جب جب مولانا فضل الرحمن صاحب ایک مضبوط اپوزیشن لیڈر کے طور پر ابھرتے ہیں تو یہ سوال ہر زبان زدِ عام ہو جاتا ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کو سیاسی سرگرمیوں اور اجتماعات کا حصہ کیوں بنایا جاتا ہے؟ بعض سیاسی رہنما اور میڈیا اینکرز اس عمل کو ’’مذہب کی سیاست‘‘ اور ’’طلبہ کے استحصالی استعمال‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔ تاہم، اگر اس مؤقف کا تاریخی، آئینی اور اخلاقی بنیادوں پر علمی تجزیہ کیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ایسے اعتراضات نہ صرف پاکستان کے تاریخی اور فکری پس منظر سے ناواقفیت کا عکاس ہیں بلکہ بنیادی انسانی اور آئینی حقوق کے بھی منافی ہیں۔
پاکستان کسی محض جغرافیائی یا لسانی بنیاد پر وجود میں نہیں آیا، بلکہ اس کی بنیاد دو قومی نظریے پر رکھی گئی تھی، جس کا بنیادی مقصد مسلمانوں کے لیے ایک ایسی آزاد ریاست کا حصول تھا جہاں وہ اپنے دینی، تہذیبی اور فکری اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
1857ء کی جنگِ آزادی سے لے کر قیامِ پاکستان تک، انگریز سامراج کے خلاف جدوجہد میں علماء اور دینی مدارس کے طلبہ نے نمایاں کردار ادا کیا۔ میدانِ شاملی ہو، مالٹا کی قید ہو یا تحریکِ خلافت، ہزاروں علماء اور طلبہ نے اس جدوجہد میں اپنی جانوں اور مال کے نذرانے پیش کیے۔
قیامِ پاکستان کی جدوجہد کا تذکرہ مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا ظفر احمد عثمانی اور دیگر جلیل القدر علماء کے کردار کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے۔ اس لیے جو طبقات اس ملک کے قیام کی جدوجہد میں شریک رہے ہوں، انہیں آج ملک کے سیاسی منظرنامے سے الگ کرنے کی منطق تاریخی حقائق سے چشم پوشی کے مترادف ہے۔
آئینی و قانونی زاویے سے دیکھا جائے تو آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو یکساں بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 16 (آزادیِ اجتماع)، آرٹیکل 19 (آزادیِ اظہارِ رائے) اور آرٹیکل 25 (مساواتِ حقوق) کے تحت تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں۔ کسی شہری کے تعلیمی ادارے یا تعلیمی پس منظر کی بنیاد پر اس کے بنیادی شہری حقوق میں امتیاز نہیں کیا جا سکتا۔
جس طرح کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بالغ طلبہ کو ووٹ ڈالنے، سیاسی جماعتوں سے وابستگی اختیار کرنے اور جلسے جلوسوں میں شرکت کا قانونی حق حاصل ہے، اسی طرح دینی مدارس کے بالغ طلبہ بھی ان حقوق سے محروم نہیں کیے جا سکتے۔ کسی شخص کا دینی تعلیم حاصل کرنا اس کے آئینی اور شہری حقوق سلب کرنے کا جواز نہیں بن سکتا۔ یہ بنیادی نکتہ تنقید کرنے والے سیاست دانوں اور میڈیا اینکرز کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔
جب یونیورسٹیوں کے طلبہ احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں، طلبہ یونینز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں یا کسی سیاسی جماعت کے احتجاج میں شریک ہوتے ہیں تو اسے ’’جمہوری شعور‘‘ اور ’’نوجوانوں کی سیاسی تربیت‘‘ کا نام دیا جاتا ہے، لیکن یہی حق جب مولانا فضل الرحمن صاحب کے ساتھ کھڑے دینی مدارس کے بالغ طلبہ استعمال کرتے ہیں تو اسے ’’استحصال‘‘ قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہ دوہرا معیار آخر کس اصول اور منطق کے تحت درست قرار دیا جا سکتا ہے؟
مولانا فضل الرحمن صاحب یا کسی بھی مذہبی و سیاسی قیادت کی پالیسیوں سے اختلاف کرنا ہر شہری کا جمہوری حق ہے، لیکن دینی مدارس کے بالغ طلبہ کی پُرامن سیاسی شرکت کو محض ان کے تعلیمی پس منظر کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانا قانونی، اخلاقی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے، نیز یہ تاریخی حقائق سے چشم پوشی بھی ہے۔