پشاور (23 نومبر 2026ء) پشتو زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ میں خواتین کے تاریخی، علمی اور ادبی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے پشتو اکیڈمی، جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام ایک روزہ علمی و ادبی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا مرکزی موضوع ’’پشتو زبان، ادب اور ثقافت کی ترقی میں خواتین کا کردار‘‘ تھا۔
اس علمی و ادبی تقریب کا مقصد پشتو زبان کی ترویج، ادبی سرمائے کے تحفظ، ثقافتی روایات کی بقا اور معاشرے میں خواتین کی علمی، تحقیقی اور تخلیقی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔
پشتو زبان محض اظہار و ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ پشتون قوم کی تاریخ، تہذیب، روایات اور اجتماعی شناخت کی امین ہے۔ اس زبان کے ادبی ارتقا میں خواتین نے شاعری، افسانہ نگاری، تحقیق، تنقید، تدریس اور صحافت کے میدانوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
افتتاحی نشست
سیمینار کی افتتاحی نشست کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی،پرو وائس چانسلر جامعہ پشاور نے کی،جبکہ مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ شاہین،پرو وائس چانسلر جامعہ پشاور،اعزازی مہمان تھیں۔نشست کی میزبانی پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ حیات،ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی نے کی،جبکہ نظامت کے فرائض نگہت سیما کاکاخیل نے انجام دیے۔
اس موقع پر مہمانانِ گرامی اور میزبان کو پشتون روایات کے مطابق روایتی چادریں پہنا کر خوش آمدید کہا گیا، جو پشتون ثقافت کی مہمان نوازی اور احترام کی خوب صورت روایت کی عکاسی کرتا ہے۔
پہلی علمی و ادبی نشست
سیمینار کی پہلی علمی و ادبی نشست کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے کی۔اس نشست میں کلثوم زېب،ثمینہ قادر اور زاہدہ تنہا نے مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض نگہت سیما کاکاخیل نے انجام دیے۔
اس نشست میں پشتو زبان و ادب کے مختلف تحقیقی اور ادبی موضوعات پر مقالے پیش کیے گئے۔ان میں پشتو ترجمہ نگاری پر ڈاکٹر بشریٰ خاتون،پشتو ادب میں ثقافتی و تنقیدی کردار پر ڈاکٹر شکریہ قادر، پشتو لوک ادب میں خواتین کے کردار پر ڈاکٹر فرزانہ رسول صنم، پشتون خواتین شاعرات کی شاعری میں قوم پرستی کے رجحانات پر ڈاکٹر نگینہ خانم، پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ شاہین کی ادبی خدمات پر ڈاکٹر عظمیٰ اور خدائی خدمت گار تحریک میں خواتین کارکنوں کے کردار پر عقیلہ بیگم کے تحقیقی مقالے شامل تھے۔
دوسری علمی و ادبی نشست
دوسری علمی و ادبی نشست کی صدارت سیدہ حسینہ گل نے کی۔ اس نشست میں ڈاکٹر روشن کلیم،نہایت بیگم اور ڈاکٹر بی بی مریم نے مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض عقیلہ بیگم نے انجام دیے۔
اس نشست میں پشتو ناول نگاری، افسانہ نگاری،خواتین کی شاعری میں مزاحمت، پشتو آزاد نظم میں خواتین کی خدمات،غني خان کی شاعری میں عورت کا تصور، افغانستان میں پشتو زبان و ثقافت کے فروغ میں خواتین کا کردار، افغان خواتین کی ادبی و ثقافتی خدمات، جدید پشتو خواتین افسانہ نگاروں اور ملاکنڈ ڈویژن میں خواتین کی شاعری کی روایت و ارتقا جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔
ان موضوعات پر ڈاکٹر پاغوندہ مختیار،کلثوم زېب، نگہت سیما کاکاخیل، ڈاکٹر تحمل خوارزی خیل،ڈاکٹر خالد نسیم،یاسمین وزیري، قندِی صافی،آریانا حقپال اور نوشین بی بی (رنا اتمانخېل) نے اپنے تحقیقی و ادبی مقالے پیش کیے۔
افغانستان سے خواتین ادیبوں کی آن لائن شرکت
سیمینار کی ایک اہم خصوصیت افغانستان سے تعلق رکھنے والی خواتین ادیبوں اور قلم کاروں کی آن لائن شرکت بھی تھی۔انہوں نے جدید مواصلاتی ذرائع کے ذریعے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات اور علمی و ادبی آرا کا اظہار کیا۔ان کی شرکت نے اس سیمینار کو بین الاقوامی ادبی روابط اور پاک افغان علمی و ثقافتی تعلقات کے حوالے سے مزید اہمیت بخشی۔
اس شرکت سے یہ پیغام بھی سامنے آیا کہ زبان،ادب اور ثقافت کی ترویج سرحدوں کی پابند نہیں، بلکہ مشترکہ علمی و ادبی کوششوں کے ذریعے مختلف ممالک کی ادبی شخصیات کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے۔
اختتامی نشست
سیمینار کی اختتامی نشست کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر روبینہ شاہین، پرو وائس چانسلر جامعہ پشاور نے کی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ حیات، ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی نے بطور میزبان تقریب کے انتظامات کی نگرانی کی۔
اس موقع پر علمی و ادبی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ پشتو خاکہ مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف علمی و ادبی شخصیات نے اپنے تخلیقی کلام اور ادبی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ حیات، ڈاکٹر شیر زمان سیماب، ڈاکٹر بشریٰ خاتون، ڈاکٹر پاغوندہ مختیار، ڈاکٹر ظفر بخشالی، گل شاد خان اور صائمہ گل نے پروگرام کو اپنے نگرانی میں خوبصورتی سے سر انجام دیں۔
خواتین کا ادبی کردار اور مستقبل کی ضرورت
سیمینار کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ پشتو زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ میں خواتین کی خدمات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین شاعرات، افسانہ نگاروں، محققین اور دانش وروں نے اپنے قلم کے ذریعے نہ صرف ادبی روایت کو آگے بڑھایا بلکہ معاشرتی مسائل، انسانی جذبات، خواتین کے حقوق، تعلیم اور سماجی شعور جیسے اہم موضوعات کو بھی ادبی اظہار کا حصہ بنایا ہے۔
پشتو زبان کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ خواتین ادیبوں، شاعرات، محققین اور طالبات کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے۔
یہ سیمینار پشتو زبان و ادب میں خواتین کی علمی و تخلیقی خدمات کے اعتراف، ان کے تاریخی کردار کو اجاگر کرنے، افغانستان اور پاکستان کی خواتین ادبی شخصیات کے مابین روابط کو فروغ دینے اور نئی نسل میں ادبی شعور بیدار کرنے کی ایک اہم علمی و ادبی کاوش ثابت ہوا۔