پیر:23 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جمال خاشقجی قتل: سعودی عرب ميں پانچ افراد کو سزائے موت[/pullquote]

سعودی عرب ميں ايک عدالت نے ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے سعودی نژاد صحافی جمال خاشقجی کے قتل ميں ملوث ہونے پر پانچ افراد کو سزائے موت اور تين مزيد کو قيد کی سزا سنا دی ہے۔ يہ خبر سرکاری ٹيلی وژن ’الاخباريہ‘ پر آج بروز پير نشر کی گئی۔ تمام مجرمان کو سزاؤں کے خلاف اپيليں دائر کرنے کا اختيار حاصل ہے۔ عدالتی فيصلے ميں اس وقت استنبول ميں تعينات سعودی قونصل جنرل سعود القہطانی کو بھی معاملے سے بری قرار ديا گيا ہے۔ جمال خاشقجی اکتوبر سن 2018 ميں چند دستاويزات حاصل کرنے کے ليے استنبول ميں سعودی قونصل خانے ميں داخل ہوئے تھے ليکن اس کے بعد وہ وہاں سے زندہ باہر نہ نکلے۔ خاشقجی کے قتل کی وجہ سے عالمی سطح پر سعودی عرب اور بالخصوص شہزادہ محمد بن سلمان کی ساکھ کو کافی نقصان پہنچا تھا۔

[pullquote]امريکی اسپيس فورس خلا ميں امن و استحکام کے ليے خطرہ، چین[/pullquote]

چين نے حال ہی ميں وجود ميں آنے والی امريکی اسپيس فورس کو خلا ميں سلامتی و امن کے ليے خطرہ قرار دے ديا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتايا کہ چين کو اس پيش رفت پر شديد تحفظات ہيں۔ ان کے مطابق امريکی اقدام عالمی توازن، خلاء ميں امن اور استحکام کے ليے خطرہ ہے۔ امريکا نے حال ہی ميں خلاء کے ليے ايک فورس کے قيام کا اعلان کيا تھا۔ يہ پيش رفت اس سال فروری ميں سامنے آنے والی اس رپورٹ کے تناظر ميں سامنے آئی، جس ميں امريکی حکام نے دعوی کيا تھا کہ چين اور روس نے ايسی ٹيکنالوجی تيار کر لی ہے، جس سے کسی مسلح تنازعے کی ممکنہ صورت ميں امريکا اور اس کے اتحاديوں کی سيٹلائٹس کو نشانہ بنايا جا سکتا ہے۔

[pullquote]نئی دہلی کے ایک گودام ميں آتش زدگی، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ايک گودام ميں آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور تين ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ کيراری نامی علاقے ميں واقع کپڑوں کے ايک گودام ميں يہ آگ پير تيئس دسمبر کو صبح کے وقت لگی اور تين گھنٹوں کی کارروائی کے بعد اس پر قابو پا ليا گيا۔ ابتدائی تفتيش سے پتہ چلا ہے کہ متاثرہ عمارت ميں حفاظتی اقدامات کا فقدان تھا۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات واضح نہيں تاہم تفتيش جاری ہے۔ نئی دہلی ميں آگ لگنے کا ايک ہی ہفتے ميں يہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔

[pullquote]بھارت: متنازعہ قانون کے خلاف کانگريس کا احتجاج[/pullquote]

بھارتی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگريس کی جانب سے آج ملکی دارالحکومت ميں احتجاج کيا جا رہا ہے۔ اس احتجاج کی قيادت پارٹی ليڈر سونيا گاندھی کر رہی ہيں۔ یہ احتجاج شہريت سے متعلق حال ہی ميں منظور ہونے والے نئے قانون کی مخالفت ميں ہے۔ بھارتی مسلمان اس نئے قانون کو متنازعہ قرار ديتے ہيں اور اس پر ملک گير سطح پر ہونے والے مظاہروں ميں پوليس کی کارروائی ميں اب تک تيئس افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ وزير اعظم نريندر مودی نے گزشتہ روز اپنی ايک تقرير ميں اس قانون کا بھرپور دفاع کيا۔

[pullquote]’اسلامی جمہوریہ خطرے میں، کچھ بھی کرو، یہ سب روکو‘ خامنہ ای[/pullquote]

اسلامی جمہوریہ ایران میں نومبر کے وسط میں جو پرتشدد عوامی احتجاج شروع ہوا تھا، اس میں شہری ہلاکتوں سے متعلق اعداد و شمار شروع سے ہی بہت متنوع اور کم بتائے گئے تھے۔ ایرانی وزارت داخلہ کے تین مختلف اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے اپنی شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر بتائی گئی تفصیلات کی روشنی میں نیوز ایجنسی روئٹرز نے پير کو اپنی رپورٹ ميں لکھا ہے کہ ان دو ہفتوں میں 1500 تک ایرانی شہری مارے گئے تھے۔ یہ بات اس لیے بہت بڑا انکشاف ہے کہ حکومتی اہلکاروں کی طرف سے بتائی گئی یہ تعداد اس سے بیسیوں گنا زیادہ ہے، جس کا اعلان ایرانی حکومت نے سرکاری طور پر کیا تھا۔

[pullquote]ترک اور روسی وفود کی ملاقات، موضوعات ميں ليبيا اور شام نماياں[/pullquote]

آج بروز پير ترکی کا ايک اعلی سطحی وفد روس روانہ ہو رہا ہے۔ ترک حکام اس دورے پر روسی اہلکاروں کے ساتھ ليبيا اور شام کے موضوعات پر تبادلہ خيال کريں گے۔ ترک وفد کی قيادت نائب وزير خارجہ کر رہے ہيں۔ ترکی کے صدر رجب طيب ايردوآن اور روسی صدر ولاديمير پوٹن کے مابين ليبيا اور شام دونوں پر اختلاف رائے پايا جاتا ہے اور ايردوآن کہہ چکے ہيں کہ يہ مذاکرات ان کی آگے کی حکمت عملی کا تعين کريں گے۔ عنقريب پوٹن بھی ترکی کا دورہ کرنے والے ہيں۔

[pullquote]افغانستان: ایک امريکی فوجی کی طالبان کے ہاتھوں ہلاکت[/pullquote]

افغانستان ميں ايک امريکی فوجی کی ہلاکت کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کر لی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے اس بارے ميں جاری کردہ اپنے بيان ميں کہا کہ امريکی فوجی کو صوبہ قندوز ميں ايک دھماکے ميں ہلاک کيا گيا۔ مجاہد نے ثبوت کے طور پر مقتول فوجی کا شناختی کارڈ اور خون ميں رنگے اس کے بستے کی تصاوير بھی جاری کيں۔ قبل ازيں امريکی فوج نے اپنے ايک اہلکار کی ہلاکت کا بتايا تھا۔ يہ پيش رفت امريکا اور طالبان کے درميان جاری امن مذاکرات کو متاثر کر سکتی ہے۔

[pullquote]ہنڈوراس: قيديوں کی آپس میں لڑائی، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

ہنڈوراس ميں نابالغوں کی ايک جيل ميں لڑائی کم از کم سولہ قيديوں کی ہلاکت کا سبب بنی۔ يہ واقعہ ايل پوروينيئر ميں سخت حفاظتی انتظامات والی ايک جيل ميں اتوار کو پيش آيا۔ اطلاعات ہيں کہ قيدی کھانا کھا رہے تھے کہ اسی دوران چند ديگر قيديوں نے اپنے ہی ساتھی قیدیوں پر چاقوؤں سے حملہ کر ديا۔ قبل ازيں ٹيلا نامی ايک اور شہر ميں واقع ايک مختلف قيد خانے ميں جمعے کو پيش آنے والے واقعے ميں بھی اٹھارہ قيدی ہلاک اور سولہ ديگر زخمی ہو گئے تھے۔ بظاہر جيل ميں تشدد کے ان دو مختلف واقعات کا ايک دوسرے سے کوئی تعلق نہيں۔

[pullquote]چين اور جنوبی کوريا کا تعلقات بہتر بنانے کا عنديہ[/pullquote]

جنوبی کوريا اور چين کے رہنماؤں نے باہمی تعلقات بہتر بنانے کا عنديہ ديا ہے۔ بيجنگ ميں چينی صدر شی جن پنگ اور جنوبی کوريائی صدر مون جے ان کی ملاقات ميں امريکی ساختہ ميزائل دفاعی نظام کی تنصيب کے نتيجے ميں سامنے آنے والے اختلافات کو پيچھے رکھنے پر توجہ دی گئی۔ مون جے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تاريخی و ثقافتی روابط ہيں اور وہ اتنی آسانی سے خراب نہيں ہو سکتے۔ شی جن پنگ نے بھی اس موقع پر کہا کہ خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سيئول اور بيجنگ کے باہمی تعلقات اہم ہيں۔ کل سے چين ميں ايک سہ فريقی سمٹ شروع ہو رہی ہے، جس ميں جاپانی وزير اعظم بھی شرکت کريں گے۔

[pullquote]روس سے بات چيت کرنا ہی بہتر ہے، نيٹو[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادی مير پوٹن سے ملاقات کے ليے تيار ہيں بشرط يہ کہ موضوع درست ہو۔ سن 2014 ميں کريميا کی يوکرائن سے عليحدگی اور روس ميں شموليت کے بعد سے روس اور نيٹو کے تعلقات کافی خراب ہيں۔ اس تناظر ميں اشٹولٹن برگ نے پير کو برسلز ميں بات چيت کرتے ہوئے کہا کہ بات چيت کرنا اور مذاکرات کی راہ اختيارکرنا درست حکمت عملی ہے۔ ان کے بقول روس کے ساتھ تعلقات پيچيدہ ہيں ليکن وہ ناگزير بھی ہيں کیونکہ روس نيٹو کا سب سے بڑا پڑوسی ملک بھی ہے۔

[pullquote]کرسمس پر غزہ کے مسيحيوں کے ليے اسرائيلی رعايت[/pullquote]

اسرائيل نے مسيحی تہوار کرسمس کے موقع پر غزہ پٹی ميں رہائش پذير مسيحيوں کو يروشلم اور مغربی کنارے سفر کی اجازت دے دی ہے۔ يہ اعلان اتوار کو کيا گيا تاہم فی الحال يہ واضح نہيں کہ حماس کے زير کنٹرول غزہ کے ان انتہائی محدود مسيحيوں کو کرسمس سے دو روز قبل کيسے ويزے يا اجازت نامے ديے جائيں گے۔ غزہ کی دو ملين کی آبادی ميں مسيحيوں کی تعداد ايک ہزار کے لگ بھگ ہے۔ اسرائيلی حکام غزہ کے مسيحيوں کو اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور مذہبی مقامات کے دوروں کے ليے پہلے بھی ايسی اجازت ديتے آئے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے