ٹھٹھہ میں 7 سالہ بچی دعا کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان میں بچی کا قریبی رشتہ دار بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات ٹھٹھہ کے نواحی علاقے گھوڑا باڑی کے کھیتوں سے بچی کی لاش ملی تھی جس کے بعد تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ بچی سے زیادتی کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن میں ایک ملزم بچی کا قریبی رشتے دار اور اس کاساتھی شامل ہے۔
ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا کو 20 روپے کا لالچ دیکر اپنے ساتھ لے گئے تھے جہاں زیادتی کے بعد گلا دباکر قتل کردیا۔
پولیس نے ملزمان سے ملنے والے بچی کے کپڑے ڈی این اے کے لیے بھجوادیے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے تحقیقات اور پیشرفت پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں دادو کے علاقے میں مبینہ طور پر 9 سالہ بچی کو غیرت کے نام پر پتھر مار کر قتل کیا گیا تھا۔