کوٹ ادو میں 3 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم علاقے میں سبزی کی ریڑھی لگاتا تھا جو بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا اور اس نے بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تحصیل سرور شہید کے چک 571 ٹی ڈی اے میں متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بچی گھر سے کھیلنے نکلی تھی، واپس نہ آنے پر والدین نے تلاش شروع کی تو ایک گھر کے باہر سے رونے کی آواز آئی، مدعی مقدمہ کے مطابق موقع پر پہنچنے پر ملزم بچی سے زیادتی کررہا تھا جو والدین کو دیکھ کر فرار ہوگیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر گرفتار ملزم کی تصویر جاری کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ اس شخص کی عمر دیکھیں اور اس کا گھناؤنا فعل، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریک کرکے 2 گھنٹے میں گرفتار کرلیا گیا۔