امریکا اور ایران میں بڑھتی کشیدگی کے باعث نیٹو سمیت کینیڈا، جرمنی اور رومانیا نے اپنے اہلکاروں کو عراق سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد نیٹو نے عراق سے اپنے اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور ایران کشیدگی کے باعث اپنے چند اہلکاروں کو وقتی طور پر عراق سے کہیں اور بھیجا جارہا ہے۔
ترجمان نیٹو کے مطابق چند اہلکاروں کو ان کی حفاظت کے پیش نظر عراقی دارالحکومت سے ملک کے اندر یا پھر دیگر ممالک بھیجا جائے گا تاہم نیٹو کی عراق میں موجودگی رہے گی اور حالات کے مطابق عراقی فوجیوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ ٹریننگ آپریشن کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر جرمنی نے بھی عراق سے اپنے اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، جرمن حکومت کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ عراق میں موجود 130 میں سے 30 اہلکاروں کو دیگر ممالک میں بھیجا جارہا ہے۔
ادھر رومانیا نے بھی اپنے تمام 14 اہلکاروں کو عراق سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان اہلکاروں کو دیگر ممالک میں تعینات کیا جائے گا۔
کینیڈین حکومت کی جانب سے عراق میں فوجی مشن کو روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نیٹو میں شامل اپنے چند فوجی اہلکاروں کو عراق سے کویت بھیجا جارہا ہے۔
واضح رہے ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے