زندگی داؤ پر، کیمرہ ہاتھ میں: ویڈیو جرنلسٹ تحفظ اور تربیت سے محروم

یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں صحافت میں نووارد تھا اور ڈان ٹی وی میں کام کرتا تھا۔ میں بحیثیت کیمرہ مین اور رپورٹر ممتاز بنگش مسجد میں ایک جرگے کی کوریج کے لیے موجود تھا۔ اچانک میرے کان میں آواز پڑی کہ یہاں دو جاسوس ہیں، جنہیں گولی مار دینے کا کہا گیا ہے۔ یہ سنتے ہی ہمارے اردگرد لوگ جمع ہونا شروع ہوگئے۔ ہماری سانسیں رکنے لگیں اور ہمیں محسوس ہونے لگا کہ شاید اب آخری وقت آگیا ہے۔

اسی دوران ہنگو کے ایک رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) نے ہمیں دیکھ لیا۔ وہ ہماری طرف آئے اور ان لوگوں سے کہنے لگے کہ یہ مہمان ہیں، میں انہیں پہچانتا ہوں، مجھے ان سے بات کرنے دو۔ چونکہ وہ پشاور میں اسمبلی کے اجلاسوں میں آتے تھے اور ہم بھی وہاں کوریج کے لیے موجود ہوتے تھے، اس لیے وہ ہمیں پہچان گئے کہ ہم صحافی ہیں۔ انہوں نے ہماری جان چھڑائی۔

ہم کسی گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر آٹھ گھنٹے کا سفر طے کرکے واپس آئے۔ سارے راستے میں یہی سوچتا رہا کہ اب مجھے صحافت چھوڑ دینی چاہیے۔ اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ مجھے علم نہیں تھا کہ اس کوریج کے دوران میری جان بھی جا سکتی ہے۔ اگر مجھے تربیت دی گئی ہوتی کہ کس طرح کوریج کرنی ہے، کیا اصول و ضوابط ہیں اور اپنی سیکیورٹی کے لیے کن اقدامات کے ساتھ فیلڈ میں جانا ہے، تو شاید میں اتنے برے حالات سے نہ گزرتا اور نہ ہی اضطراب (اینزائٹی) کا شکار ہوتا۔

یہ کہنا ہے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (BBC) کے نمائندے اور ویڈیو جرنلسٹ فورم کے صدر بلال احمد کا۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ادارے بی بی سی کے ساتھ کام کرنا انہیں بالکل مختلف محسوس ہوتا ہے۔

ان کے مطابق یہاں انسان کی اہمیت کسی مس ہو جانے والے شاٹ سے کہیں زیادہ ہے۔ دورانِ کام محفوظ طریقے اپنانے، سیفٹی اور سیکیورٹی کے اقدامات کرنے، ذہنی صحت کا خیال رکھنے اور مشکل حالات میں رپورٹر اور کیمرہ مین کو سپورٹ کرنے سمیت بہت سے اقدامات کیے جاتے ہیں، جن کی بدولت کیمرہ مین اچھے شاٹس، بہترین فوٹیج اور معلومات ادارے کو فراہم کرنے کے ساتھ خود بھی محفوظ رہتا ہے۔

تاہم، پاکستان میں عام طور پر اداروں کی جانب سے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے افراد کو محفوظ طریقے سے کام کرنے کی آگاہی نہیں دی جاتی، نہ ہی کسی تشدد کے واقعے کے بعد عموماً کیمرہ مین کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ بلکہ اگر ایک چھوٹا سا شاٹ بھی رہ جائے تو ادارہ ڈانٹ دیتا ہے۔ اس حوالے سے ہماری کمیونٹی، کلب اور یونین بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔

ویڈیو جرنلسٹ فورم کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں فورم کے ساتھ 98 کیمرہ مین رجسٹرڈ ہیں، جبکہ کیمرہ مینوں کی ایک بڑی تعداد فورم کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں۔ وہ مختلف ڈیجیٹل میڈیا اداروں اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھی فرائض انجام دے رہی ہے۔

خیبر یونین کے جنرل سیکریٹری اور پشاور پریس کلب کے فنانس سیکریٹری ارشاد علی خان کا کہنا ہے کہ ویڈیو جرنلسٹس ہر طرح کے سنگین حالات میں بھی فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہوتے ہیں، لیکن کئی ادارے اپنے ملازمین کی زندگی اور صحت سے زیادہ اپنے کیمروں کو فوقیت دیتے ہیں۔

ان کے مطابق، جب کسی حادثے کی اطلاع ملتی ہے تو پہلے یہ سوال کیا جاتا ہے کہ کیمرہ تو نہیں ٹوٹا یا خراب ہوا؟ اور یہ مطالبہ کیا جاتا ہے کہ دوسرے چینل کا کیمرہ مین جو فوٹیج دکھا رہا ہے، وہ آپ کے پاس کیوں نہیں؟ حالانکہ دونوں کے وسائل مختلف ہوتے ہیں۔ بعض افراد اپنی نوکری بچانے اور ادارے کی شاباش حاصل کرنے کے لیے تشویش ناک اور نازک ترین حالات کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔

ارشاد علی خان کا کہنا ہے کہ خیبر یونین نے آئی سی آر سی (ICRC) کے تعاون سے ویڈیو جرنلسٹس کو سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کی باقاعدہ تربیت دی، تاکہ وہ فیلڈ میں دہشت گردی کے واقعات، سرحدی علاقوں، جنگی زونز اور احتجاج کے دوران محفوظ طریقے سے کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صحافیوں اور کیمرہ مینوں کو نہ صرف سیفٹی کٹس، ہیلمٹ، بلٹ پروف جیکٹس وغیرہ فراہم کریں، بلکہ انہیں باقاعدہ تربیت بھی دیں۔

پاکستان بھر میں صحافیوں کو دھمکیوں، حملوں اور قانونی دباؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے صحافیوں کی سیفٹی اور سیکیورٹی کے لیے کام کرنے والی تنظیم فریڈم نیٹ ورک کی ماہانہ رپورٹ، اگست 2026، کے مطابق پاکستان بھر میں صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف مختلف نوعیت کے دھمکیوں کے آٹھ واقعات رپورٹ کیے گئے۔

رپورٹ میں درج واقعات میں قتل کی دھمکیاں، قانونی کارروائی کی دھمکیاں، عملی طور پر قانونی کارروائیاں اور صحافیوں کے گھروں اور اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے کے واقعات شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضروری ہے کہ میڈیا ادارے ان افراد کی نشاندہی کریں جنہیں کام کے دوران خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خطرناک اسائنمنٹس پر بھیجنے سے پہلے عملے کو ضروری تربیت دیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رابطے اور فوری امداد کا نظام قائم رکھیں، متاثرہ صحافی کو ضروری معاونت فراہم کریں، اور حملے کے بعد متعلقہ اسائنمنٹ کی معلومات اور ریکارڈ محفوظ رکھیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر فراہم کیے جا سکیں۔

آجر بھی صحافیوں کو حفاظتی طریقہ کار، ہنگامی رابطہ نمبرز، انشورنس، قانونی معاونت اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کریں۔ تحفظ کا دائرہ ان تمام افراد تک وسیع ہونا چاہیے جو عملی طور پر خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں، جن میں ضلعی نمائندگان، فری لانسرز، اسٹرنگرز، کیمرہ پرسنز اور معاون عملہ شامل ہیں۔ یہ تحفظ صرف مستقل ملازمت کرنے والے نیوز روم کے ملازمین تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

پشاور پریس کلب کے سابق نائب صدر اور ویڈیو جرنلسٹ فورم کے سابق نائب صدر، ویڈیو جرنلسٹ شیخ محمد رضوان، جو 24 سال سے صحافت کے میدان میں ہیں اور ایک بڑے ادارے جیو نیوز سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کے بڑے اداروں اور بین الاقوامی اداروں میں سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے، لیکن ہمارے باقی درجنوں چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے سینکڑوں ویڈیو جرنلسٹس کو نہ تو انشورنس فراہم کی جاتی ہے، نہ حفاظتی کٹس اور نہ ہی تربیت۔ بس کیمرہ تھما کر ڈیوٹی پر بھیج دیا جاتا ہے کہ جاکر دھماکوں، سانحات، قدرتی آفات یا آنسو گیس اور شیلنگ کے دوران احتجاج کی کوریج کریں اور انہیں وہی مواد فراہم کریں جو بڑے اداروں کے محفوظ کیمرہ مین دے رہے ہوتے ہیں۔

فرنٹ لائن پر ہونے کے باعث کیمرہ مین زیادہ تر تشدد کا نشانہ بنتے ہیں۔ ہمارے ڈان نیوز کے کیمرہ مین اشفاق حسین، خلیل الرحمن اور جیو نیوز کے صدیق سمیت بہت سے ویڈیو جرنلسٹس پر دورانِ ڈیوٹی تشدد ہوا۔ اشفاق حسین کو بندوق کے چھرے لگے، خلیل الرحمن کا سر پھوڑا گیا، جبکہ احتجاج کے دوران صدیق کو بھی چھرے لگے۔

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ خیبر پختونخوا کے صحافی حالتِ جنگ اور امن و امان کی ابتر صورتحال میں اداروں کو کوریج فراہم کر رہے ہیں۔ لہٰذا خاص طور پر کیمرہ مینوں کو ٹول کٹس، حفاظتی کٹس اور سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کی باقاعدہ تربیت دینے کا تمام اداروں کو پابند بنایا جائے، کیونکہ زندگی ہے تو صحافت ہے، اور صحت ہے تو نوکری ہے۔

سینئر کیمرہ مین شاہد احمد نے بتایا کہ خیبر پختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں فیلڈ جرنلزم کرتے ہوئے ہمیں اکثر ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں ہماری جان خطرے میں ہوتی ہے۔ ہر منظر کو کیمرے میں محفوظ کرنا ہماری ڈیوٹی ہوتی ہے۔

اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں چند سال قبل امریکی قونصل خانے پر حملے کے وقت ہم سیکیورٹی اہلکاروں کے منع کرنے کے باوجود آگے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اہلکاروں نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے سڑک کی دوسری طرف منتقل کیا۔ عین اسی مقام پر زوردار دھماکہ ہوگیا اور ہم بال بال بچ گئے۔

اس دور میں چھوٹا دھماکہ کرکے ہجوم اکٹھا کیا جاتا اور دوبارہ دھماکہ کردیا جاتا تھا۔ اسی طرح خیبر سپر مارکیٹ میں بھی ایک ہوٹل کے واش روم میں چھوٹا دھماکہ ہوا۔ میں کوریج کے لیے پہنچا، لیکن ڈی وی (DV) لے جانا بھول گیا۔ جب ڈی وی لینے واپس آیا تو دوسرا انتہائی زوردار خودکش دھماکہ ہوگیا۔

اس واقعے میں صحافیوں اور کیمرہ مینوں سمیت کئی افراد متاثر ہوئے، جبکہ ایک صحافی شہید بھی ہوا۔ میں نے زخمیوں کی مدد کے لیے لوگوں کو آوازیں دیں، لیکن وہ تماشائی بنے کھڑے رہے۔

نوشہرہ چوک میں قاضی حسین احمد کے جلسے کی کوریج کے دوران بھی ایک واقعہ پیش آیا۔ میں جس مین ہول پر کھڑا تھا، وہاں سے اتر کر آگے بڑھا تو اسی مقام پر دھماکہ ہوگیا۔ یہ تمام واقعات آج بھی یاد آتے ہیں تو رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

ان تجربات کی بنیاد پر میں نے یہ سمجھا کہ کیمرہ مینوں کو تربیت دی جانی چاہیے۔ دھماکے یا کسی ناخوشگوار واقعے کے فوراً بعد جائے وقوعہ کی طرف نہ بھاگیں، محفوظ فاصلے سے کوریج کریں، غیر ضروری ہجوم نہ بنائیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات اور ریڈ لائن کی مکمل پابندی کریں، تاکہ محفوظ رہ کر ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ میڈیا ادارے اور پریس کلب سال میں کم از کم دو سے تین مرتبہ سیفٹی ورکشاپس منعقد کریں۔ پندرہ سے بیس افراد کے چھوٹے گروپس بنا کر تربیت دی جائے، دھماکوں، فائرنگ، ہجوم، فرسٹ ایڈ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت دی جائے، جبکہ ہیلتھ اور لائف انشورنس بھی یقینی بنائی جائے۔

16 سال سے مختلف اداروں میں کیمرہ مین کے فرائض سرانجام دینے والے شیخ اشفاق حسین نے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے صحافت کے میدان میں قدم رکھا تو مجھے مظاہرے کی کوریج کے لیے بھیج دیا گیا۔ مظاہرین کچھ کاغذات جلا رہے تھے۔ میں نے ان نوجوان لڑکوں سے کہا کہ خیال کرو، ان کاغذات میں اللہ کا نام بھی ہو سکتا ہے۔

بس اتنا کہنا تھا کہ انہوں نے میرا گھیراؤ کرکے مجھے پیٹنا شروع کردیا۔ انہی میں کچھ سمجھ دار افراد نے میرے ہاتھ میں ادارے کا کیمرہ دیکھ کر مجھے بچایا اور محفوظ مقام تک پہنچایا۔ بعد میں جب مجھ پر تشدد کی بات پریس کلب پہنچی تو پریس کلب کے سینئر صحافی شمیم شاہد نے مجھے بتایا کہ صحافیوں کا کام صرف کوریج کرنا اور رپورٹ کرنا ہوتا ہے۔ ہم کسی بھی جگہ کسی کو نصیحت نہیں کر سکتے، نہ ہی کسی کو اپنے کام سے روکنے سے ہمارا کوئی تعلق ہے۔

ایک اور واقعے میں، جب گورا قبرستان کے پاس دھماکہ ہوا، میں اپنے دفتر میں نائٹ ڈیوٹی پر تھا۔ صبح پانچ بجے ہونے والے دھماکے کی آواز سے میں اٹھ گیا اور فوراً کیمرہ اٹھا کر جائے وقوعہ پر چلا گیا۔ جلدی میں اپنا کارڈ اٹھانا بھول گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مجھے پکڑ لیا۔ وہ میری ایک بات بھی نہیں سن رہے تھے اور مجھے لے جا رہے تھے۔

جب میڈیا کے ساتھی کوریج کے لیے پہنچے تو انہوں نے بتایا کہ یہ کوئی مشکوک آدمی نہیں، بلکہ ویڈیو جرنلسٹ ہے، تب میری جان چھوٹی۔

اگر میری تربیت کی گئی ہوتی تو مجھے معلوم ہوتا کہ بہت جلد جائے وقوعہ پر نہیں جانا چاہیے، اور اگر جانا ہو تو مکمل تیاری کے ساتھ جانا چاہیے۔ ریٹنگ سے زیادہ آپ کی زندگی ضروری ہے۔

یہ ذمہ داری یونین، پریس کلب کے ساتھ ساتھ اداروں کی بھی ہے کہ جب وہ کیمرہ مین اور رپورٹرز کو بھرتی کریں تو سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کی دو سے چار روزہ تربیت ضرور دیں، خاص طور پر اس فیلڈ میں نئے آنے والوں کو تربیت دی جائے۔

راقم نے بھی اپنے مشاہدات کا ذکر کیا ہے کہ بین الاقوامی ادارے، این جی اوز اور فنڈڈ ادارے جب سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کی تربیت دیتے ہیں تو ان میں زیادہ تر مرد و خواتین رپورٹرز ہوتے ہیں۔ ڈیسک کے افراد کی تعداد بھی بہت کم ہوتی ہے، اور خاص طور پر کیمرہ مینوں کو تربیتی اور آگاہی ورکشاپس میں بالکل بھی شامل نہیں کیا جاتا۔

چونکہ کیمرہ مین وقوعے کے مقام پر ہاتھ میں کیمرہ لیے کھڑا ہوتا ہے، لہٰذا وہ زیادہ اور جلد خطرے اور تشدد کا شکار ہو سکتا ہے، لیکن انہیں تربیت دیتے وقت نظر انداز کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی اداروں میں تو ایک ہی شخص کیمرہ مین، رپورٹر، ایڈیٹر اور دیگر تمام ذمہ داریاں انجام دے کر مکمل رپورٹ فراہم کرتا ہے، لیکن پاکستانی اداروں میں ابھی یہ کلچر عام نہیں۔ یہاں کیمرہ مینوں کے الگ فرائض ہیں، لہٰذا انہیں الگ سے تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے