[pullquote]ایتھوپیا میں تیگرائے کے علاقے میں فضائی حملہ، چھپن افراد ہلاک[/pullquote]
ایتھوپیا کے شمالی خطے تیگرائے میں آج ہفتے کے روز ایک مہاجر بستی پر ہوئے فضائی حملے میں کم از کم چھپن افراد ہلاک جب کہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایتھوپیا کی فوج نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حکومت اس سے قبل تیگرائے کے علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے متعلق اپنے خلاف الزامات کی تردید کر چکی ہے۔ تیگرائے کے خطے میں گزشتہ چودہ ماہ سے ایتھوپیا کی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
[pullquote]بھارت کشمیری صحافی کو فوری طور پر رہا کرے، عالمی تنظیم[/pullquote]
صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافی سجاد گل کو فوری طور پر رہا کرے۔ اس عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ بھارتی حکام سجاد گل کے صحافتی کام سے متعلق تفتیش فوری طور پر بند کریں۔ اہل خانہ کے مطابق سجاد گل نے گزشتہ پیر کو ایک باغی کمانڈر کی ہلاکت پر اس کے گھرانے کے افراد کی ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس کے بعد فوج نے بدھ کے روز سجاد گل کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا اور بعد میں پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا۔
[pullquote]انسانی حقوق کے کارکن رامی شعث کو مصری شہریت چھوڑنے کے بعد رہا کر دیا گیا[/pullquote]
مصری حکام نے انسانی حقوق کے مصری فلسطینی کارکن رامی شعث کو مصر کی شہریت ترک کرنے کے بعد جیل سے رہا کر دیا ہے۔ وہ گزشتہ تقریباﹰ ڈھائی سال سے جیل میں قید تھے۔ بتایا گیا ہے کہ چھ جنوری کو انہیں مصری جیل سے رہا کر کے فلسطینی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ رامی شعث اب فرانس جا رہے ہیں۔ جمہوریت اور انسانی حقوق کے حوالے سے حکومت کے ناقد اس سرکردہ کارکن کو جون دو ہزار انیس میں ’ایک دہشت گرد گروہ کی معاونت‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
[pullquote]قزاقستان کے صدر نے مذاکرات کے مطالبے رد کر دیے، مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم[/pullquote]
قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف نے ملک میں جاری غیرمعمولی شورش کے خاتمے کے لیے مظاہرین سے گفتگو کے بجائے سکیورٹی فورسز کو حکم دیا ہے کہ وہ بغیر انتباہ گولی چلا سکتی ہیں۔ گزشتہ روز قوم سے خطاب میں توکائیف نے کہا کہ ’مسلح ٹھگوں‘ کو ختم کر دیا جائے گا۔ اپنے اس خطاب میں توکائیف نے اپنے ملک میں فوج بھیجنے پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سکیورٹی فورسز اس وقت قزاقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی میں کئی اہم مقامات پر تعینات ہیں۔ یہی شہر حالیہ پرتشدد مظاہروں کا مرکز رہا ہے۔ امریکا اور یورپی ممالک کا مطالبہ ہے کہ معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ دوسری جانب بیجنگ حکومت نے صدر توکائیف کے ’سخت اقدامات‘ کی تعریف کی ہے۔
[pullquote]اتر پردیش میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کا آغاز دس فروری سے[/pullquote]
بھارتی الیکشن کمیشن نے ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش کے انتخابات کے لیے دس فروری کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سُشیل چندر نے ہفتے کے روز ریاستی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس ریاست میں یہ الیکشن سات مرحلوں میں سات مارچ تک مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتر آکھنڈ، گوآ اور پنجاب میں ریاستی انتخابات چودہ فروری کو منعقد ہوں گے۔ شمال مشرقی ریاست منی پور میں علاقائی الیکشن دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ ستائیس فروری جب کہ دوسرے مرحلے کی پولنگ تین مارچ کو ہو گی۔
[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین سو ملین کا ہندسہ عبور کر گئی[/pullquote]
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تین سو ملین کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے تیز رفتار پھیلاؤ نے اس سلسلے میں نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ گزشتہ سات روز میں 34 ممالک نے اب تک کے سب سے زیادہ کورونا کیسز ریکارڈ کیے۔ ان میں سے 18 ممالک یورپی جب کہ سات افریقی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اب تک کی معلومات کے مطابق اومیکرون ویریئنٹ پھیلاؤ کے اعتبار سے کورونا وائرس کی دیگر اقسام سے کہیں زیادہ متعدی ہے، تاہم بہ ظاہر اس سے قدرے کم سنگین بیماری لاحق ہو رہی ہے۔ گو کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں ساڑھے تیرہ ملین افراد اومیکرون کا شکار ہوئے، تاہم عالمی سطح پر کورونا وائرس سے جڑی ہلاکتوں میں تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
[pullquote]کورونا کی وبا سے لڑائی، عالمی بینک کی جانب سے ایران کے لیے 90 ملین ڈالر کی مدد[/pullquote]
عالمی بینک نے کووِڈ انیس کی وبا کے خلاف لڑائی میں مدد کے لیے ایران کے لیے مزید 90 ملین ڈالر کی امداد کا منظوری دے دی ہے۔ عالمی بینک کے ترجمان کے مطابق یہ امداد گزشتہ ماہ منظور کی گئی تھی، جس کے ذریعے وبا کے خلاف کوششوں میں اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ عالمی بینک کے مطابق یہ امداد ایرانی بجٹ کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ عالمی ادارہ صحت کی نگرانی میں استعمال کی جائے گی۔ مئی 2020 میں بھی عالمی بینک نے ایران کو اس کے کووِڈ انیس ایمرجنسی ریسپانس پروجیکٹ کے لیے پچاس ملین ڈالر مہیا کیے تھے۔
[pullquote]سوڈان کے موضوع پر سلامتی کونسل کا اجلاس[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آئندہ بدھ کو سوڈان میں فوجی حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کے موضوع پر ایک ملاقات کرنے والی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس بندکمرہ اجلاس کی درخواست سلامتی کونسل کے 15 میں سے چھ ارکان نے کی ہے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس، ناروے، آئرلینڈ اور البانیہ کی جانب سے سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ وہ سوڈان میں تازہ پیش رفت پر غور کرے۔ دوسری جانب چین اور روس نے اس صورت حال کو سوڈان کا داخلی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بین الاقوامی امن کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں سوڈان میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔
[pullquote]میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں اب تین لاکھ سے متجاوز[/pullquote]
میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں جمعے کے روز تین لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ عالمی سطح پر میکسیکو کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر ہے۔ جمعے کے روز میکسیکو میں کورونا وائرس کے مزید 25 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو اس وبا کے آغاز سے اب تک کا دوسرا بدترین دن تھا، جب کہ وہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووِڈ انیس کی بیماری سے جڑی ہلاکتوں کی تعداد 168 رہی۔
[pullquote]صدر بائیڈن نے مائیکل کوُریلا کو ملکی فوج کی مرکزی کمان کا سربراہ نامزد کر دیا[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے لیفٹیننٹ جنرل مائیکل کُوریلا کو امریکی فوج کی مرکزی کمان کا سربراہ نامزد کر دیا ہے۔ جمعے کے روز پینٹاگون نے اس خبر کی تصدیق کر دی۔ اگر ملکی سینیٹ کوُریلا کے نام کی منظوری دیتی ہے، تو وہ وہ جنرل میکینزی کی جگہ سینٹرل کمانڈ کی سربراہی سنبھالیں گے۔ جنرل کُوریلا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کی کمان کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کوسووو، افغانستان اور عراق میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سن 2005 میں وہ عراقی شہر موصل میں گولی لگنے سے شدید زخمی بھی ہو گئے تھے۔
[pullquote]یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی کے معاملے میں ایران گفتگو کے لیے آمادہ[/pullquote]
ایران نے سن 2020 میں ایک یوکرائنی مسافر طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر متاثرہ ممالک کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم کینیڈا اور دیگر ممالک کی جانب سے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو ہرجانے کی ادائیگی کے مطالبات مسترد کر دیے ہیں۔ کینیڈا، برطانیہ، سویڈن اور یوکرائن نے جمعرات کے روز کا تھا کہ انہوں نے تہران کے ساتھ ہرجانے کی ادائیگی کی کوشش ختم کر دی ہیں اور اب معاملے کو بین الاقوامی قانون کے تحت نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔ جنوری 2020 میں تہران سے پرواز بھرنے کے چند ہی منٹوں بعد مار گرائے جانے والے اس جہاز میں سوار 176 افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق انہی چار ممالک سے تھا۔ اس واقعے میں جہاز میں سوار تمام افراد مارے گئے تھے۔