ہفتہ:28 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]صومالیہ میں کار بم دھماکا، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر کار بم دھماکے میں کم از کم تہتر افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ حکومتی ترجمان نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کيا ہے۔ موغادیشو کے مدینہ ہسپتال کے اعلیٰ اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں سے 54 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ یہ واقعہ ہفتے کی صبح شہر کے مصروف ترین اوقات میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملے ميں ایک ٹیکس کلیکشن سينٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے البتہ ماضی میں دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ سے منسلک مقامی گروہ الشباب ايسے حملوں ميں ملوث پايا جاتا رہا ہے۔

[pullquote]میانمار حکومت روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیاں روکے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزيوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ جمعے کے روز منظور ہونے والی اس قرارداد کے مسودے کے تحت میانمار حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیزی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکے۔ اقوام متحدہ میں میانمار کے سفیر ہُوا دو سوان نے اس قرارداد کو انسانی حقوق کے دوہرے معیار کی مثال قرار دیا ہے۔ رواں ماہ اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ اگست سن 2017 سے ميانمار میں فوجی کریک ڈاؤن کے بعد سے سات لاکھ چوالیس ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان میانمار سے بنگلہ ديش فرار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان: طالبان کی جیل سے آٹھ قیدی فرار[/pullquote]

افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے غزنی میں طالبان کی ايک جیل میں سے آٹھ قیدی فرار ہو گئے ہيں۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق طالبان کے قيد خانے سے فرار ہونے والے افراد سکیورٹی فورسز کے اہلکار ہيں۔ افغان فورسز کے يہ اہلکار فرار ہونے کے بعد ايک فوجی اڈے پر پہنچ گئے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ان اہلکار کو طالبان نے کتنے عرصے تک قید میں رکھا تھا۔ گزشتہ چند برسوں میں افغان اسپیشل فورسز نے طالبان کے قبضے سے اپنے متعدد فوجیوں کو آزاد کرایا ہے۔

[pullquote]عراق میں راکٹ حملہ، ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک[/pullquote]

عراق کے شمالی شہر کرکوک میں ايک فوجی اڈے پر کیے گئے راکٹ حملے ایک امریکی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ جمعے ستائیس دسمبر کی شب ہونے والے اس حملے میں متعدد امریکی اور عراقی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ شدت پسند گروہ داعش کے خلاف برسرپيکار عراق میں موجود امریکا اور بین الاقوامی فوجی اتحاد کے گروپ کے اس بارے ميں جاری کردہ بیان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ ہلاک ہونے والا امریکی شہری ایک کنٹریکٹر تھا۔ عراقی سکیورٹی فورسز نے حملے کی تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے شورش زدہ شہر کرکوک میں سکیورٹی فورسز، شیعہ ملیشیا اور جہادی گروپ داعش کے سلیپر سیل موجود ہیں۔

[pullquote]شہريوں کی جاسوسی کرنے پر جرمن خفیہ ادارہ تنقید کی زد ميں[/pullquote]

جرمنی کے خفیہ ادارے ’بنڈیس ناخرشٹن ڈینسٹ‘ کی جانب سے شہريوں کی معلومات جمع کرنے پر اسے مقامی میڈیا اور انٹرنیٹ اداروں کی تنقید کا سامنا ہے۔ معلومات اکھٹی کرنے کے اس منصوبے کو جرمن آئین کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن حکام کو شہریوں کی نگرانی يا جاسوسی کرنے کے لیے کافی قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کے مطابق جب خفیہ ادارہ بیرون ملک سے جرمنی میں کیے جانے والے رابطوں کی نگرانی کرتا ہے، تو يہ تفريق کرنا کہ اس ميں سے جرمن شہریوں کے رابطے کون کون سے ہيں، مشکل عمل ہے۔

[pullquote]ترکی میں الیکٹرک کار کی رونمائی[/pullquote]

زشتہ روز ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملک میں تیار کردہ بجلی سے چلنے والی گاڑی کے ایک ماڈل کی تقريب رونمائی ميں شرکت کی۔ استنبول میں جمعے کے روز منعقدہ اس تقریب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ ترکی کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ ترک صدر ملک میں کار سازی کی صنعت کو فروغ دينے کی کوششوں ميں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے بجلی سے چلنے والی پانچ گاڑیاں متعارف کرائيں، جن کی پیداوار سن 2022 سے شروع کی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق کار سازی کے اس منصوبے میں انقرہ حکومت مالی تعاون بھی کرے گی۔ صدر ایردوآن نے سن 2035 تک تیس ہزار الیکٹرک گاڑياں تیار کرانے کا عندیہ بھی دیا۔

[pullquote]آسٹریلیا میں ہزاروں کوآلاز جنگلاتی آگ میں جل کر ہلاک[/pullquote]

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے شمالی علاقے میں لگی جنگلاتی آگ کے باعث ہزاروں کمیاب کوآلاز کے جل کر ہلاک ہو جانے کا خدشہ ہے۔ آج بروز ہفتہ ملک کے مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے جنگلاتی آگ نے تیزی پکڑ لی۔ اطلاعات کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے جنگلات میں قریب اٹھائیس ہزار کوآلاز موجود تھے تاہم جنگلاتی آگ کی وجہ سے ان کی تیس فیصد تعداد کم ہوچکی ہے۔

[pullquote]اسپوٹی فائے نے اپنے پلیٹ فارم پر سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان کر دیا[/pullquote]

دنیا کی سب سے مشہور میوزک اسٹریمنگ سروس ’اسپوٹی فائے‘ نے آئندہ برس يعنی سن 2020 میں اپنے ڈيجیٹل پلیٹ فارم پر سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعے کے روز کیے گئے اس اعلان میں کمپنی انتظاميہ نے بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد ڈيجیٹل پلیٹ فارم پر فیک نیوز یعنی جعلی خبروں کو روکنا ہے۔ امریکا میں سن 2020 میں صدارتی انتخابات ہونے ہیں لہٰذا آن لائن پلیٹ فارمز پر جعلی خبريں روکنے پر بحث جاری ہے۔ حاليہ برسوں ميں کئی ملکوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پر جعلی خبروں کے اثرات کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ ميں ’سائبر کرائمز‘ کے انسداد کے ليے ايک قرارداد منظور[/pullquote]

انٹرنيٹ پر جرائم کے انسداد کے ليے اقوام متحدہ ميں ایک قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ جمعہ ستائيس دسمبر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی جانے والی اس قرارداد کے تحت ’سائبر کرائمز‘ يا انٹرنيٹ پر جرائم کے انسداد کے ليے ايک بين الاقوامی معاہدہ طے کيا جائے گا۔ 193 رکنی جنرل اسمبلی کے 69 ارکان نے اس قرارداد کے حق ميں ووٹ ڈالا، جبکہ 60 نے اس کی مخالفت کی جس میں امريکا، يورپی يونين اور چند ديگر ممالک شامل ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ عالمی تنظيم کے ذيلی ادارے پہلے ہی اس سلسلے ميں متحرک ہيں۔ جنرل اسمبلی ميں منظور ہونے والی اس قرارداد کا مسودہ روس نے تيار کيا تھا۔

[pullquote]لاکھوں افراد نے ادلب سے نقل مکانی کی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق شام میں جنگجوؤں کے زیر قبضہ صوبہ ادلب سے دو لاکھ پینتیس ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اس عالمی ادارے کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے جنگ کی شدت بڑھنے کی وجہ سے ہزاروں رہائشی علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہيں۔ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبے میں مسلسل حملوں کے باعث امدادی اداروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ادلب میں روس کی حمایت یافتہ شامی فورسز حکومت مخالف جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہيں۔

[pullquote]صومالیہ میں کار بم دھماکا، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر بم دھماکے میں کم از کم بيس افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یہ واقعہ ہفتے کی صبح شہر کے مصروف ترین اوقات میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملے ميں ایک ٹیکس کلیکشن سينٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے البتہ ماضی میں دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ سے منسلک مقامی گروہ الشباب ايسے حملوں ميں ملوث پايا جاتا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے