09 اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کینیڈا کو تیل کی ترسیل پہلے کی طرح جاری رہے گی، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے کہا ہے کہ سفارتی تنازعے کے باوجود کینیڈا کو تیل کی ترسیل متاثر نہیں ہو گی۔ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے آج جمعرات کو بتایا کہ سعودی پالیسی کے مطابق سیاسی معاملات کو پیٹرول کی سپلائی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائےگا۔ ان کے بقول کینیڈا میں ان کے صارفین کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا سالانہ حُجم چار ارب ڈالر ہے۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ کے سعودی عرب میں زیر حراست انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کے مطالبے پر دونوں ممالک کے مابین کشیدگی جاری ہے۔

[pullquote]اسپین کا پچاسی سالہ خطرناک ترین مافیا لیڈر پکڑا گیا[/pullquote]

اسپین میں ملک کے خطرناک ترین مافیا لیڈر مانوئل چارلین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہسپانوی پولیس نے آج جمعرات کو بتایا کہ پچاسی سالہ مانوئل چارلین کو شمال مغربی اسپین سے دیگر 18 مجرموں کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔ اس دوران پولیس نے کوکین کی بہت بڑی مقدار بھی اپنے قبضے میں لے لی۔ پولیس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر چارلین کی وجہ شہرت اس کے انتہائی مہلک، پرتشدد اور تکلیف دہ حربے ہیں۔ چارلین کی قیادت میں کام کرنے والا جرائم پیشہ گروہ اسپین کا انتہائی خطرناک مافیا گروپ تھا۔

[pullquote]کینیڈا کے لیے تیل کی سپلائی برقرار رہے گی، سعودی وزیر توانائی[/pullquote]

سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالِح نے کہا ہے کہ ریاض اور اوٹاوا حکومتوں کے درمیان سفارتی تنازعے کے باوجود کینیڈا کے لیے سعودی خام تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔ خالد الفالِح کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب نے کینیڈا سے درآمد کیے جانے والی اجناس پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سعودی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سیاسی کشیدگی سے متاثر نہیں ہو گی۔ اُدھر ایک روز قبل سعودی وزیر خارجہ نے کینیڈا سے کہا کہ وہ اپنی بڑی غلطی کی درستی کرے۔ یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارت کا سالانہ حجم چار ارب ڈالر کے مساوی ہے۔

[pullquote]طالبان حملوں میں کم از کم تیس افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں[/pullquote]

افغان سکیورٹی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ جنوبی و مشرقی صوبوں میں قائم مختلف چیک پوسٹوں پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں کم از کم تیس سکیورٹی اہلکاروں کی موت واقع ہوئی ہے۔ عسکریت پسندوں نے یہ حملے اُرُوزگان اور پکتیا صوبوں میں کیے۔ اُرُوزگان میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں افغان نیشنل آرمی کے ستائیس فوجی مارے گئے۔ جمعرات کو افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان حملوں میں جوابی فائرنگ سے کم از کم ساٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔ یہ ہلاکتیں گزشتہ دو ایام سے جاری مختلف جھڑپوں میں ہوئی ہیں۔ تین پولیس اہلکار صوبہ پکتیا میں کیے گئے ایک حملے میں ہلاک ہوئے۔

[pullquote]اسانج کا امریکی سینیٹ کے سامنے پیش ہونے پر غور[/pullquote]

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے امریکی سینیٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنے پرغور شروع کر دیا ہے۔ وہ گزشتہ چھ برسوں سے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسانج امریکی سینیٹ کے سامنے پیش ہو کر سن 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے سینیٹرز کے سوالات کا جواب دینا چاہتے ہیں۔ وکی لیکس کے بانی کی وکیل جینیفر اینڈرسن نے اس پیش رفت کی تصدیق کر دی ہے۔ اینڈرسن کے مطابق امریکی سینیٹ کی درخواست اس کا ثبوت ہے کہ سینیٹرز جولیان اسانج کو سننا چاہتے ہیں۔ امریکی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی اسانج کے ساتھ گفتگو کو بندر دروازے کے پیچھے کرنا چا ہتی ہے۔

[pullquote]جنوبی بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ، ڈیڑھ درجن سے زائد ہلاک[/pullquote]

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں کے نیتجے میں گرنے والے مٹی کے تودے کی زد میں آ کر کم از کم انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ گیارہ افراد صرف ایک ضلع اِڈوکی میں بدھ آٹھ اگست کو مارے گئے۔ اسی ضلع میں واقع ایک ڈیم کے دروازے شدید سیلابی ریلے کی وجہ سے کھولنے پر قریبی بستیوں میں پانی بھر گیا ہے۔ کیرالا کا ایک اور ضلع وَایانند سیلاب سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بقیہ علاقوں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے۔ شمالی ریاست اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابوں سے اٹھاون افراد کی موت ہو چکی ہے۔

[pullquote]جلد کی رنگت کے باعث پولیس کی طرف سے چیکنگ خلاف قانون[/pullquote]

ایک جرمن عدالت نے پولیس کی طرف رنگت کے باعث کسی فرد کی جانچ پڑتال کو خلاف قانون قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ وفاقی پولیس کی جانب سے گہری رنگت کے باعث کسی بھی شہری کی چیکنگ کرنا جرمنی کے بنیادی آئین کی خلاف ورزی ہے۔ نومبر 2013ء میں جرمن شہر بوخم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر دو وفاقی پولیس اہلکاروں نے ایک جرمن شہری سے اس لیے شناختی دستاویزات دکھانے کا مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایک گہری رنگت والا انسان تھا۔ تاہم بعد ازاں اس شہری نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

[pullquote]یمن میں میزائل حملوں کے ذمہ داروں کو نشانہ بنایا گیا، سعودی پریس ایجنسی[/pullquote]

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے یمن میں آج کیے گئے ایک ہلاکت خیز حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی سعودی شہر جازاں پر میزائل حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کی گئی۔ تاہم دوسری جانب ریڈ کراس نے بتایا ہے کہ شمالی صعدہ میں سعودی بمباری کا نشانہ بچوں سے بھری ہوئی ایک بس بنی ہے۔ حوثیوں کے مطابق اس حملے میں 43 افراد ہلاک جبکہ 67 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد انتیس بتائی گئی ہے۔گزشتہ جمعرات کو یمنی شہر حدیدہ کی معروف مچھلی منڈی اور ایک ہسپتال پر کیے گئے حملے میں پچپن عام شہری مارے گئے تھے۔

[pullquote]ارجنٹائن میں اسقاط حمل کو قانونی قرار دینے کی کوشش ناکام[/pullquote]

ارجنٹائن کی سینیٹ نے اسقاط حمل کو قانونی قرار دینے کی قرارداد کو نا منظور کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس بل کی مخالفت میں اڑتیس ووٹ پڑے جبکہ اکتیس ارکان نے اس کی حمایت کی۔ سینیٹ کے فیصلے کے بعد اسقاط حمل کے مخالفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اسی برس جون میں ایواں زیرین نے اس بل کو منظور کیا تھا۔ سینیٹ سے مسترد کیے جانے کے بعد اسقاط حمل کو قانونی قرار دیے جانے کے لیے قرارداد اب ایک سال بعد پیش کی جا سکے گی۔

[pullquote]انڈونیشیا: لومبوک میں ایک اور زلزلہ[/pullquote]

انڈونیشی جزیرے لومبوک میں6.9 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتین منہدم ہو گئیں۔ تاہم اس دوران ہلاک و زخمی ہونے والوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ دوسری جانب لومبوک میں اتوار کو آنے والے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 168 ہو گئی ہے۔ حکام نے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ لومبوک انڈونیشیا کا ایک مشہور سیاحتی جزیرہ ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی نئی کمشنر چلی کی سابق صدر ہوں گی[/pullquote]

چلی کی سابق خاتون صدر میشیل باچیلٹ اقوام متحدہ کی نئی کمشنر برائے انسانی حقوق ہوں گی۔ اس عالمی ادارے کے مطابق باچیلٹ یکم ستمبر سے جنیوا میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔ سوشلسٹ سیاستدان باچیلٹ 2006ء سے 2010ء تک اور پھر 2014ء سے اس سال تک چلی کی صدر رہ چکی ہیں۔ اردن سے تعلق رکھنے والے موجودہ کمشنر زید رعد الحسین دوسری مرتبہ اس عہدے کے لیے امیدوار نہیں تھے۔ اس عہدے کی مدت چار سال ہوتی ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا: مزید پانچ افراد کی شہریت منسوخ[/pullquote]

آسٹریلیا میں دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق کے شبے میں مزید پانچ افراد کی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔ آسٹریلوی وزیر داخلہ پیٹر ڈٹن کے مطابق یہ پانچوں دوہری شہریت کے حامل تھے۔ تاہم انہوں نے ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ ان افراد نے داعش کا ساتھ دینے کے لیے شام اور عراق کا سفر کیا تھا۔ 2015ء میں آسٹریلیا میں قانون میں تبدیلی کے بعد اب تک کل چھ افراد کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے۔

[pullquote]شامی خانہ جنگی سے اب تک کے مالی نقصانات قریب چار سو بلین ڈالر[/pullquote]

سات سالہ شامی خانہ جنگی میں اب تک تقریباﹰ چار سو بلین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ جنگ زدہ شام کے موضوع پر ہوئے ایک بین الاقوامی اجلاس کے مطابق اس تنازعے میں ساڑھے تین لاکھ افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ شام کی نصف آبادی ہجرت پر مجبور ہو چکی ہے۔ لبنان میں ہوئے اس اجلاس کا مقصد شام میں مادی تباہی کا اندازہ لگانا تھا۔ اس تخمینے میں ہلاکتوں اور نقل مکانی سے ہونے والے مالی نقصانات کو شامل نہیں کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق شام میں اس وسیع تر تباہی کے تدارک کے لیے کئی سال درکار ہوں گے۔

[pullquote]حماس مزید اشتعال انگیزی سے باز رہے، اسرائیلی فوج[/pullquote]

اسرائیل نے حماس کو مزید اشتعال انگیزی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق موجودہ حالات و واقعات کے تناظر میں رونما ہونے والی نمایاں تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے حماس کو اگلے چند گھنٹوں میں سمجھ آ جائے گا کہ اس کی سمت غلط ہے۔ اسرائیلی فوج کا یہ بیان غزہ پٹی سے جنوبی اسرائیل پر داغے جانے والے ستر میزائلوں کے جواب میں سامنے آیا ہے۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ ان میزائل حملوں کے بعد کیے جانے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک حاملہ خاتون، ایک بچہ اور ایک جنگجو ہلاک ہو گئے۔ ان حملوں میں پانچ فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]جرمنی: اردن کے لیے جاسوسی کے شبے میں ایک جرمن شہری گرفتار[/pullquote]

ایک جرمن شہری کو اردن کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملکی دفتر استغاثہ کے مطابق اردن کے خفیہ اداروں نے اس تینتیس سالہ شخص سے جرمنی کی ایک ایسی مسجد کی معلومات اکھٹی کرنے کا کہا تھا، جو انتہا پسندوں کے ایک مرکز کے طور پر مشہور ہے۔ حکام نے بتایا کہ زیر حراست شہری سے ان افراد کا پتا لگانے کا بھی کہا گیا تھا، جو جہاد کے لیے شام جانا چاہتے ہیں یا پھر جا چکے ہیں۔ شبہ ہے کہ ہلڈس ہائم کی اس مسجد میں داعش کے لیے لوگوں کو بھرتی کیا جاتا رہا ہے۔

[pullquote]امریکا کی روس پر نئی پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ پابندیاں روسی حکومت کی جانب سےکیمیائی ہتھیار استعمال کیے جانے کی تصدیق کی بعد عائد کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں ان پابندیوں پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ برطانیہ کی طرح امریکا کا بھی موقف کہ سابق روسی جاسوس سرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر اعصاب شکن گیس کے حملے میں ماسکو ملوث ہے۔ ان دونوں کو جنوبی انگلینڈ میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]اضافی محصولات کا معاملہ، چینی رد عمل[/pullquote]

چین نے امریکا کی جانب سے اضافی محصولات کے رد عمل میں نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چینی وزارت تجارت کے مطابق امریکا سے درآمد کی جانے والی کم از کم 333 اشیاء پر پچیس فیصد ٹیکس بڑھا دیا گیا، جس کا حجم سولہ ارب ڈالر بنتا ہے۔ ان میں خام تیل، ڈیزل اور کوئلے کے علاوہ فولادی اور طبی ساز وسامان بھی شامل ہے۔ اس سے قبل امریکا نے بھی چینی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ دونوں ممالک کی جانب سے کیے جانے والے ان اقدامات پر تیئس اگست سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

[pullquote]ایران کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے کہا ہے کہ ایران کوکسی قسم کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ خامنہ ای کے مطابق تازہ صورتحال میں پریشان نہ ہوا جائے اور ایران کا کوئی کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا۔ ان کا یہ بیان امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیوں کی بحالی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین سال قبل منظور کی جانے والی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

[pullquote]یمن میں فضائی حملہ، درجنوں بچوں کی ہلاکت کا خدشہ[/pullquote]

یمن میں سعودی اتحاد کے ایک مبینہ فضائی حملے میں درجنوں انسانی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ یمنی طبی ذرائع اور ریڈ کراس کے مطابق صعدہ صوبے میں ایک بس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دس سال سے کم عمر بچے سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ بچوں کی ایک بڑی تعداد زخمی بھی ہے۔ ابھی تک اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے جبکہ سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے بھی اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے