جمعۃالمبارک:13 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جاپانی وزیراعظم کا بھارتی دورہ ملتوی[/pullquote]

جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے بھارت کا دورہ سکیورٹی کی مخدوش صورت حال کے تناظر میں ملتوی کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کی بھارتی وزارت خارجہ نےگ تصدیق کر دی ہے۔ دورے کو ملتوی کرنے کی وجہ بھارت میں شہریت ترمیمی بل کی منظوری کے بعد سے کئی شہروں میں جاری پرتشدد مظاہرے بنے ہیں۔ اس دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں ملاقات کرنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہیں۔ گوہاٹی میں شدید مظاہروں کے بعد وہاں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ شیڈیول کے مطابق دونوں وزرائے اعظم گوہاٹی میں ملاقات کے بعد مَنی پور میں قائم کیے گئے نئے امن میوزیم کو دیکھنے جائیں گے۔

[pullquote]امریکا کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ[/pullquote]

امریکی محکمہٴ دفاع نے جمعرات کو طویل فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے ايک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ یہ تجربہ بحرالکاہل پر کیا گیا۔ اس قسم کی میزائل سازی روس اور امریکا کے درمیان طے شدہ اُس ایک ٹریٹی میں ممنوع قرار دی گئی تھی جو رواں برس موسم گرما میں ختم ہو چکی ہے۔ امریکی فوج کے صدر دفتر نے اس میزائل تجربے کی تفصیلات عام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ ضرور بتایا کہ میزائل کو ریاست کیلیفورنیا کے وانڈنبرگ ایئر فورس بیس سے چھوڑا گیا تھا اور یہ پانچ سو میل تک فضا میں اڑتا گیا تھا۔ رواں برس کے اوائل میں پینٹاگون نے بیلسٹک میزائل کے نئے تجربات شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

[pullquote]امریکی بیلسٹک میزائل تجربے پر روسی تشویش[/pullquote]

روس نے امریکا کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے اس مناسبت سے کہا کہ جمعرات بارہ دسمبر کو کیے گئے اس تجربے نے انہیں حیران کر دیا ہے۔ دوسری جانب ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے روس اور امریکا کے درمیان آخری سمجھوتہ نیو اسٹارٹ ہے جس کی مدت سن 2021 میں اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے۔ ماسکو نے امریکا کو اس سمجھوتے پر مذاکرات کا اشارہ دے رکھا ہے۔

[pullquote]الجزائری صدارتی انتخابات، نتائج کا انتظار[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر میں عوام بارہ دسمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کے انتظار میں ہیں۔ یہ انتخابات طویل عرصے تک برسراقتدار رہنے والے ڈکٹیٹر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے اپریل میں مستعفی ہونے کے دس ماہ بعد ہوئے ہیں۔ جمعرات کو پولنگ کے دوران بھی مظاہرین انتخابات سے قبل انتظامی اصلاحات کی عدم موجودگی پر احتجاج کر رہے تھے۔ ووٹر ٹرن آوٹ چالیس فیصد بتایا گیا ہے۔ مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ اکتیس جنوری سے قبل کرانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بوتفلیقہ کے دور کے دو وزرائے اعظم علی بن فلیس اور عبدالمجید تبون الیکشن کے اہم امیدوار خیال کیے گئے ہیں۔ تبون کے حامیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ الیکشن جیت گئے ہیں۔

[pullquote]بم دھماکے میں دس افغان شہری ہلاک[/pullquote]

جنوب مشرقی افغان صوبے غزنی کے حکام کے مطابق سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے ایک گاڑی میں سوار تھے کہ بم پھٹ گیا۔ یہ مسافر بردار گاڑی وسطی صوبے دائکنڈی کی جانب روانہ تھی۔ بم ایک افغان فوجی قافلے کے لیے نصب کیا گیا تھا، جو تھوڑی ہی دیر بعد گزرنے والا تھا۔ يہ واقعہ جمعہ تیرہ دسمبر کی صبح جغتو ضلعے میں پيش آيا۔

[pullquote]سابق ترک وزیراعظم نے نئی پارٹی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

سابق ترک وزیراعظم احمد داؤد آولو نے ایک نئی سیاسی پارٹی قائم کر دی ہے۔ اس پارٹی کا نام انہوں نے فیوچر پارٹی رکھا ہے۔ پارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ عوام کی سیاسی جماعت ہو گی اور یہ ترکی کے مستقبل پر توجہ مرکوز کرے گی۔ احمد داؤد آولو موجودہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے کئی برسوں تک سیاسی ساتھی رہے ہیں۔ وہ سن 2016 تک وزیراعظم رہے تھے۔

[pullquote]بورس جانسن نے میدان مار لیا[/pullquote]

برطانيہ ميں بارہ دسمبر کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں وزير اعظم بورس جانسن بڑی اکثريت کے ساتھ کامياب ثابت ہوئے ہيں۔ ان کی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی نے حریف جماعتوں کو پچھاڑ دیا ہے۔ حتمی نتائج آنے پر کنزرویٹو پارٹی کو 368 نشستیں حاصل ہو سکتی ہيں۔ الیکشن میں اُن کے نعرے’ گیٹ بریگزٹ ڈَن‘ نے کام کر دکھایا۔ ابتدائی غير حتمی نتائج کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام میں وزیراعظم بورس جانسن کو اکثریت حاصل ہو گئی ہے اور وہ حکومت سازی کے ساتھ ساتھ بریگزٹ کی ڈیل بھی آسانی سے منظور کرا سکیں گے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت لیبر پارٹی کو کم از کم ستر حلقوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جیریمی کوربن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اگلے انتخابات میں اپنی جماعت کی قیادت نہیں کریں گے۔ کنزرویٹو پارٹی کی شاندار کامیابی پر عالمی مالیاتی منڈیوں میں برطانوی کرنسی کی قدر میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: فوجیوں نے آتش فشاں کے قریب سے چھ نعشوں کو ڈھونڈ لیا[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے فوجی کمانڈوز نے وائٹ آئی لینڈ پر آتش فشاں کے قریبی علاقے میں لاشوں کی تلاش کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ اس دوران کمانڈوز کو چھ نعشیں ملیں۔ فوجیوں نے تلاش کا کام ایسے وقت پر مکمل کیا جب آتش فشاں کے دوبارہ پھٹنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ فوجی ہیلی کاپٹر سے جزیرے کے ساحل پر اترے اور چار گھنٹے کی تلاش میں وہ آٹھ لاپتہ افراد میں سے چھ کی لاشوں کو ڈھونڈنے ميں کامياب رہے۔ وائٹ آئی لینڈ کے آتش فشاں نے رواں ہفتے پیر کے روز راکھ اگلنا اور شدید گرم کیچڑ پھینکنا شروع کیا تھا۔ اس جزیرے پر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سولہ تک پہنچ گئی ہے۔ کچھ جھلسے ہوئے افراد کی حالت ابھی بھی تشویش ناک ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کا مواخذہ، عدالتی کمیٹی کی ووٹنگ ملتوی کر دی گئی[/pullquote]

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی شقوں پر بحث مکمل کر لی ہے۔ یہ بحث گزشتہ روز چودہ گھنٹے تک جاری رہی۔ طویل بحث کے بعد عدالتی کمیٹی کا اجلاس بغیر ووٹنگ کے ملتوی کر دیا گیا۔ اب کمیٹی کا اجلاس جمعہ تیرہ دسمبر کی صبح ہو گا۔ اس اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا کہ صدر کے مواخذے کی طے کردہ دو شقوں کو ایوانِ نمائندگان میں مزید بحث اور منظوری کے لیے بھيجا جائے يا نہيں۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد ایوان میں ان شقوں پر بحث اگلے ہفتے شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔ ایوانِ نمائندگان کی منظوری کے بعد ان شقوں کو سینیٹ میں زیر بحث لایا جائے گا۔

بھارتی صدر نے شہریت ترمیمی بل پر دستخط کر دیے

بھارت کے صدر رام ناتھ کوونڈ نے پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے متنازعہ شہریت ترمیمی بل کی توثیق کرتے ہوئے اسے قانون کی شکل دے دی ہے۔ صدر نے توثیق کے دستخط ایسے وقت میں کیے ہیں جب اس قانون کے خلاف بھارت کے کئی شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ جمعرات بارہ دسمبر کو ہونے والے مظاہروں میں کم از کم دو افراد پولیس کارروائی میں مارے گئے اور ایک درجن کے قریب زخمی ہوئے۔ گزشتہ روز بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے بھی ممکنہ طور پر ہنگاموں کے تناظر میں بھارتی دورہ منسوخ کر دیا تھا اور اب امکان ہے کہ جاپانی وزیراعظم بھی اپنا بھارتی دورہ منسوخ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم شینرو آبے تین روزہ دورے پر پندرہ دسمبر کو بھارت پہنچنے والے ہیں۔

[pullquote]چین ’انسانی حقوق‘ کی نئی تعریف متعارف کرانے کی کوشش میں[/pullquote]

چین عالمی سطح پر انسانی حقوق کی ایک نئی تعریف اور تشریح متعارف کرانے کی کوششوں میں ہے۔ اس مناسبت سے چینی دارالحکومت بیجنگ میں انسانی حقوق کے ’ساؤتھ ساؤتھ ہیومن رائٹس فورم‘ کا دو روزہ اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس فورم کے مختلف سیشنز میں چینی صدر شی جن پنگ کے انسانی حقوق کے تصور کو بیان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چینی نائب وزیر خارجہ ما ژوائوشو نے واضح کیا کہ دنیا کے ہر ملک کے عوام انسانی حقوق کے ترقیاتی راستے کا تعین کرنے کی مجاز ہيں۔ اس اجلاس میں شمالی کوریا، شام اور پاکستان کے مندوبین بھی شریک تھے۔ فورم میں شامی صدر کے ایک مشیر نے کہا کہ چین ترقی پذیر ممالک میں انسانی حقوق کی نئی تعریف کے عمل کو تقویت دے سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے