کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ایک اور ہلاکت خیز دن دیکھنے میں آیا جہاں 2 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 ہزار 35 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں ایک روز میں دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 700 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 33 ہزار نئے مریضوں کے ساتھ مجموعی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
امریکی ریاست نیو یارک میں آج بھی 777 افراد جان سے گئے اور 10ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے، نیو یارک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ مجموعی ہلاکتیں 7 ہزار 844 ہو چکی ہیں۔
[pullquote]کورونا: جس کمرے میں جاؤ لاشیں ہیں، امریکی نرس کی زارو قطار روتے ہوئے روداد[/pullquote]
امریکی ریاست نیویارک کے سینٹرل پارک میں قائم عارضی اسپتال کی نرس اپنی روداد سناتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور اس قدر آبدیدہ ہوئی کہ ہچکیاں بندھ گئیں۔
35 سالہ ڈینئل شومل نامی نرس نے اپنے فون پر ویڈیو پیغام ریکارڈ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنا دکھ کسی سے بیان بھی نہیں کرسکتی کیونکہ اس کی ساتھی نرسیں بھی اتنا ہی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ مریضوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں مگر اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو دیکھنا پڑ رہا ہے کہ وہ جان لڑا کر بھی انہیں نہیں بچا پاتیں۔
انہوں نے بتایا کہ نرسوں کی تربیت مریضوں کا دیکھ بھال رکھنے کے لیے کی جاتی ہے مگر وہ جس کمرے میں جاتی ہیں وہاں لاشیں ہوتی ہیں۔
آنسو بھری آنکھوں سے نرس کا کہنا تھا کہ ان سے یہ ممکن ہی نہیں ہو پاتا کہ لواحقین کو فون کرکے بتائیں کہ آپ کا مریض اب دنیا میں نہیں رہا۔
انہوں نے اپیل کی کہ لوگوں کوچاہیے وہ اس مرض کو پھیلنے سے روکیں اور طبی عملے کو سہولت فراہم کریں۔
[pullquote]دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ مریضوں کی تعداد بھی 17 لاکھ سےزیادہ ہو چکی ہے۔
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2035 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 747 ہو گئی ہے جب کہ 5 لاکھ 2 ہزار 876 افراد اب تک وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
اٹلی اس وقت ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہا ں اموات کی تعداد امریکا سے کچھ زیادہ یعنی 18 ہزار 848 ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 577 ہو چکی ہے۔
اسپین میں بھی عالمگیر وبا سے 16 ہزار 81 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں جب کہ فرانس میں 13 ہزار 197 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
برطانیہ بھی کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک 8 ہزار 958 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ ایران میں 4 ہزار 232 اور چین میں 3 ہزار 339 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بیلجیم میں 3 ہزار سے زائد جب کہ جرمنی میں 2 ہزار 736 اور ترکی میں ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 17 لاکھ 377 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 755 افراد ہلاک اور 3 لاکھ 76 ہزار 547 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔