بدھ: 15 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی طرف سے ثالثی کی کوششیں[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششوں میں ہے۔ یہ کشیدگی اس وقت انتہائی زیادہ ہو گئی تھی، جب عراق میں ایک حالیہ امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سیلمانی مارے گئے تھے۔ جنرل سلیمانی ایران کے پاسداران انقلاب کی سپاہ قدس کے سربراہ تھے۔ قطر کے وزیر خارجہ نے ان کوششوں کی تصدیق آج بدھ کے روز اپنے دورہ بغداد کے دوران کی۔ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ قطر اس تناؤ میں کمی کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے، جس نے امریکا اور ایران کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے پورے خطے کو ایک نئی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

[pullquote]روسی وزیر اعظم کا انتخاب پارلیمان کیا کرے، صدر پوٹن کی تجویز[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے تجویز پیش کی ہے کہ اپنی دیگر ذمے داریاں پورے کرنے کے علاوہ وزیر اعظم کا انتخاب بھی آئندہ ملکی پارلیمان کیا کرے۔ صدر پوٹن نے آج بدھ کے روز کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روسی سربراہ حکومت کا چناؤ آئندہ ملکی پارلیمان کی ذمے داریوں کا حصہ ہونا چاہیے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ روس کا بہت مضبوط صدارتی نظام اپنی موجودہ شکل میں آئندہ بھی قائم رہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے اسٹیٹ آف دا نیشن خطاب میں کہی۔ ماہرین کے مطابق پوٹن کے موجودہ صدارتی عہدے کی مدت دو ہزار چوبیس میں پوری ہو گی اور دیکھنا یہ ہے کہ وہ تب تک ملکی نظام سیاست میں کس طرح کی تبدیلیاں لانا چاہیں گے۔ پوٹن تقریباﹰ دو عشروں سے اقتدار میں ہیں۔

[pullquote]پاکستان اور افغانستان میں برفانی تودے گرنے اور سیلابوں سے ایک سو ساٹھ سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

پاکستان کے مختلف علاقوں اور ہمسایہ ملک افغانستان میں حالیہ دنوں کے دوران بہت زیادہ برفباری کے نتیجے میں برفانی تودے گرنے کے واقعات اور شدید بارشوں کے بعد سیلابوں کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک سو ساٹھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں صوبہ بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں کم از کم ایک سو چودہ افراد ہلاک اور اسی کے قریب زخمی ہوئے۔ درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کم از کم تراسی افراد ہلاک ہوئے۔ وادی نیلم سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جہاں امدادی کارکنوں نے منہدم ہو جانے والے مکانوں کے ملبے تلے سے آج مزید اکیس لاشیں نکال لیں۔ افغانستان کے مختلف صوبوں سے بھی انہی وجوہات کے باعث درجنوں ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

[pullquote]چینی قیادت میں ایشیائی تجارتی معاہدے کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کیے، بھارت[/pullquote]

بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جےشنکر نے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت نے چین کی قیادت میں ایشیائی تجارتی معاہدے میں شمولیت کے حوالے سے اپنے دروازے بند نہیں کیے۔ جےشنکر نے یہ بات آج بدھ کے روز نئی دہلی میں کہی۔ بھارت ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت ہے اور گزشتہ برس نومبر میں نئی دہلی نے بیجنگ کی سربراہی میں اتفاق کردہ اس علاقائی اقتصادی معاہدے سے دوری اختیار کر لی تھی۔ یہ معاہدہ علاقائی بنیادوں پر جامع اقتصادی شراکت داری یا آر سی ای پی کہلاتا ہے۔ اس تجارتی معاہدے کی شرائط پر چین اور چودہ دیگر ممالک کے مابین نومبر میں اتفاق رائے ہو گیا تھا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ نئی دہلی اس معاہدے میں اپنی ممکنہ شمولیت کے حوالے سے فوائد اور نقصانات دونوں کا جائزہ لے گا۔

[pullquote]ایمازون کے بارانی جنگلات کا خاتمہ: ایک سال میں شرح تقریباﹰ دو گنا ہو گئی[/pullquote]

ایمازون کے بارانی جنگلات کے خاتمے کی رفتار غیر معمولی حد تک تیز ہوتی جا رہی ہے۔ ایسا زیادہ تر درختوں کے کاٹے جانے اور جنگلاتی رقبے کے بے دریغ خاتمے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس ایسے جنگلات کا تقریباﹰ نو ہزار دو سو مربع کلومیٹر رقبہ ختم ہو گیا۔ یہ شرح دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں پچاسی فیصد زیادہ تھی۔ یہ بات برازیل کے خلائی تحقیقاتی مرکز کی طرف سے ریو ڈی جنیرو میں بتائی گئی۔ اس ادارے نے یہ اعداد و شمار ایمازون کے بارانی جنگلات کے مجموعی رقبے سے متعلق خلا میں موجود سیٹلائٹس کی مدد سے جمع کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیے۔

[pullquote]لبنان میں حکومت سازی میں مسلسل تاخیر، ملکی بینکوں کی طرف سے شدید تنقید[/pullquote]

لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل کے عمل میں مسلسل تاخیر پر ملکی بینکوں کی تنظیم نے شدید تنقید کی ہے۔ لبنانی بینکوں کی تنظیم نے بدھ کے روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیروت میں نئی حکومت کے قیام میں بےتحاشا تاخیر ’انتہائی غیر ذمےد ارانہ‘ عمل ہے۔ لبنان میں عوامی مظاہرے بھی جاری ہیں، جس دوران مشتعل مظاہرین نے کئی ملکی بینکوں پر حملے کرتے ہوئے وہاں توڑ پھوڑ بھی کی۔ بینکوں کی تنظیم کے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لبنانی مالیاتی ادارے بدحالی کا شکار ملکی معیشت کو بچانے کی اپنے طور پر پوری کوشش کر رہے ہیں۔

[pullquote]غیر ملکی سرمایہ کاری کا تحفظ، نئی قانون سازی کا بھارتی منصوبہ[/pullquote]

بھارتی حکومت ایک ایسا نیا قانون متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا تحفظ ہو گا۔ نئی دہلی میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو اس مجوزہ قانون کا ابتدائی مسودہ بھی دکھایا، جو چالیس صفحات پر مشتمل ہے۔ ان ذرائع کے مطابق اس قانون سازی کا مقصد سرمایہ کاری سے متعلق تنازعات کے جلد از جد حل کو یقینی بنانا اور بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ بھارت لانا ہے، تاکہ مقابلتاﹰ کم ہوتی ہوئی شرح نمو بہتر بنائی جا سکے۔ اس قانون کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ملکی حکومت کے مابین تنازعات کے حل کے لیے تیز رفتار عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی۔

[pullquote]جرمنی سے ملک بدر کیے گئے پناہ کے درجنوں ناکام متلاشی افغان شہری کابل پہنچ گئے[/pullquote]

جرمنی سے ملک بدر کیے گئے سینتیس افغان باشندوں کا ایک گروپ واپس افغانستان پہنچ گیا ہے۔ ان افغان شہریوں نے جرمنی میں پناہ کی درخواستیں دے رکھی تھیں، جن کے مسترد کیے جانے کے بعد انہیں ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ افغانستان کی مہاجرین اور ملکی باشندوں کی وطن واپسی سے متعلقہ امور کی وزارت نے بتایا کہ یہ گروپ آج بدھ کے روز بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی سے کابل پہنچا۔ افغان حکام کے مطابق دسمبر دو ہزار سولہ سے لے کر اب تک جرمنی سے ملک بدر کیے گئے افغان شہریوں کو واپس کابل پہنچانے والی یہ اکتیسویں پرواز تھی۔ اس عرصے کے دوران جرمنی سے مجموعی طور پر آٹھ سو ایسے افغان شہری واپس بھیجے گئے، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں۔

[pullquote]چینی حکومت انسانی حقوق کے لیے ایک ’عالمگیر خطرہ‘، ہیومن رائٹس واچ[/pullquote]

انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق چینی حکومت حقوق انسانی کے احترام کے حوالے سے ایک ’عالمگیر خطرہ‘ بن چکی ہے۔ اس تنظیم کے سربراہ کینِتھ رَوتھ نے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق اس ادارے کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت طویل عرصے سے اپنے اندرون ملک ناقدین اور مخالفین کے سیاسی تعاقب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ رَوتھ نے کہا کہ چین اب اس کوشش میں ہے کہ اپنے اس رویے اور جبر کی سوچ کو دنیا بھر میں پھیلا دے۔ اس رپورٹ کے مطابق بیجنگ حکومت نے اپنی وہ کوششیں بھی تیز تر کر دی ہیں، جن کے تحت وہ دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والی انسانی حقوق کے تحفظ کی عالمی تنظیم کو نیچا دکھانا چاہتی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ نے انتخابی ریلی میں مقتول ایرانی جنرل سلیمانی کو گالی دے ڈالی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک انتخابی ریلی میں ایران کے مقتول جنرل قاسم سلیمانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں گالی بھی دے ڈالی۔ امریکی ریاست وِسکونسن کے شہر مِلواکی میں منگل کی شام ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے قاسم سلیمانی کو گالی دیتے ہوئے کہا کہ اس ایرانی جنرل کی وجہ سے بہت سے ایسے جوان مرد اور خواتین بھی دیکھنے میں آتے ہیں، جن کے ہاتھ پاؤں ہی باقی نہیں رہے۔ ٹرمپ نے سلیمانی کے بارے میں کہا کہ انہیں تو بیس سال پہلے ہی ہلاک کر دیا جانا چاہیے تھا۔ ایران کے پاسداران انقلاب نامی دستوں کی سپاہِ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا نے اس ماہ کے اوائل میں عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک فضائی حملے میں باقاعدہ ہدف بنا کر ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]عراق میں امریکی دستوں کے میزبان ایک اور فضائی اڈے پر راکٹوں سے حملے[/pullquote]

عراق میں ایک ایسے فضائی اڈے پر منگل کی رات راکٹوں سے حملے کیے گئے، جہاں امریکی فوجی دستے تعینات ہیں۔ ان حملوں سے صرف دو روز قبل مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں ایک اور فضائی اڈے پر بھی ایسے ہی حملے کیے گئے تھے۔ عراقی فوج نے بتایا کہ کئی کاٹُیوشا راکٹوں سے جس تاجی ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا، وہ ملکی دارالحکومت بغداد سے تیس کلومیٹر شمال کی طرف واقع ہے۔ عراقی فوج کے مطابق ان راکٹ حملوں میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ان حملوں کے بعد عراق میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف امریکا کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک ’چھوٹا‘ حملہ تھا، جس سے اس فوجی اتحاد کے کسی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

[pullquote]شامی صوبے ادلب میں روسی جنگی طیاروں کے باغیوں کے خلاف نئے حملے[/pullquote]

شمال مغربی شام میں ادلب کے صوبے میں روسی جنگی طیاروں نے شامی باغیوں کے زیر قبضہ قصبوں پر نئے فضائی حملے کیے ہیں۔ عینی شاہدین اور باغیوں کے قریبی ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ماسکو کے جنگی طیاروں نے ترکی کے ساتھ طے پانے والے فائر بندی معاہدے کے بعد ایسے حملے کیے ہیں۔ خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں روس اور ترکی کے مابین طے پانے والا یہ فائر بندی معاہدہ ابھی دو روز پہلے ہی نافذالعمل ہوا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے