات کے دوران يہ بات کہی۔ چينی صدر نے مزيد کہا کہ وہ امريکا کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنيادوں پر تعلقات استوار کرنا چاہتے ہيں۔ امريکی صدر نے پچھلے سال چينی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دی تھيں۔ تب سے دونوں ملکوں کے مابين ايک طرف تجارتی جنگ تو دوسری جانب مذاکراتی عمل بھی جاری ہے۔

[pullquote]افغانستان ميں بھارتی کردار کی قدر کرتے ہيں، سينئر امريکی اہلکار[/pullquote]

امريکی حکام افغانستان ميں طويل المدتی بنيادوں پر بھارتی کردار کے حامی ہيں۔ افغانستان کی نگران محکمہ خارجہ کی اہلکار نينسی ايزو جيکسن نے گزشتہ شب بيان ديا کہ واشنگٹن حکومت افغانستان ميں بھارت کی بھاری سرمايہ کاری اور معاونت کی قدر کرتی ہے۔ علاوہ ازيں يہ بھی کہا گيا کہ افغان تنازعے کے حل تک پہنچنے کے ليے بھارتی کوششوں کی حمايت جاری رکھی جائے گی۔ جيکسن نے يہ بات جنگ زدہ ملک ميں بھارت کے کردار پر ہڈسن انسٹيٹيوٹ ميں منعقدہ ايک پريس کانفرنس ميں کہی۔ بھارت نے افغانستان ميں تين بلين سے زائد ڈالر کی سرمايہ کاری کر رکھی ہے۔

[pullquote]ايران ميں انٹرنيٹ کی سروس بحال[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے ايرانی شہريوں پر زور ديا ہے کہ وہ حاليہ حکومتی کريک ڈاؤن کی ويڈيوز منظر عام پر لائيں۔ پومپيو نے ٹوئٹر پر جمعے کی صبح جاری کردہ اپنے ايک پيغام ميں يہ مطالبہ کيا۔ امريکی وزير خارجہ نے مزيد لکھا کہ ان کا ملک تہران حکومت کے اقدامات پر سے پردہ اٹھائے گا۔ ايران ميں ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے پر ہونے والے حاليہ احتجاج اور مظاہروں کے خلاف حکومتی کريک ڈاؤن ميں ايمنسٹی انٹرنيشنل کے مطابق 106 افراد ہلاک ہوئے۔ تہران حکومت اسے مسترد کرتی ہے۔ اس دوران ايران ميں انٹرنيٹ سروس بھی معطل رہی، جو آج سے بحال ہو رہی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی سیاسی بحران: نیتن یاہو پر بدعنوانی کی فرد جرم عائد[/pullquote]

اسرائیلی اٹارنی جنرل نے عبوری وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر بدعنوانی، رشوت لینے اور اعتماد شکنی کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اٹارنی جنرل ماندل بلیت نے واضح کیا کہ نیتن یاہو کے خلاف موجود قانونی شہادتیں کافی مضبوط ہیں۔ ان کے مطابق قانون کی دنیا ميں سیاست نہیں بلکہ اس میں حقائق اور شواہد اہم ہوتے ہیں۔ بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور اُن کا ضمیر مطمئن ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو سیاسی سازش قرار دیا۔ اسرائیل میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ منصب پر فائز کسی وزیراعظم پر کرپشن الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

[pullquote]سری لنکا ميں نئی کابينہ کی تقرری[/pullquote]

سری لنکا ميں پندرہ رکنی قائم مقام نئی کابينہ کی تقرری عمل ميں آ گئی ہے۔ نو منتخب صدر گوٹا بايا راجاپاکسے نے اپنے بھائی کو وزير اعظم مقرر کيا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ جلد از جلد پارليمانی انتخابات کرائيں گے۔ گوٹا بايا راجاپاکسے پچھلے ہفتے منعقدہ صدارتی اليکشن ميں فاتح قرار پائے۔ انہوں نے نئی کابينہ سے حمايت کا مطالبہ کيا ہے تاکہ وہ عوام کو وہ سياسی تبديلی فراہم کر سکيں، جس کے ليے ان کے بقول عوام نے انہيں چنا ہے۔

[pullquote]بہت بہت شکریہ عمران خان، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی پروفیسر کیون کنگ اور آسٹریلوی پروفیسر ٹموتھی ویکس کی رہائی کے سلسلے میں پاکستان اور افغانستان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں ملکوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکی صدر نے جمعرات اکیس نومبر کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کال کی۔ اس تناظر میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ افغانستان میں امن اور مصالحت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ٹرمپ نے جمعرات ہی کو افغان صدر اشرف غنی کو بھی فون کیا۔ ان پروفیسروں کو سن 2016 میں طالبان عسکریت پسندوں نے اغوا کیا تھا۔

[pullquote]نوجوانوں ميں جسمانی ورزش کا رجحان انتہائی کم، ڈبليو ايچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کی ايک تازہ رپورٹ ميں انکشاف کيا گيا ہے کہ اس وقت دنيا بھر ميں اسی فيصد سے زائد ٹين ايجرز يوميہ بنيادوں پر ايک گھنٹے سے کم جسمانی ورزش کر پاتے ہيں۔ اس سے مستقبل ميں ان کی صحت کو خطرات لاحق ہيں۔ رپورٹ کی شريک مصنفہ فيونا بل کے مطابق ہر پانچ ميں سے چار نوجوان مسلسل جسمانی ورزش سے حاصل کردہ فوائد سے قاصر ہيں۔ رپورٹ 146 ممالک ميں 1.6 ملين طلباء کے ڈيٹا پر مرتب کی گئی ہے۔ جسمانی ورزش قلب اور ذہنی صحت وغيرہ کے ليے اہم ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے