اتوار : 19 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کا میزائل حملہ، 83 فوجی ہلاک[/pullquote]

یمن میں کیے گئے ایک میزائل حملے میں کم از کم 83 فوجی مارے گئے ہیں۔ یمن کے فوجی اور طبی ذرائع کے مطابق یہ میزائل حوثی ملیشیا نے داغا تھا اور یہ وسطی صوبے مارب کی ایک مسجد پر گرا۔ اس واقعے میں 148 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اس حملے کو بزدلانہ اور دہشت گردانہ فعل قرار دیا۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ یمنی تنازعہ سن 2014 سے جاری ہے، جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]چیک جمہوریہ میں آتشزدگی، آٹھ معذور افراد ہلاک[/pullquote]

جرمنی کی سرحد پر چیک جمہوریہ کے قصبے وجپریٹی (Vejprty) میں واقع ایک مکان میں لگنے والی آگ سے آٹھ افراد جل کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہنگامی امداد کے محکمے کے مطابق آگ جس مکان پر لگی وہ معذور لوگوں کی رہائش کے لیے وقف تھا۔ آگ سے تین درجن دیگر افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ ان میں کئی شدید جھلسے ہوئے ہیں اور کئی کو دھوئیں کی وجہ سے بھی سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ وجپریٹی ایک پہاڑی قصبہ ہے اور امدادی کارروائیوں میں خراب موسم بھی حائل رہا۔

[pullquote]اسرائیل نے لبنانی سرحد پر نیا دفاعی نظام نصب کرنا شروع کر دیا[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد پر ایک نئے دفاعی نظام کی تنصیب شروع کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق شمالی اسرائیل کی سرحد پر جارحانہ کارروائیوں کو روکنے اور نگرانی کے لیے حساس آلات نصب کیے جا رہے ہیں۔ ابھی تک اس سرائیلی کارروائی پر لبنانی فوج یا شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ گزشتہ برس اسرائیل نے اسی سرحدی علاقے میں کئی ایسی سرنگوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو مبینہ طور پر حزب اللہ کے عسکریت پسندوں نے کھود رکھی تھیں۔

[pullquote]وسطی ہانگ کانگ میں مظاہرین کو آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا[/pullquote]

ہانگ کانگ میں آج اتوار کو جمہوریت نواز مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔ مظاہرے میں شریک کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ اتوار کے مظاہرے کے لیے منتظمین نے صرف مارچ کی اجازت طلب کی تھی لیکن پولیس نے ایک پارک کے اندر احتجاج کرنے کی اجازت دی تھی۔ جمہوریت نواز مظاہرین نے جمہوری آزادیوں کے ساتھ ساتھ اب پولیس کارروائیوں کی آزادانہ تفتیش کا مطالبہ بھی شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]گیارہ یوکرائنی باشندوں کی باقیات ایران سے روانہ کر دی گئیں[/pullquote]

ایرانی دارالحکومت میں تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے میں ہلاک ہونے والے گیارہ يوکرائنی شہریوں کی باقیات کییف پہنچ گئی ہیں۔ یوکرائنی حکام کے مطابق ایک فوجی طیارہ اتوار اٹھارہ جنوری کو ان لاشوں کو لے کر ملکی دارالحکومت پہنچا۔ رواں برس آٹھ جنوری کو یوکرائنی مسافر بردار طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا تھا۔ اس واقعے میں طیارے پر سوار 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]لیبیا میں قیام امن: اقوام متحدہ کی کانفرنس کا میزبان جرمن دارالحکومت[/pullquote]

جرمن دارالحکومت میں آج اتوار کو لیبیا کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی اس کانفرنس میں لیبیا کے تنازعے کا حل تلاش کرنے کی ایک اور کوشش کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن، یورپی کمیشن کی سربراہ اُرزولا فان ڈیئر لائن، روسی و فرانسیسی صدور ولادی میر پوٹن اور ایمانوئل ماکروں خاص طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے وزیراعظم فائز السراج بھی برلن میں موجود ہوں گے۔ ایسی ہی ایک کانفرنس قریب دو ہفتے قبل ماسکو میں بے نتیجہ رہی تھی۔

[pullquote]ایرانی معاملے میں دھمکیوں اور زور زبردستی کی پالیسی سے کچھ حاصل حصول نہیں، جرمن وزیر[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ایران کے حوالے سے یورپی پالیسی کی ایک مرتبہ پھر توثیق کی ہے۔ اخبار بلڈ ام زونٹاگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ماس نے ایران کے معاملے میں زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے امریکی پالیسی کو مسترد کیا۔ ان کے بقول دھمکی آمیز رویے اور عسکری کارروائی کے باوجود ایرانی قیادت کی سوچ کا انداز تبدیل نہیں ہوا۔ ماس کے مطابق اگر کوئی ایرانی عوام کی بہتری چاہتا ہے تو بات چیت منقطع کر کے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ جرمن وزیر نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت بھی جوہری معاہدے پر عمل درآمد پر زور دے رہی ہے۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں ایک حملے میں چھ افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی افغان صوبے فریاب میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ صوبائی کونسل کے رکن محمد رُوزی اور مقامی پولیس نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ ہلاک شدگان میں چالیس روز کا ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔ اس واقعے میں دو افراد زخمی ہیں، جن میں ایک اور کم سن بچہ بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ افغان طالبان کے زیر اثر علاقے میں پیش آیا۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]لبنان میں مظاہرے، دو سو کے قریب افراد زخمی[/pullquote]

لبنانی دارالحکومت بیروت میں مظاہروں کے دوران کم از کم چار سو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریڈ کراس کے مطابق مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین ہوئے تصادم کے بعد اسی افراد کو ہسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ لبنان میں حکومت سازی کا عمل مکمل نہ ہونے پر عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ صدر مشیل عون نے وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کو حکم دیا ہے کہ وہ مظاہرے ختم کرانے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے پر امن مظاہرین کو تحفظ فرام کرنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔ لبنان میں مظاہروں کا سلسلہ سن 2019 کے مہینے اکتوبر سے جاری ہے۔ عام لوگ حکومتی کرپشن اور مہنگائی کے خلاف سراپائے احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

[pullquote]چین میں نمونیا وبا کے مزید ڈیڑھ درجن افراد کی تشخیص[/pullquote]

چینی محکمہٴ صحت نے وسطی صوبے وُوہان میں مزید سترہ افراد میں نمونیے کا باعث بننے والے نئے وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ اس وبا کے پھیلنے سے اس وقت ووہان کے ہسپتالوں میں ساٹھ سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔ اب تک اس وائرس میں مبتلا ہونے والے دو چینی مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ ہسپتال سے انیس افراد کو شفایاب ہونے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکا سمیت نصف درجن ایشیائی ممالک میں چین سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی کلینیکل اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ اسی وائرس کی نشاندہی تھائی لینڈ میں دو اور جاپان میں ایک مریض میں بھی کی جا چکی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ یہ نیا وائرس وبائی صورت میں کئی اور علاقوں میں پھیل سکتا ہے۔

[pullquote]جنگلاتی آگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر کا آسٹریلوی منصوبہ[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے جنگلاتی آگ کے بعد ملک کے سیاحتی شعبے کے لیے مالی تعاون کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ اس آتشزدگی سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر کے لیے 76 ملین آسٹریلوی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ ابھی کچھ دن قبل ہی وزیر اعظم موریسن نے جانوروں کے تحفظ کے لیے پچاس ملین ڈالر کا اعلان کیا تھا۔ اندازوں کے مطابق جنگلاتی آتشزدگی کی وجہ سے آسڑیلیا کی سیاحت کی صنعت کو اس سال ساڑھے چار ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔ یہ آگ گذشتہ برس ستمبر سے نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا ریاستوں میں لگی ہوئی ہے۔ کئی ملین جنگلاتی رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ آگ پھیلنے کی وجہ شدید گرم اور خشک موسم بنا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے