[pullquote]رمضان المبارک میں بچوں کے مسجد نبویﷺ میں داخلے پر پابندی عائد[/pullquote]
کورونا کے پیش نظر رمضان المبارک میں بچوں کے مسجد نبویﷺ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔مسجد نبویﷺ انتظامیہ (جنرل پریزیڈنسی) کے مطابق 15 سال سے کم عمر بچوں کو رمضان میں مسجد نبویﷺ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تراویح کا وقت بھی معمول سے نصف کر دیا گیا ہے اور نماز کے 30 منٹ بعد مسجد نبوی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے۔انتظامیہ کے مطابق رواں سال بھی اعتکاف معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مسجد میں اجتماعی افطار کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔حرمین انتظامیہ کے مطابق حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار واعتکاف پر پابندی برقرار رہے گی۔
[pullquote]ترکی میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آگئے[/pullquote]
خلیجی میڈیا کےمطابق ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو ترکی میں کورونا کے آغازسے لے کر اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ترکی کی حکومت نے گزشتہ ماہ کے آغاز پر کورونا سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی تھی جس کے بعد کیسز میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ترکی میں کورونا کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے زائد ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 176 اموات بھی ہوئی ہیں جس سے ہلاکتیں 31 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی ہیں۔ترک صدر طیب اردوان نے کورونا پر قابو پانے کے لیے ماہِ رمضان میں سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے جس میں ملک بھر میں ہفتہ وار لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ترکی میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار، سحری اور دیگر اجتماعات پربھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ترکی کے تمام صوبے کورونا سے بری طرح متاثر ہیں جو انتہائی ہائی رسک زون میں ہیں جب کہ استنبول اورانقرہ کو بھی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
[pullquote]کشمیر میں تین ہلاکتوں کے بعد بھارت مخالف جھڑپیں[/pullquote]
کشمیر کے متنازعہ علاقے کے ایک گاؤں میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تین مشتبہ علیحدگی پسندوں کی ہلاکت کے بعد جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ جنوبی ضلع پلوامہ کے گاؤں کاکاپورہ میں بھارت مخالف مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے شاٹ گن پیلیٹس اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ان جھڑپوں میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے، جس میں ایک خاتون کی ٹانگ پر گولی لگنے کی اطلاع ہے۔ قبل ازیں جمعرات کو بھارتی فورسز نے کاکاپورہ کے ایک گھر میں آپریشن کیا، جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تین میں سے دو عسکریت پسند پولیس پر فائرنگ میں ملوث تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے گھر کو بم دھماکے سے تباہ کیا تھا۔
[pullquote]کورونا کے باعث ویٹیکن میں ایسٹر کی تقریبات متاثر[/pullquote]
کورونا وبا کے سبب مسیحی برادری کا مذہبی تہوار ایسٹر محدود سطح پر منایا جا رہا ہے۔ ویٹیکن سٹی میں گُڈ فرائڈے کے موقع پر تمام مذہبی رسومات کم کر دی گئیں۔ ویٹیکن حکام کے مطابق وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے عقیدت مندوں کی بھی انتہائی محدود تعداد کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی روم میں ایسٹر کا سالانہ جلوس منسوخ کردیا گیا ہے۔
[pullquote]تائیوان میں ٹرین حادثہ، درجنوں مسافر ہلاک[/pullquote]
تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں ایک مسافر ٹرین کے حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ ٹرین حادثہ ٹروکو گارج کے علاقے میں جمعے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباﹰ ساڑھے نو بجے پیش آيا۔ تائیوان کی نیشنل فائر ایجنسی 48 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر چکی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 66 زخمی مسافروں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ تقریبا 72 مسافر ابھی ٹرین کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس ٹرین پر تقریباﹰ ساڑھے تین سو افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
[pullquote]تیونس: خاتون بمبار نے بچے سمیت خود کو بم سے اڑا دیا[/pullquote]
تیونس میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران ایک خاتون نے اپنے بچے سمیت خود کو بم سے اڑا دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق یہ کارروائی جمعرات شب قصرین صوبے کے علاقے جبل سیلوم میں ایک شدت پسند گروہ کے خلاف کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ جہادی کو ہلاک کردیا جبکہ بعد میں اس کی اہلیہ نے بم دھماکے سے اپنی اور اپنے بچے کی جان لے لی۔ حملے میں خاتون کی ایک بیٹی بھی وہاں موجود تھی جو کہ بچ گئی۔ تیونس کی فورسز کی جانب سے ایک اور کارروائی میں داعش سے منسلک تنظیم جُند الخلیفہ بریگیڈ کے سربراہ کی ہلاکت کا دعوی بھی کیا ہے۔
[pullquote]ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات[/pullquote]
یورپی یونین کمیشن آج جمعے کو ایک ویڈیو کانفرنس میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی پر غور کر رہا ہے۔ یورپی یونین کے خارجی امور کے نمائندے جوزف بوریل کے مطابق اس کانفرنس کے دوران جوہری معاہدے میں ’امریکا کی ممکنہ واپسی‘ اور تمام فریقین کی طرف سے ’معاہدے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد‘ پر بات چیت کی جائے گی۔ ان مذاکرات میں مشترکہ جامع منصوبہ بندی (جے سی پی او اے) معاہدے میں شامل برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس جیسے ممالک بھی شامل ہوں گے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے پہلے ہی معاہدے میں واپسی کا اشارہ دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ تہران بھی اس کی حمایت کرے گا۔
[pullquote]امریکا کا یورپی یونین اور ایران کے مابین جوہری معاہدے پر بات چیت کا خیر مقدم[/pullquote]
امریکا نے یورپی یونین اور ایران کے درمیان سن 2015 کے جوہری معاہدے پر بات چیت کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے مطابق یہ پیش رفت واضح طور پر ایک مثبت قدم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر تہران جے سی پی او اے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل کرے، تو واشنگٹن بھی اس کے لیے تیار ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے پر براہ راست بات چيت کے لیے ملاقات پر ابھی اتفاق کرنا باقی ہے اور فریقین فی الحال یورپی یونین کے ذریعے رابطے میں ہیں۔
[pullquote]اقوام متحدہ کی میانمار میں مظاہرین کے خلاف تشدد کی سخت مذمت[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر میانمار میں مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے سینکڑوں عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جمعرات کو برطانیہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پر سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ رکن ممالک میانمار میں سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ تاہم چین نے مذمتی قرارداد میں سخت الفاظ استعمال کرنے کی مخالفت کی۔
[pullquote]سچن ٹینڈولکر کو بھی کورونا ہو گیا، ہسپتال داخل[/pullquote]
بھارت کے مایہ ناز کرکٹر سچن ٹینڈولکر کو کورونا انفیکشن کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹینڈولکر ایک ہفتہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ ایک ٹوئیٹ میں ٹینڈولکر نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد سے وہ گھر پر قرنطینہ میں تھے لیکن طبی مشورے کے بعد وہ ہسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔ بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں سے ایک ہے۔ سابق بھارتی کپتان سچن ٹینڈولکر ریاست کے دارالحکومت ممبئی میں رہتے ہیں۔
[pullquote]ہالینڈ کے وزیراعظم عدم اعتماد کے ووٹ سے بچ گئے[/pullquote]
ہالینڈ کے وزیراعظم مارک روٹے پارلیمان میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچ گئے۔ وفاقی پارلیمان نے وزیراعظم کے حق میں فیصلہ کیا تاہم اکثریت نے حکومت کے سربراہ کے طرز عمل پر گہری تنقید کا اظہار بھی کیا۔ ان کو اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد ایک متنازعہ بیان دینے کے نتیجے میں تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مارچ کے انتخابات میں وزیراعظم روٹے کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت پیپلز فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی ایک مرتبہ پھر ملک کی مضبوط ترین سیاسی قوت بن کے سامنے آئی ہے۔
[pullquote]بیلجیئم میں کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی، تقریب روک دی گئی[/pullquote]
بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے جنوبی مضافات میں پولیس اور لوگوں کے ایک اجتماع کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی شب ایک پارک میں منعقدہ اس تقریب میں کم از کم دو ہزار افراد نے شریک ہو کرکورونا ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ بیلجیئم میں کورونا وائرس کی نئی برطانوی قسم کے پھیلاؤ کے بعد گزشتہ ہفتے سے سخت پابندیاں عائد ہیں۔ عوامی مقامات پر چار سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔