[pullquote]قزاقستان میں مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، بارہ مسافر ہلاک[/pullquote]
قزاقستان میں ایک مسافر بردار طیارہ کریش ہونے کے نتیجے میں کم ازکم بارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد پندرہ بتائی جا رہی تھی۔ بیک ایئر کے اس طیارے میں ترانوے مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ فوکر ون ہینڈرڈ طرز کے اس جہاز نے جمعے کی صبح الماتی شہر سے دارالحکومت نور سلطان کی طرف پرواز بھری ہی تھی کہ ایک عمارت پر گر گیا۔ زخمی ہونے والے ساٹھ افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ایوی ایشن حکام نے اس حادثے کی وجوہات نہیں بتائی ہیں تاہم میڈیا کے مطابق جب یہ حادثہ رونما ہوا تو دھند کافی شدید تھی۔
[pullquote]ادلب میں لڑائی، دو لاکھ سے زائد فرار ہونے پر مجبور[/pullquote]
شامی ریجن ادلب میں جاری جنگی صورتحال کے نتیجے میں وہاں سے سوا دو لاکھ سے زائد افراد فرار ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے جمعے کے دن بتایا کہ بارہ تا پچیس دسمبر لوگوں کی ایک بڑی تعداد ادلب سے فرار ہوئی جبکہ جنوبی ادلب میں واقع معرة النعمان نامی شہر بالکل خالی ہو چکا ہے۔ اس علاقے کو شام میں اپوزیشن کا آخری گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔ شامی اور روسی فورسز اس علاقے میں عسکری کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے انسانی بحرانی صورتحال کے خطرات سے بھی خبردار کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]مقبوضہ مغربی اردن کو اسرائیل کا حصہ بنایا جائے گا، نیتن یاہو[/pullquote]
اسرائیلی وزیرا عظم بینجمن نیتن یاہو نے پارٹی سربراہی کے لیے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد وسیع تر منصوبہ جات کا اعلان کیا ہے۔ ان میں مقبوضہ مغربی اردن کے کچھ علاقوں میں اسرائیلی حاکمیت کے لیے امریکی حمایت حاصل کرنے کی بات بھی شامل ہے۔ انہوں نے جمعے کے دن مزید کہا کہ ان کا ملک ’ آخر کار ایران کو روک‘ دے گا جبکہ عرب ممالک کے ساتھ امن و سلامتی کے معاہدے کیے جائیں گے۔ گزشتہ روز ہی نیتن یاہو نے پارٹی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی تھی۔ حکمران لیکود پارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو مارچ میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق لیکود پارٹی کے 72 فیصد ارکان نے نیتن یاہو کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ یاد رہے کہ نیتن یاہو کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی سیاسی ساکھ خراب بھی ہوئی ہے۔ اسرائیل میں عام الیکشن کا انعقاد دو مارچ کو کیا جا رہا ہے۔
[pullquote]چین کا طاقتور راکٹ کا تجربہ انتہائی اہم ہے[/pullquote]
چین متوقع طور پر آج ایک طاقتور راکٹ ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس ٹیسٹ کی کامیابی کو چین کے سپیس پروگرام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو چاند اور مریخ کے لیے مستقبل کے مشنوں کے راستے کھل جائیں گے۔ اس میں انسان بردار مشن بھی شامل ہوں گے۔ سن دو ہزار بیس تک خلا میں سپیس اسٹیشن روانہ کرنے کا مدار بھی اسی مشن پر ہے۔
[pullquote]بھارت میں تازہ مظاہروں کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی[/pullquote]
بھارتی حکومت نے آج نماز جمعہ سے قبل کئی شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی۔ نئے شہریت کے قوانین کے خلاف عوامی مظاہروں کے تناظر میں بڑے شہروں میں موبائل انٹر نیٹ بھی معطل رہنے کا خدشہ ہے۔ گیارہ دسمبر کو اس قانون کی منظوری کے بعد سے بھارت بھر میں شروع ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں کم ازکم پچیس افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ اس قانون کو مسلم اقلیت کے لیے امتیازی قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ جمعے کے دن ریاست اتر پردیش میں مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے تھے۔ ان مظاہروں میں مسلمانوں کے ساتھ ہندو بھی شامل ہیں۔ بھارتی آبادی کا چودہ فیصد مسلمانوں پر مشتمل ہے۔
[pullquote]ترکی میں چھ صحافیوں کو سزائیں[/pullquote]
ترکی کی ایک عدالت نے چھ صحافیوں اور ایک آزاد اخبار کے ملازم کو سزائیں سنا دی ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عدالت میں ان پر الزام ثابت ہو گیا تھا کہ وہ امریکا میں قائم اُس نیٹ ورک کے سہولت کار تھے، جس نے ترکی میں سن دو ہزار سولہ میں ناکام بغاوت کی کوشش کی تھی۔ ان مجرمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سزاؤں کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ جلا وطن ترک مذہبی رہنما فتح اللہ گولن اس بغاوت میں ملوث تھے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ امریکا سے ایک نیٹ ورک کی سربراہی کر رہے ہیں تاہم وہ اس الزام کو مسترد کرتے ہیں۔
[pullquote]ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے[/pullquote]
ایران کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکےمحسوس کیے گئے ہیں۔ جمعے کی صبح جس مقام پر زلزلہ آیا، وہاں ملک کا واحد نیوکلیئر پاور پلانٹ بھی واقع ہے۔ تاہم حکام نے بتایا ہے کہ اس قدرتی آفت سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.1 محسوس کی گئی۔ ایران کا زیادہ تر علاقہ ارضیاتی حوالے سے فالٹ لائن پر واقع ہے، جہاں زلزلہ آنا معمول کی بات ہے۔ سن دوہزار تین میں 6.6 کے ایک زلزلے کے نتیجے میں ایرانی شہر بام میں چھبیس ہزار افراد لقمہ اجل بنے تھے اور یہ تاریخی شہر تباہ ہو گیا تھا۔
[pullquote]سن دو ہزار انیس میں، جرمن اسلحے کی ریکارڈ برآمد[/pullquote]
جرمن حکومت نے سن دو ہزار انیس میں اسلحے کی برآمد کے ریکارڈ سمجھوتوں کو حتمی شکل دی۔ ڈی پی اے حکومتی اعدادوشمار کے حوالے سے جمعے کے دن بتایا گیا کہ پندرہ دسمبر تک برلن حکومت نے 7.95 بلین یورو کا اسلحہ فروخت کرنے کی ڈیلز کیں۔ یہ رقم سن دو ہزار پندرہ کے بعد سے سب سے زیادہ بنتی ہے۔ اپوزیشن گرین پارٹی اور لیفٹ پارٹی کی طرف سے استفسار کے بعد اقتصادی امور کی وزارت نے ان اعدادوشمار کو جاری کیا ہے۔
[pullquote]ایرانی ، روسی اور چینی افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں[/pullquote]
ایران کی بحری فوج نے جمعے کے دن سے روسی اور چینی افواج کے ساتھ مشترکہ عسکری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی ٹیلی وژن نے بتایا کہ بحر ہند کے شمالی پانیوں میں ہونے والی یہ فوجی مشقیں روس اور چین کے ساتھ اپنی نوعیت کی اولین عسکری شراکت داری ہے۔ یہ فوجی مشقیں چار روز تک جاری رہیں گی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ عسکری مہم ثابت کرتی ہے کہ امریکا کی کوششوں کے باوجود ایران سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار نہیں ہوا ہے۔ ان فوجی مشقوں کو علاقائی سطح پر امریکا اور سعودی عرب کے حالیہ عسکری تعاون کا ایک جواب بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]یمن حملے کی تحقیقات کی جائیں گی، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]
سعودی عسکری اتحاد نے وعدہ کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے یمن میں کیے گئے اُس عسکری حملے کی تحقیقات کرے گا، جس میں اقوام متحدہ کے مطابق سترہ شہری مارے گئے تھے۔ عالمی ادارے کے مطابق رواں ماہ یمن میں واقع بازاروں پر تین حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے۔ سعودی عسکری اتحاد گزشتہ پانچ برسوں سے یمن میں فعال حوثی باغیوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ان شیعہ باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے تاہم تہران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ سعودی عسکری اتحاد کی یمن میں کارروائیوں کی وجہ سے اسے عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
[pullquote]فان فون نے اٹھائیس افراد کی جان لی، فلپائنی حکام[/pullquote]
فلپائن میں سمندری طوفان فان فون کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے۔ حکام نے جمعے کو بتایا کہ بارہ افراد لاپتہ ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ طوفان منگل 24 دسمبر کو وسطی فلپائن سے ٹکرایا تھا۔ طوفان کی وجہ سے ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے یا انہیں بلندی پر بنائے گئے امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس قدرتی آفت کی وجہ سے فلپائن میں کرسمس کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ 2013 ء میں سمندری طوفان ‘ہیان‘ میں 7300سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت ہوئی تھی یا وہ لاپتہ ہوگئے تھے۔ سات ہزار سے زائد جرائز پر مشتمل ملک فلپائن میں سمندری طوفان اکثر آتے رہتے ہیں۔
[pullquote]قزاقستان میں مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، پندرہ مسافر ہلاک[/pullquote]
قزاقستان میں ایک مسافر بردار طیارہ کریش ہونے کے نتیجے میں کم ازکم پندرہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ بیک ایئر کے اس طیارے میں ترانوے مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ فوکر ون ہینڈرڈ طرز کے اس جہاز نے جمعے کی صبح الماتی شہر سے دارالحکومت نور سلطان کی طرف پرواز بھری ہی تھی کہ ایک عمارت پر گر گیا۔ زخمی ہونے والے ساٹھ افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ایوی ایشن حکام نے اس حادثے کی وجوہات نہیں بتائی ہیں تاہم میڈیا کے مطابق جب یہ حادثہ رونما ہوا تو دھند کافی شدید تھی۔
[pullquote]نیتن یاہو نے پارٹی الیکشن جیت لیے[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے پارٹی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔ حکمران لیکود پارٹی کی طرف سے جمعے کو بتایا گیا کہ نیتن یاہو نے پارٹی سربراہی آسانی کے ساتھ حاصل کر لی ہے اور مارچ میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں وہ پارٹی کی قیادت کریں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق لیکود پارٹی کے 72 فیصد ارکان نے نیتن یاہو کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ یاد رہے کہ نیتن یاہو کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی سیاسی ساکھ خراب بھی ہوئی ہے۔ اسرائیل میں عام الیکشن کا انعقاد دو مارچ کو کیا جا رہا ہے۔