نیو یارک ( شازیہ نیئر ) پاکستانی سفیر کا نیویارک میں لاہور لٹریری فیسٹیول میں لاہور کے ثقافتی و ادبی ورثے کو خراج تحسین ۔ پاکستان میں لاہور کو وہی مقام حاصل ہے جو امریکہ میں نیو یارک کو حاصل ہے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر جناب رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی میں منعقدہ لاہور لٹریری فیسٹیول (LLF) میں شرکت کی۔ ان کے ہمراہ نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب عامر احمد آتوزئی بھی موجود تھے۔
سفیر نے اپنے افتتاحی خطاب میں لاہور کے بھرپور ثقافتی ورثے، ادبی روایات اور پاکستان کے فکری و فنی منظر نامے میں اس کے لازوال کردار پر روشنی ڈالی۔ اس تاریخی شہر سے اپنی دیرینہ ذاتی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے سفیر شیخ نے کہا کہ شان و شوکت، جوش و خروش اور ثقافتی اہمیت میں لاہور کا کوئی ثانی نہیں۔
سفیر رضوان شیخ نے پاکستان کے ادب، ڈرامہ، تھیٹر، فلم اور پرفارمنگ آرٹس میں لاہور کے عظیم اور مسلسل کردار کو اجاگر کیا اور اس شہر کو تخلیقی صلاحیتوں اور فکری مکالمے کا سرچشمہ قرار دیا۔ انہوں نے 1940 میں منظور کی گئی تاریخی قرارداد لاہور کا بھی ذکر کیا اور اسے سیاسی ادب کا ایک شاہکار قرار دیا جس نے حقیقت کا روپ دھار کر قیام پاکستان کی نظریاتی بنیاد فراہم کی۔
امریکہ سے موازنہ کرتے ہوئے سفیر شیخ نے کہا کہ پاکستان میں لاہور کو وہی مقام حاصل ہے جو امریکہ میں نیویارک کو حاصل ہے — ایک ایسا شہر جو ثقافتی تحرک، فکری توانائی اور قومی شناخت کا مظہر ہے۔
اس فیسٹیول میں ممتاز ادیبوں، دانشوروں اور فنکاروں نے شرکت کی، جس میں فنون لطیفہ اور ادب کا جشن منایا گیا اور پاکستان اور عالمی برادری کے درمیان ثقافتی تفہیم کو فروغ دیا گیا۔