پیر : 13 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لیبیا میں فائر بندی قابل اعتماد اور دیرپا ہونا چاہیے، فرانسیسی صدر[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے مطالبہ کیا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار شمالی افریقی ملک لیبیا میں فائر بندی قابل اعتماد اور دیرپا ہونا چاہیے۔ یہ بات پیرس میں صدارتی دفتر کی طرف سے آج پیر کے روز بتائی گئی۔ صدر ماکروں نے یہ بیان اس پس منظر میں دیا کہ لیبیا میں خانہ جنگی کے دونوں بڑے فریق روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک فائر بندی معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔ صدر ماکروں کے مطابق یہ آئندہ فائر بندی دیرپا اور قابل اعتماد ہونے کے ساتھ ساتھ ایسی بھی ہونا چاہیے کہ اس پر عمل درآمد کی باقاعدہ تصدیق بھی کی جا سکے۔ قبل ازیں صدر ماکروں نے کل اتوار کے روز اپنے روسی ہم منصب پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی۔

[pullquote]تائیوان کے الیکشن سے ون چائنہ پالیسی نہیں بدلے گی، چینی اہلکار[/pullquote]

چین کے ایک انتہائی اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ تائیوان میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات کا بیجنگ کی ون چائنہ پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سینئر چینی سفارتکار وانگ یی نے کہا کہ تائیوان میں گزشتہ ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن کے نتائج جو بھی نکلے ہوں، ان کی وجہ سے بیجنگ اپنی ایک چین کی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس بارے میں تائیوان اور مغربی دنیا کے سیاستدانوں کے غلط بیانات یا اقدامات کا چین کی سرکاری پالیسیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ گزشتہ ہفتے کے روز تائیوان میں ووٹروں نے صدر سائی اِنگ وَین کو بھاری اکثریت سے دوبارہ منتخب کر لیا تھا۔ اِنگ وَین کے مطابق تائیوان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ چین تائیوان کو اپنا ایک باغی صوبہ قرار دیتا ہے۔

[pullquote]سلیمانی کی ہلاکت: ٹرمپ کے دعوں کے ثبوتوں سے ناواقف ہوں، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے عراق میں ہدف بنا کر ہلاک کیے جانے کے حالیہ واقعے کے بعد امریکا میں اس فوجی کارروائی کی وجوہات سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر شبہات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے نشریاتی ادارے سی بی ایس کو بتایا کہ انہیں ایسے ممکنہ شواہد کا کوئی علم نہیں کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے چار سفارت خانوں پر مبینہ حملوں کا کوئی منصوبہ بنایا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق انہیں یقین ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کی سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے مبینہ طور پر ایسے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس بارے میں مارک ایسپر نے زور دے کر کہا کہ ایران نے ’شاید‘ خطے میں امریکی سفارت خانوں پر حملوں کا کوئی منصوبہ بنایا تھا۔

[pullquote]جرمن کمپنی سیمنز متنازعہ آسٹریلوی آرڈر کی تکمیل کے لیے ثابت قدم[/pullquote]

جرمن صنعتی کمپنی ماحول پسندوں کی طرف سے احتجاج کے باوجود آسٹریلیا میں کوئلے کی ایک کان کے لیے سگنل تنصیبات کی فراہمی کے اپنے متنازعہ منصوبے پر ثابت قدم رہے گی۔ اس بات کا اعلان اس کمپنی کے سربراہ جو کیزر نے میونخ میں سیمنز کے انتظامی بورڈ کے ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد کیا۔ جو کیزر نے اجلاس کے بعد ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس کمپنی کے گاہکوں کا یہ حق ہے کہ وہ کوئی آرڈر دیے جانے کے بعد سیمنز پر انحصار بھی کر سکیں۔ سیمنز کو ان مائننگ سگنل انسٹالیشنز کا آرڈر بھارتی کمپنی اڈانی نے دیا ہے۔ ماحول پسندوں کی تحریک ’فرائیڈیز فار فیوچر‘ کی جانب سے سیمنز سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ آرڈر منسوخ کر دے۔

[pullquote]پاکستان اور افغانستان میں برفانی طوفان، شدید بارشوں کے باعث درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

پاکستان اور افغانستان میں برفانی طوفانوں اور شدید بارشوں کے نتیجے میں دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان دونوں ممالک میں شدید سردی کے موسم میں متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور بہت سی مسافر پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑ گئیں۔ پاکستانی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق صرف اس صوبے میں ہی گزشتہ دو دنوں کے دوران بارشوں اور شدید برف باری کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم بیس ہو گئی ہے۔

[pullquote]الیکٹرک کاروں کی مقبولیت: ایک عشرے میں لاکھوں جرمن کارکن بے روزگار ہو جائیں گے[/pullquote]

جرمنی میں الیکٹرک کاروں کی مقبولیت اور ان کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث سن دو ہزار تیس تک ملکی منڈی میں روزگار کے چار لاکھ دس ہزار مواقع ختم ہو جائیں گے۔ یہ بات جرمن اقتصادی جریدے ’ہانڈلزبلاٹ‘ نے آج پیر کے روز برلن حکومت کے مشاورتی حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتائی۔ روزگار کے ان مواقع کے ختم ہو جانے کی وجہ یہ ہو گی کہ الیکٹرک کاریں پٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی نسبت کم پرزوں سے تیار ہوتی ہیں اور ان کی تکنیکی دیکھ بھال بھی آسان ہوتی ہے۔ دو ہزار اٹھارہ میں جرمنی میں صرف کار سازی کی صنعت میں کام کرنے والے کارکنوں کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ چالیس ہزار کے قریب بنتی تھی۔

[pullquote]فلپائن میں آتش فشاں سے لاوا ابلنے کے بعد زلزلے کے بیسیوں جھٹکے[/pullquote]

فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے قریب ایک آتش فشاں سے لاوا ابلنے کے بعد وہاں عوامی جان و مال کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ملکی ماہرین ارضیات نے بتایا کہ اس پہاڑ کے پھٹنے اور اس میں سے لاوا نکلنے کے دوران خطے میں گزشتہ رات زلزلے کے اسّی کے قریب جھٹکے محسوس کیے گئے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ اگر صورت حال مزید خراب ہو گئی، تو اس پہاڑ کے ارد گرد کی وادی سے تقریباﹰ دو لاکھ تک مقامی باشندوں کو اپنے گھروں سے رخصت ہونا پڑ سکتا ہے۔ اسی دوران ہر طرف اڑتی راکھ کی وجہ سے منیلا کا ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا ہے۔ شہری ہوا بازی کے ملکی ادارے کے مطابق اندرون ملک اور بیرونی ممالک کو روانہ ہونے والی سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]دہشت گرد تنظیم داعش دوبارہ مضبوط ہو سکتی ہے، اردن کے شاہ عبداللہ کا انتباہ[/pullquote]

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش اس وقت خود کو نئے سرے سے منظم کرنے کی کوشش میں ہے اور یہ شدت پسند گروہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ مضبوط ہو سکتا ہے۔ شاہ عبداللہ نے یہ بات پیرس، برسلز اور اسٹراسبرگ میں اسی ہفتے یورپی رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت سے قبل فرانس ٹوئنٹی فور نامی نشریاتی ادارے کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں آج پیر کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تشویش کی بات یہ ہے کہ داعش دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے۔ اردن کے بادشاہ کے مطابق اس امکان کے تدارک کے لیے جنوب مشرقی شام کے علاوہ مغربی عراق میں بھی عسکریت پسندوں کی ممکنہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی اردن میں وفاقی جرمن فوجی دستوں سے ملاقات[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اپنے ایک سرکاری دورے پر اردن پہنچ گئے ہیں۔ اردن پہنچنے کے بعد انہوں نے الارزق کے فضائی اڈے پر تعینات وفاقی جرمن فوجی دستوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اردن کے اسی فضائی اڈے سے عام طور پر نیٹو کے نگران طیارے شام اور عراق کے لیے اپنی پروازیں شروع کرتے ہیں۔ یہ پروازیں اس وقت خطے میں پائی جانے والی شدید کشیدگی کے باعث معطل ہیں۔ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف جنگ میں اردن اتحادی ممالک کا ایک اہم حلیف ملک ہے۔

[pullquote]مظاہرین پر کوئی فائرنگ نہیں کی گئی، تہران پولیس کے سربراہ کا موقف[/pullquote]

ایرانی دارالحکومت تہران میں پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ مقامی پولیس نے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر کوئی فائرنگ نہیں کی۔ ان کا یہ بیان آج پیر کے روز سرکاری ریڈیو کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔ تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی کے مطابق پولیس نے مظاہرین پر کوئی فائرنگ نہیں کی کیونکہ سکیورٹی دستوں کو بہت زیادہ احتیاط اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔ ایرانی مظاہرین کی طرف سے اتوار کو رات گئے سوشل میڈیا پر چند ایسی ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں، جن میں جگہ جگہ خون دیکھا جا سکتا تھا اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایسا مبینہ طور پر پولیس کی طرف سے تہران کے مضافات میں فائرنگ کے نتیجے میں ہوا تھا۔

[pullquote]کینیا میں الشباب کے عسکریت پسندوں کا مبینہ حملہ، تین اساتذہ ہلاک[/pullquote]

کینیا میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے عسکریت پسندوں کے ایک مبینہ حملے میں کم از کم تین اساتذہ مارے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ کینیا کے ایک قصبے میں ہمسایہ ملک صومالیہ کے ساتھ سرحد کے قریب کیا گیا۔ آج پیر کو علی الصبح کی جانے والی یہ کارروائی نئے سال کے دوران الشباب کا پہلا خونریز حملہ قرار دی جا رہی ہے۔ شدت پسندوں نے گاریسا کے علاقے میں ایک مقامی پولیس اسٹیشن پر بھی حملہ کیا۔

[pullquote]کولمبیا میں فارک پارٹی کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا[/pullquote]

کولمبیا کی سکیورٹی فورسز نے بائیں بازو کی گوریلا تحریک فارک کے سابق کمانڈر روڈریگو لوندونیو پر قاتلانہ حملے کی ایک کوشش ناکام بنا دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس حملے کی کوشش کرنے والے دو مسلح افراد کو گولی مار دی گئی۔ ان حملہ آوروں کا تعلق ایک ایسے چھوٹے دہشت گرد گروپ سے بتایا گیا ہے، جو فارک کے باغی ارکان نے قائم کر رکھا ہے۔ روڈریگو لوندونیو اس وقت فارک پارٹی نامی اس سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، جو کولمبیا میں دو ہزار سولہ میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد قائم کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے