بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں خواتین کے لیے سوشل میڈیا جہاں تعلیم، معلومات اور اظہارِ خیال کے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے، وہیں آن لائن ہراسمنٹ، جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، نازیبا پیغامات، بلیک میلنگ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی تصاویر اور ویڈیوز جیسے مسائل بھی تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ سماجی روایات، قبائلی اقدار، خاندانی دباؤ اور بدنامی کے خوف کے باعث متاثرہ خواتین اکثر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو منظرِ عام پر لانے یا متعلقہ اداروں سے شکایت کرنے سے گریز کرتی ہیں۔
موبائل فون اور انٹرنیٹ اب طالبات کی تعلیمی زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم لڑکیاں آن لائن کلاسز، تحقیقی مواد، اسائنمنٹس، اسکالرشپس اور معلومات کے حصول کے لیے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ سے استفادہ کرتی ہیں، لیکن اسی ڈیجیٹل دنیا میں بعض اوقات انہیں غیر ضروری رابطوں، نازیبا تبصروں، جعلی اکاؤنٹس، تصاویر کے غلط استعمال اور آن لائن بلیک میلنگ جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
یہ صورتحال اس اہم سوال کو جنم دیتی ہے کہ کیا خواتین کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روک دینا مسئلے کا حل ہے یا انہیں ڈیجیٹل تحفظ، قانونی آگاہی اور محفوظ آن لائن ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے؟
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی سب کیمپس نوشکی کی ایک طالبہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سوشل میڈیا طالبات کے لیے تعلیم، تحقیق اور معلومات کے حصول میں ایک بڑی سہولت ہے۔ آن لائن کلاسز، تحقیقی مواد اور اسکالرشپس سے متعلق معلومات اب باآسانی دستیاب ہیں، تاہم اس کے منفی پہلو بھی موجود ہیں، جن میں وقت کا ضیاع، غلط معلومات، ذہنی دباؤ اور پرائیویسی کے مسائل شامل ہیں۔
طالبہ کے مطابق قبائلی معاشرے میں طالبات کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کے دوران انجان نمبروں سے غیر ضروری رابطوں، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ہراساں کرنے، نازیبا تبصروں اور تصاویر کے غلط استعمال جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اکثر طالبات بدنامی کے خوف سے ایسے واقعات اپنے گھر والوں تک پہنچانے سے بھی گریز کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ طالبات کو یہ خدشہ بھی لاحق رہتا ہے کہ اگر انہوں نے گھر والوں کو واقعے سے آگاہ کیا تو ان کا موبائل فون لے لیا جائے گا یا ان کی تعلیم ہی بند کر دی جائے گی۔ بعض والدین کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ آن لائن ہراسمنٹ بھی ایک جرم ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہے۔
طالبہ نے تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل سیفٹی اور سائبر ایتھکس سے متعلق باقاعدہ تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طالبات کو یہ بتایا جانا چاہیے کہ آن لائن ہراسمنٹ کی صورت میں کہاں اور کیسے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں میں خواتین کے لیے ایسے شکایتی مراکز بھی قائم ہونے چاہئیں جہاں ان کی شناخت اور رازداری کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی سب کیمپس نوشکی کی ایک خاتون ٹیچر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی دونوں پہلو ہیں۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز، مثلاً چیٹ جی پی ٹی، تعلیمی مسائل حل کرنے، پروجیکٹس تیار کرنے اور تحقیق میں مدد فراہم کرتے ہیں، لیکن غیر ضروری سرگرمیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے وقت کا ضیاع اور دیگر مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔
خاتون ٹیچر کے مطابق قبائلی معاشرے میں خواتین کو اپنی الگ شناخت کے بجائے اکثر کسی کی بیٹی، بہن یا بیوی کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ ایسے میں اگر کسی خاتون کو آن لائن ہراسمنٹ کا سامنا ہو تو اس واقعے کو صرف اس خاتون تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے خاندان کی عزت اور سماجی حیثیت سے جوڑ دیا جاتا ہے، جس کے باعث متاثرہ خواتین خاموشی اختیار کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو یہ خوف بھی ہوتا ہے کہ اگر انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں گھر والوں کو بتایا تو ان کی ملازمت ختم کروا دی جائے گی، تعلیم چھڑوا دی جائے گی یا انہیں گھر تک محدود کر دیا جائے گا۔
خاتون ٹیچر نے بتایا کہ وہ خود بھی یونیورسٹی اور کالجز میں طالبات کے لیے آگاہی سیشنز منعقد کرتی ہیں، جہاں انہیں آن لائن ہراسمنٹ سے بچاؤ، شکایت درج کرانے کے طریقہ کار اور قانونی معاونت کے دستیاب راستوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں اور طالبات کو ایسا اعتماد اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ کسی بھی مسئلے کو بلاخوف بیان کر سکیں۔ ان کے مطابق متاثرہ طالبات کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے ان کی بات سننا اور بروقت مدد فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ ہراساں کرنے والا مجرم ہوتا ہے، متاثرہ خاتون نہیں۔
خواتین کو سائبر ہراسمنٹ کے خلاف کیا قانونی تحفظ حاصل ہے؟
سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے، جعلی اکاؤنٹس بنانے، مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی اور نازیبا تصاویر و ویڈیوز تیار کرنے اور انہیں بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کے خلاف پاکستان میں موجودہ سائبر قوانین کے تحت قانونی کارروائی ممکن ہے۔
اس حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ کی وکیل ریحانہ اکبر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے بنیادی قانون پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 ہے، جس میں 2025 کی ترمیم کے ذریعے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق سائبر جرائم کی تحقیقات کی ذمہ داری اب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے پاس ہے۔
ریحانہ اکبر ایڈووکیٹ کے مطابق کسی خاتون کی تصویر یا شناخت کو اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرکے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانا، اے آئی کے ذریعے نازیبا تصاویر یا ویڈیوز تیار کرنا، انہیں پھیلانا یا ان کے ذریعے بلیک میل کرنا قابلِ سزا جرائم میں شامل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ PECA کی دفعہ 16 شناخت کے غیر مجاز استعمال، دفعہ 20 عزت و وقار کے خلاف جرائم، دفعہ 21 حیا اور عصمت کے خلاف جرائم جبکہ دفعہ 24 سائبر اسٹاکنگ سے متعلق ہے۔ اسی طرح 2025 کی ترمیم کے تحت دفعہ 26-A بھی شامل کی گئی ہے، جو مخصوص حالات میں جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے سے متعلق ہے۔
ان کے مطابق بعض واقعات میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 509، 506 اور 507 کے تحت بھی کارروائی ممکن ہے، جبکہ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کی صورت میں متعلقہ ہراسمنٹ قوانین کے تحت شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔
آن لائن ہراسمنٹ کی شکایت کہاں درج کرائی جائے؟
ریحانہ اکبر ایڈووکیٹ کے مطابق سائبر ہراسمنٹ، جعلی اکاؤنٹس، ڈیپ فیک تصاویر اور آن لائن بلیک میلنگ سے متاثرہ خواتین نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے رجوع کر سکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے آن لائن پورٹل complaint.nccia.gov.pk، ہیلپ لائن 1799 اور متعلقہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے متاثرہ خواتین کو مشورہ دیا کہ واقعے سے متعلق پیغامات، اسکرین شاٹس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لنکس اور دیگر دستیاب ڈیجیٹل شواہد محفوظ رکھیں اور بلیک میلر کو رقم ادا کرنے کے بجائے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ قابلِ اعتراض مواد ہٹوانے کے لیے متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے، کیونکہ شکایت درج کرانا اور سوشل میڈیا سے مواد ہٹوانا دو الگ اقدامات ہیں۔
قبائلی معاشرے میں خاموشی کیوں؟
ریحانہ اکبر ایڈووکیٹ کے مطابق بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں بدنامی کا خوف، خاندانی دباؤ اور سماجی پابندیاں خواتین کے لیے سائبر ہراسمنٹ کی شکایت درج کرانے میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ تاہم متاثرہ خواتین کو یہ سمجھنا چاہیے کہ آن لائن ہراسمنٹ کا شکار ہونا ان کی غلطی نہیں اور انہیں قانونی تحفظ حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی شکایات آن لائن درج کرا سکتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر خاتون اہلکار سے بات کرنے کی درخواست بھی کر سکتی ہیں۔ اگر کوئی خاتون خود شکایت درج کرانے کی پوزیشن میں نہ ہو تو قابلِ اعتماد رشتہ دار، وکیل یا خواتین کی تنظیم قانونی معاونت فراہم کر سکتی ہے، تاہم متعلقہ ادارے قانونی کارروائی کے لیے متاثرہ خاتون کا بیان بھی طلب کر سکتے ہیں۔
حکومت اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری
ریحانہ اکبر ایڈووکیٹ نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں خواتین کے لیے علیحدہ شکایتی ڈیسک، خاتون تفتیشی افسران اور اردو، بلوچی و پشتو زبانوں میں شکایت درج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کے مطابق سائبر جرائم کی تحقیقات کے لیے جدید فرانزک سہولیات، خصوصی پراسیکیوٹرز، تیز رفتار عدالتی نظام اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق آگاہی، خواتین کو مفت قانونی معاونت اور نفسیاتی مشاورت فراہم کی جانی چاہیے۔
خاموشی نہیں، تحفظ اور اعتماد ضروری ہے
بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں خواتین کو آن لائن ہراسمنٹ سے محفوظ رکھنے کے لیے صرف قوانین بنانا کافی نہیں، بلکہ ان قوانین پر مؤثر عمل درآمد، عوامی آگاہی، تعلیمی اداروں میں عملی تربیت اور خاندانوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی بھی ضروری ہے۔
والدین کو چاہیے کہ وہ بیٹیوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے سے روکنے یا کسی واقعے کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے انہیں ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہنے کی تربیت دیں اور ان کی بات اعتماد کے ساتھ سنیں۔ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ طالبات کے لیے محفوظ اور خفیہ شکایتی نظام قائم کریں، جبکہ متعلقہ سرکاری ادارے متاثرہ خواتین کو بلاخوف قانونی معاونت فراہم کریں۔
کیونکہ جدید ٹیکنالوجی سے خواتین کو دور رکھنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ انہیں محفوظ ڈیجیٹل ماحول، آگاہی اور قانونی تحفظ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آن لائن ہراسمنٹ کا شکار خاتون قصوروار نہیں، قصوروار وہ شخص ہے جو ٹیکنالوجی کو کسی کی عزت، شناخت اور زندگی کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔