درخت قدرت کی وہ قیمتی نعمت ہیں جن کے بغیر زمین پر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔یہ نہ صرف زمین کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ انسانی زندگی اور قدرتی نظام کے لیے بھی نہایت ضروری ہیں۔انسان، جانور،پرندے اور بے شمار دیگر جاندار براہِ راست یا بالواسطہ طور پر درختوں پر انحصار کرتے ہیں۔اگر درخت نہ ہوں تو زمین پر زندگی کا توازن بگڑ جائے۔
درخت فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کر کے ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں جو سانس لینے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔صاف اور تازہ ہوا انسانی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔ درختوں کی موجودگی سے فضائی آلودگی کم ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں سانس اور دل کی بیماریاں کم ہو جاتی ہیں۔اس کے علاوہ درخت ماحول کے درجۂ حرارت کو متوازن رکھتے ہیں اور شدید گرمی،ہیٹ ویوز اور موسمی شدت سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔
درخت قدرتی ماحول کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ بارش کے نظام کو بہتر بناتے ہیں اور زمین میں نمی کو برقرار رکھتے ہیں۔ درختوں کی جڑیں مٹی کو مضبوطی سے تھامے رکھتی ہیں جس سے مٹی کا کٹاؤ رک جاتا ہے اور سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ جیسے قدرتی خطرات کم ہو جاتے ہیں۔زیرِ زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے میں بھی درختوں کا کردار بہت اہم ہے۔
درخت جانوروں اور پرندوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتے ہیں۔بے شمار پرندے، جنگلی جانور اور کیڑے مکوڑے درختوں پر رہتے اور اپنی غذا حاصل کرتے ہیں۔اگر درخت ختم ہو جائیں تو یہ جاندار بے گھر ہو جاتے ہیں اور کئی اقسام ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں، جس سے قدرتی نظام شدید متاثر ہوتا ہے۔
درخت ہمیں بے شمار معاشی فوائد بھی فراہم کرتے ہیں۔ان سے ہمیں پھل، لکڑی، ایندھن، ربڑ اور ادویات حاصل ہوتی ہیں۔ بہت سے لوگوں کا روزگار درختوں اور جنگلات سے وابستہ ہے۔ شہروں میں درخت نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ شور اور آلودگی کو کم کر کے زندگی کو پرسکون بناتے ہیں۔
بدقسمتی سے آج کل درختوں کی بے دریغ کٹائی نہایت تشویشناک صورت اختیار کر چکی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، صنعتی ترقی،سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے باعث جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ ماحولیاتی آلودگی، موسمی تبدیلیوں، شدید گرمی اور قدرتی آفات کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور موجودہ درختوں کی حفاظت کریں۔شجرکاری مہمات میں حصہ لینا، درختوں کی غیر ضروری کٹائی روکنا اور ماحول دوست رویے اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
درخت ہمارے زندگی کی اہم حصہ ہیں۔درختوں کی حفاظت دراصل اپنی اور آنے والی نسلوں کی حفاظت ہے۔اگر ہم نے آج درختوں کو نہ بچایا تو مستقبل میں ایک صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول سے محروم ہو جائیں گے۔