[pullquote]افغان سیاسی رہنما حملے میں بال بال بچ گئے، لیکن ستائیس افراد ہلاک[/pullquote]
افغان سیاسی رہنما عبداللہ عبداللہ ایک حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ جمعے کے دن نامعلوم جنگجوؤں نے اچانک کابل میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ستائیس افراد ہلاک جبکہ انتیس زخمی ہو گئے۔ افغانستان کے سابق چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ طالبان نے کہا ہے کہ وہ اس پرتشدد واقعے میں ملوث نہیں ہیں۔ ادھر افغان صدر اشرف غنی نے اس حملے کو ’جنگی جرم اور قومی اتحاد کے خلاف‘ قرار دیا ہے۔
[pullquote]چین، جرمنی کا بہترین تجارتی ساتھی[/pullquote]
جرمنی اور چین کے مابین مسلسل چوتھے سال تجارتی تعاون میں بہتری نوٹ کی گئی ہے۔ آج جمعے کے دن برلن میں جاری کردہ تازہ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم دو سو پانچ بلین یورو سے زیادہ رہا۔ گزشتہ برس جرمنی امپورٹ کی جانے والی مصنوعات کی مالیت ایک سو نو بلین یورو سے زائد رہی، جو سن دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں تین فیصد زیادہ رہی۔ یورپ میں چین کے اہم تجارتی ساتھیوں میں جرمنی اور فرانس شامل ہیں۔
[pullquote]تیونس میں امریکی سفارتخانے کے قریب خود کش حملہ[/pullquote]
تیونس کے دارالحکومت میں واقع امریکی سفارتخانے کے قریب ایک خودکش حملے کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ اس شمالی افریقی ملک کے حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار کم ازکم ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ امریکی سفارتخانے سے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں۔ گزشتہ برس تونس سٹی میں واقع فرانس کے سفارتخانے کے قریب بھی حملہ کیا گیا تھا، جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی تھی۔
[pullquote]کورونا وائرس کی وجہ سے ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ وفات پا گئے[/pullquote]
ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ حسین شیخ الاسلام کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی عمر 67 برس تھی۔ ایرانی حکام نے بتایا کہ ان کا انتقال جمعے کی صبح تہران کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ حسین شیخ الاسلام کی رحلت پر موجودہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کو اپنا قریبی دوست قرار دیا۔ ظریف نے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایک کھلے ذہن کا سفارت کار بھی قرار دیا۔ تہران حکومت کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا افراد کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز ہو چکی ہے۔ اس بیماری سے ایران میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سات ہے۔
[pullquote]ہالینڈ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت[/pullquote]
ڈچ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں ہونے والی پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ دی ہیگ میں طبی حکام نے بتایا کہ چھیاسی سالہ ایک بزرگ شخص اس وبا میں مبتلا ہوا، جو روٹرڈیم کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس شخص تک کورونا وائرس کس طرح منتقل ہوا تھا۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تین ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ ادھر ویٹی کن سٹی میں بھی اس وائرس کی پہلی مرتبہ تشخیص ہو گئی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق جرمنی میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ سو تیس سے زائد ہو گئی ہے۔
[pullquote]کئی ممالک کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے درپیش خطرات کے باوجود دنیا میں کئی ملک اس چیلنج کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے عالمی رہنماؤں کو متنبہ کیا کہ کورونا وائرس سے متعلق خدشات کوئی معمول کی بات نہیں بلکہ اس وبا کے اثرات سے ہر امیر اور غریب ملک کو خطرہ ہے۔ اسی دوران ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مہلک وائرس کے تدارک کے لیے ویکسین پر تیزی سے کام ہو رہا ہے تاہم اس ویکسین کو بازار میں دستیاب ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس کے سبب نماز جمعے کے اجتماعات مختصر[/pullquote]
کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مسلم دنیا کے سرکردہ ملکوں میں حکام نے لوگوں کو جمعے کی نماز کے اجتماعات کو مختصر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں بھی آج نمازِ جمعہ کے اجتماعات اور فرائض کی ادائیگی کو مختصر رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنا اور احتیاطی تدابیر کرنا ہے۔ یو اے ای میں آج نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو محض 10 منٹ کے اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ آج ایران میں بھی جمعے کے روایتی اجتماعات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
[pullquote]ادلب میں فائربندی کے آثار[/pullquote]
ترکی اور روس کے درمیان شام میں جاری لڑائی روکنے پر اتفاق ہونے کے بعد وہاں کے صوبے ادلب سے فائربندی کی اطلاعات ہیں۔ عارضی جنگ بندی پر سمجھوتہ گزشتہ روز ماسکو میں صدر ولادمیر پیوٹن اور ترک صدر رجب طيب ایردوآن کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ فائر بندی سے ادلب میں جاری انسانی بحران کی شدت میں کمی آئی گی۔ حالیہ ہفتوں میں اس علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں ترکی کے درجنوں فوجی مارے گئے ہیں۔ ترکی وہاں کے بگڑتے حالات کی ذمہ داری صدر بشارالاسد کی فوجوں کو ٹھہراتا ہے، جنہیں روس کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
[pullquote]دُبئی کے حکمران اپنی بیوی کو دھمکانے اور بیٹیوں کے اغوا کے قصوروار[/pullquote]
ایک برطانوی عدالت نے دبئی کے ارب پتی حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کو اپنی سابقہ بیوی شہزادی حیا کو ڈرانے، دھمکانے اور اپنی دو بیٹیوں کا اغوا کرانے کا قصور وار ٹھہرایا ہے۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم، جو کہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم بھی ہیں، اور ان کی سابقہ بیوی شہزادی حیا بنت الحسین کے درمیان ان کے دو بچوں کو اپنی سرپرستی میں لینے کے مقدمہ میں جمعرات کو یہ فیصلہ سنایا۔ یہ دونوں بچے لندن میں رہتے ہیں۔ برطانوی ہائی کورٹ کے جج اینڈریو میک فارلین نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شیخ محمد نے 2018 ء کے بعد سے اپنی سابقہ بیوی کے ساتھ دھمکی آمیز رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ برطانیہ آنے کے بعد بھی شہزادی حیات کو دھمکانے کا سلسلہ جاری رہا۔ دبئی کے حکمراں نے ’’اپنی بیوی کو ڈرانے، دھمکانے، بد سلوکی اور زیادتی کے لیے تمام ریاستی وسائل کا استعمال کیا، دوسروں کو بھی ان کی طرف سے ایسا ہی رویہ اختیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی اور قانون کی حکمرانی کو پوری طرح نظر انداز کیا۔“شہزادی حیا کی شیخ محمد بن راشد المکتوم سے اپریل 2019 ء میں شادی ہوئی تھی۔ وہ دوبئی کے حکمراں کی کئی بیویوں میں سے ایک ہیں۔ دونوں سے دو بچے بارہ سالہ جلیلہ اور آٹھ سالہ زائد ہیں۔
[pullquote]بھارت کا آئیندہ ہفتے یورپی یونین کے ساتھ اجلاس منسوخ[/pullquote]
بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر آئندہ ہفتے یورپی یونین کے ساتھ طے شدہ سمٹ کو فی الحال منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کا برسلز کا یہ دورہ تیرہ مارچ کے لیے طے تھا، جس میں ان کی یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے سربراہان سے ملاقاتیں ہونا تھیں۔ یورپی یونین دنیا میں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دونوں کے درمیان برسوں سے آزاد تجارت کے کسی معاہدے پر پیش رفت نہیں ہو پائی۔
[pullquote]یونان کا غیر قانونی مہاجرین کو ملک بدر کردینے کے فیصلے کا اعلان[/pullquote]
یکم مارچ کے بعد سے غیر قانونی طور پر یونان کے شمالی شہر سیرس میں داخل ہونے والے مہاجرین کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔ اس امر کا اعلان یونان کے ہجرت کے امور کے وزیر نوٹس مٹراچی نے بُدھ کی شام دیر گئے کیا۔ ہزاروں افراد ترکی کے رستے یونان پہنچ گئے ہیں ، بہت سے سمندری راستے سے لیسبوس اوردیگر یونانی جزیروں تک۔ انقرہ اور ایتھنز ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہیں کہ ان کی مشترکہ سرحدوں پر مہاجرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں حالیہ دنوں میں ان مشترکہ سرحدوں پر سکیورٹی فورسزاور مہاجرین کے مابین جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ یونان نے یکم مارچ کو اعلان کیا تھا کہ مہاجرین کی اتنی بڑی تعداد کے یونانی سرحدوں تک پہنچ جانے کے سبب حالات سنگین ہو گئے ہیں اس لیے اب آئندہ ایک ماہ تک پناہ کے متلاشی افراد کی پناہ کے لیے کوئی ایک درخواست بھی قبول نہیں کی جائے گی۔ ایتھنز کے اس اعلان کی انسانی حقوق کی ایجنسیز نے سخت مذمت کی ہے۔
[pullquote]جرمنی: نابالغ پناہ گزینوں کو اپنانے کی اجازت دے[/pullquote]
جرمنی میں سات شہروں کے میئرز نے حکومت کے نام ایک مشترکہ مکتوب میں کم عمر پناہ گزینوں کو اپنے شہروں میں پناہ دینے کی اجازت طلب کی ہے۔ جرمنی کے سات شہروں کے میئرز نے وفاقی حکومت کے نام اپنے مشترکہ خط میں لکھا ہے کہ ان کے شہروں کو یونان کے پناہ گزین کیمپوں کے نابالغ تارکین وطن کو اپنانے کی اجازت دی جائے۔ یونان کے پناہ گزیں کیمپوں میں پھنسے کم عمر مہاجرین کو پناہ دینے سے متعلق وفاقی جرمن پارلیمان میں ایک قرارداد مسترد ہونے کے بعد میئرز نے حکومت کے نام یہ خط لکھا ہے۔ اس عرضی نامے پر کولون، ڈوزلڈورف، پوٹسڈام، ہنوور، فرائیبرگ، روٹن برگ اور فرینکفرٹ کے میئرز کے ساتھ ساتھ صوبے لوور سیکسنی کے وزیر داخلہ بورس پسٹوریئسٹ نے بھی دستخط کیے ہیں۔