[pullquote]بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ایران ہے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ سازی کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔ ٹرمپ کے بقول ایران نے ایک امریکی اہلکار کو ہلاک کیا اور کئی کو زخمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر سخت امریکی رد عمل سامنے آئے گا۔ ان کے مطابق اب ایران بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار بھی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عراقی حکام سے سفارت خانے کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ امریکا نے ابھی ہفتے کے روز ہی عراق اور شام میں ایران نواز جنگجوؤں پر فضائی حملے کیے تھے۔
[pullquote]عراقی مظاہرین کی بغداد میں امریکی سفارت خانے میں توڑ پھوڑ[/pullquote]
عراقی دارالحکومت بغداد میں مشتعل شیعہ مظاہرین نے امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افراد مرکزی دروازہ توڑ کر سفارت خانے میں داخل ہوئے اور استقبالیہ کے سامنے امریکی پرچم نذر آتش کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سفارتی عملے کو عمارت سے نکال لیا گیا تھا۔ بغداد کے محفوظ ترین علاقے میں جاری اس احتجاج میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔ یہ مظاہرے شیعہ جنگجوؤں پر امریکی فضائی حملے کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ ہفتے کے روز عراق اور شام میں کیے گئے ان حملوں میں کم از کم پچیس ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
[pullquote]روس اور یوکرائن کے مابین گیس تنازعہ ختم، معاہدہ خوش آئند ہے، میرکل[/pullquote]
جرمنی نے روس اور یوکرائن کے مابین گیس کی فراہمی جاری رکھنے کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ یہ معاہدہ یورپ کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک اچھا اور اہم فیصلہ ہے۔ جرمنی ایک تہائی گیس کی اپنی ضروریات روسی گیس سے پوری کرتا ہے۔ روس اور یوکرائن کے مابین یہ معاہدہ پیر کی رات دیر گئے ویانا میں طے پایا ہے۔ روس سے یورپ کو زیر سمندر نارتھ اسٹریم پائپ لائن کے ذریعے گیس پہنچتی ہے۔
[pullquote]آنے والی دہائی بہتر ثابت ہوگی، میرکل[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ 2020ء کی دہائی بہتر ثابت ہو سکتی ہے۔ نئے سال کے اپنے پیغام میں میرکل نے کہا کہ بہتر تبدیلی اسی صورت میں ممکن ہے، جب عوام عزم اور کھلے ذہن کے ساتھ نئے تجربات اور تبدیلیوں کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ڈیجیٹیلائزیشن، افریقہ سے نقل مکانی کی وجوہات پر قابو پانے کی کوششوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے جیسے مسائل کو نئے چیلنجز قرار دیا۔ میرکل نے مزید کہا کہ اس کے باوجود پر امید رہنے کی بہت سی دیگر وجوہات بھی ہیں۔
[pullquote]بھارتی سرحد کے قریبی علاقوں میں بنگلہ دیشی علاقوں میں موبائل سروس بند[/pullquote]
بنگلہ دیش کے ٹیلی مواصلات کے نگران ادارے نے بھارتی سرحد کے قریب اپنی سروس بند کر دی ہے۔ روئٹرز کے مطابق منتظم ادارے نے آج منگل کو بتایا ہے کہ سلامتی کے خطرے کی وجہ سے پوری بھارتی سرحد کے ساتھ ایک کلومیٹر کے علاقے میں موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔ ایک اہلکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ خدشہ ہے بھارت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون متعارف کرانے کے بعد بھارتی مسلمان بنگلہ دیش میں داخل ہو سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فی الحال یہ سروس غیر معینہ مدت کے لیے بند کی گئی ہے۔
[pullquote]گوزن نے بغیر اجازت جاپان چھوڑا[/pullquote]
کار ساز ادارے رینالٹ۔نسان کے سابق سربراہ کارلوس گوزن جاپانی حکام کی اجازت کے بغیر لبنان پہنچے ہیں۔ گوزن نے کہا کہ جاپانی محکمہ انصاف نے ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی اور بے گناہی کے قیاس کے بنیادی اصول کو نظر انداز کیا ہے۔ گوزن کو جاپان میں مالی خُرد بُرد کے الزامات کا سامنا ہے۔ جاپانی وزارت خارجہ کے مطابق وہ لبنانی حکام سے تعاون کی امید کرتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے مابین حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ جاپان میں ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی 2020ء کے اوائل میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
[pullquote]عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس، لیبیا میں ممکنہ ترک فوجی کارروائی پر تبادلہ خیال[/pullquote]
عرب لیگ نے آج منگل کو لیبیا کے حالات پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس دوران کسی نئی اشتعال انگیزی سے پیدا ہونے والے ان ممکنہ خطرات پر بات کی جائے گی، جو شمالی افریقی ملک لیبیا اور پورے خطے کے استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ مصر نے اس اجلاس کو بلانے کی درخواست کی تھی۔ اس کی وجہ ترکی کی جانب سے لیبیا میں ممکنہ فوجی کارروائی ہے۔ پیر کے روز ترک صدر رجیب طیب ایردوآن نے ملکی پارلیمان میں خانہ جنگی کے شکار اس ملک میں ترک دستے بھیجنے کے لیے ایک مسودہ جمع کرایا۔
[pullquote]آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی[/pullquote]
آسٹریلیا کے جنوب مشرقی جنگلات میں لگی آگ ڈرامائی رفتار سے پھیلتی جا رہی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ ملا کوٹا نامی شہر میں ہزاروں سیاحوں اور مقامی شہریوں نے ساحل سمندر اور دکانوں میں چھپ کر جان بچائی۔ ملکی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے ریاست وکٹوریہ میں فوج طلب کر لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آتشزدگی کی وجہ سے کئی متاثرہ علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اکتوبر سے جاری اس آتشزدگی کی وجہ سے اب تک بارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پانچ شہری بدستور لاپتہ ہیں۔
[pullquote]موغادیشو حملے کا نشانہ ترک انجینئرز تھے، الشباب[/pullquote]
دہشت گرد تنظیم الشباب نے صومالیہ میں کیے گئے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس شدت پسند تنظیم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ موغادیشو میں کیے گئے اس حملے کا نشانہ دو ترک انجینئرز اور ان کے محافظ تھے۔ ہفتے کے روز ہونے والے اس ٹرک بم حملے میں کُل تراسی افراد ہلاک ہوئے۔ الشباب کے ترجمان نے اس واقعے میں دیگر افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس حملے کو حالیہ دنوں کے دوران صومالیہ کا خونریز ترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]شیعہ جنگجوؤں پر حملے لازمی ہو گئے تھے، امریکا[/pullquote]
امریکا نے عراق اور شام میں شیعہ جنگجو تنظیموں پرکیے گئے فضائی حملوں کا دفاع کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق عراقی عوام اور امریکی دستوں کے خلاف جارحیت کے واقعات پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان کے بقول گزشتہ دو ماہ کے دوران گیارہ حملوں کے بعد جوابی کارروائی ضروری ہو گئی تھی۔ بغداد میں قومی سلامتی کی کونسل نے ان حملوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عراقی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اتوار کو کیے گئے ان امریکی حملوں میں پچیس جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔
[pullquote]گیس کی ترسیل کا تنازعہ، روس اور یوکرائن کے مابین معاہدہ[/pullquote]
روس اور یوکرائن نے گیس کی ترسیل پر جاری تنازعے کو حل کر لیا ہے۔ یوکرائن کے صدر وولودو میر زیلنسکی نے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے ایک معاہدے کی تصدیق کی ہے۔ توانائی کے روسی ادارے ’گیس پروم‘ کے مطابق آج اکتیس دسمبر کو ختم ہونے والے معاہدے میں پانچ سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ فریقین کے مابین دو ہفتے قبل ایک بنیادی معاہدہ طے پایا تھا، بعد ازاں یہ بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔ یورپ کی گیس کی اٹھارہ فیصد ضروریات روس پوری کرتا ہے اور یہ گیس یوکرائن سے ہوتی ہوئی یورپ پہنچتی ہے۔
[pullquote]رینالٹ-نسان کے سابق سربراہ کارلوس گوزن لبنان پہنچ گئے[/pullquote]
کار ساز ادارے رینالٹ-نسان کے سابق سربراہ کارلوس گوزن جاپان سے لبنان پہنچ گئے ہیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ہے گوزن پیر کو بیروت پہنچے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا انہوں نےجاپانی محکمہ انصاف کی اجازت سے ٹوکیو چھوڑا ہے۔ گوزن کو جاپان میں مالی خُرد بُرد کے الزامات کا سامنا ہے۔ اسی وجہ سے وہ تقریباً چار ماہ حراست میں بھی رہے۔ انہیں سخت شرائط کے ساتھ ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ جاپان میں ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی 2020ء کے اوائل میں شروع ہونے کا امکان ہے۔