ہفتہ : 24 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق ميں حکومت مخالف مظاہرين کے خلاف کارروائی[/pullquote]

عراقی سکيورٹی فورسز نے دارالحکومت بغداد کے التحرير چوک پر حکومت مخالف مظاہرين کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس مقام پر درجنوں لوگوں نے قريب تين ماہ سے دھرنا دے رکھا ہے۔ سکيورٹی فورسز نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے فائرنگ کی اور آنسو گيس کے شيل برسائے۔ فوری طور پر ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس کارروائی ميں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے۔ سکيورٹی فورسز نے گزشتہ رات جنوبی شہر بصرہ ميں بھی حکومت مخالف مظاہرين کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کم از کم سولہ افراد کو حراست ميں لے ليا تھا۔

[pullquote]امن معاہدے کی صورت ميں افغان عوام غير ملکی فورسز کے انخلاء کے حامی[/pullquote]

ايک تازہ مطالعے کے نتائج ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ افغانستان کے چھياليس فيصد عوام طالبان کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے بعد ملک سے امريکی اور نيٹو فورسز کا مکمل انخلاء چاہتے ہيں۔ يہ مطالعہ افغانستان کے چونتيس صوبوں ميں پانچ ہزار سے زائد افراد کی رائے پر مبنی ہے اور اسے ’انسٹيٹيوٹ آف وار اینڈ پيس اسٹڈيز‘ نے کرايا۔ اسی فيصد افغان باشندوں کی رائے ميں ان ميں ملک ميں جاری مسلح تنازعے کا صرف سياسی حل ممکن ہے جب کہ بيس فيصد کے مطابق عسکری کارروائی سے تنازعہ ختم ہو سکتا ہے۔ سروے ميں یہ بات بھی سامنے آئی کہ تراسی فيصد افغان باشندے امن مذاکرات ميں عورتوں کو شامل کرنے کے حامی ہيں۔

[pullquote]چين: کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اکتاليس ہو گئی[/pullquote]

چين ميں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اکتاليس ہو گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر دنيا بھر ميں تيرہ سو سے زائد افراد اب تک اس وائرس کا شکار بن چکے ہيں۔ چينی شہر ووہان سے شروع ہونے والی اس وبا کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے چين ميں مزيد پابندياں عائد کر دی گئی ہيں۔ بتايا جا رہا ہے کہ چين کے اٹھارہ شہروں ميں کُل چھپن ملين افراد نقل و حرکت اور ديگر اقسام کی پابنديوں سے متاثر ہو رہے ہيں۔ دريں اثناء کورونا وائرس چين کے علاوہ اب تھائی لينڈ، ويت نام، سنگا پور، جاپان، جنوبی کوريا، تائيوان، نيپال، ملائيشيا، فرانس، امريکا اور آسٹريليا ميں بھی رپورٹ کيا جا چکا ہے اور ان ممالک ميں لوگوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصديق ہو چکی ہے۔

[pullquote]بھارت کے زير انتظام کشمير ميں انٹرنيٹ کی جزوی بحالی[/pullquote]

بھارت کے زير انتظام کشمير کے چند حصوں ميں آج سے انٹرنيٹ کی ترسيل بحال کی جا رہی ہے۔ جموں و کشمير کے محکمہ داخلہ کے بيان کے مطابق صارفين کو حکومت کی منظور کردہ 301 ويب سائٹس تک رسائی حاصل ہو گی۔ اسمارٹ فونز پر ڈيٹا بھی بحال کیا جا رہا ہے، يعنی مقامی لوگ اپنے فونز سے بھی آن لائن جا سکيں گے۔ البتہ سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر پابندی اب بھی برقرار ہے۔ بھارت کے زير انتظام کشمير کے بيشتر حصوں ميں قريب پانچ ماہ سے انٹرنيٹ کی سروس معطل ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے تنقید کے باوجود نئی دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ يہ قدم سلامتی کو يقينی بنانے کے ليے اٹھايا گيا تھا۔

[pullquote]مسلمان مسافروں کے ساتھ امتيازی سلوک، ڈيلٹا ايئر لائنز پر جرمانہ[/pullquote]

امريکا کی ڈيلٹا ايئر لائنز پر مسلمان مسافروں کے ساتھ امتيازی سلوک کرنے پر پچاس ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر ديا گيا ہے۔ تفتیش کے دوران ثابت ہوا کہ دو مختلف واقعات ميں تين مسافروں کو طياروں سے باہر بھيجا گيا اور ان فيصلوں ميں متاثرين کے ساتھ مذہبی عقائد کی بنياد پر امتيازی سلوک روا رکھا گيا۔ يہ جرمانہ يو ايس ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹيشن نے جمعے کو عائد کيا۔ ڈيلٹا ايئر لائن امتيازی سلوک کے الزام کو مسترد کرتی ہے البتہ ايئر لائن نے يہ بھی کہا ہے کہ مذکورہ واقعات کے بعد پاليسياں تبديل کر دی گئی ہيں۔

[pullquote]ميانمار ميں جھڑپيں، دو روہنگيا خواتين ہلاک[/pullquote]

ميانمار ميں فوج اور عسکريت پسندوں کے مابين مبینہ جھڑپوں ميں دو روہنگيا خواتين ہلاک ہو گئی ہيں۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ شمالی ریاست راکھین میں بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے ایک روہنگیا خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئی اور دوسری ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ فوج نے ہلاکتوں کی ذمہ داری روہنگیا عسکریت پسندوں پر عائد کی ہے۔ دوسری جانب روہنگیا عسکریت پسند تنظیم اراکان آرمی نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اُن کی میانمار کی فوج کے ساتھ کسی قسم کی کوئی لڑائی یا جھڑپ نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے اسی ہفتے میانمار کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی حفاظت یقینی بنائے۔

[pullquote]ترکی ميں زلزلے سے جانی و مالی نقصان[/pullquote]

ترکی کے مشرقی حصوں ميں آنے والے زلزلے سے کم از کم بيس افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ دارالحکومت انقرہ سے قريب ساڑھے پانچ سو کلوميٹر مشرق کی جانب واقع الازیغ صوبے ميں ريکٹر اسکيل پر 6.8 کی شدت کا يہ زلزلہ جمعے اور ہفتے کی درميانی رات آيا۔ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے متاثرہ شہروں ميں کئی عمارتیں منہدم ہو گئيں اور بتايا گيا ہے کہ لگ بھگ 1,030 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے شام، ايران اور لبنان ميں بھی محسوس کيےگئے تاہم وہاں کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہيں ہے۔

[pullquote]امريکی صدر کا مواخذہ، ٹرمپ کا موقف آج پيش کيا جائے گا[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے ليے سينيٹ ميں جاری کارروائی ميں آج بروز ہفتہ ٹرمپ کے وکلاء پہلی مرتبہ اپنا موقف پيش کرنے والے ہيں۔ گزشتہ تين ايام سے ڈيموکريٹک پارٹی کے سياستدان ٹرمپ کے مواخذے کے ليے اپنے دلائل پيش کر رہے تھے۔ چوبيس گھنٹوں پر محيط کارروائی ميں ڈيموکريٹ سينيٹرز نے يہ موقف اختيار کيا کہ يوکرائن سے جو بائيڈن کے بيٹے کے حوالے سے تفتيش کرانے کے معاملے ميں ٹرمپ نے بطور صدر اپنے اختيارات کا ناجائز استعمال کيا۔ ايسا امريکی تاريخ ميں تيسری مرتبہ ہو رہا ہے کہ ملکی صدر کے مواخذے کے ليے کارروائی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]ايرانی حملے ميں چونتيس امريکی فوجی متاثر ہوئے، پينٹاگون[/pullquote]

امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون نے جمعے کی شب اس امر کی تصديق کی ہے کہ عراق ميں ايک امريکی فوجی اڈے پر ايرانی حملے سے کل چونتيس امريکی فوجی متاثر ہوئے تھے۔ پينٹاگون کے ترجمان جونيتھن ہوفمين نے رپورٹرز کو بتايا کہ فوجيوں کو ذہنی دباؤ سے متعلق تکاليف ہيں۔ امريکی حکام نے اس قبل بتايا تھا کہ سات آٹھ جنوری کو مغربی عراق ميں عين الاسد کے فوجی اڈے پر ايرانی حملے ميں صرف گيارہ امريکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ حزب اختلاف کی ڈيموکريٹک پارٹی کے چند ارکان نے اس پيش رفت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صدر کو غلط بيانی کے ليے معافی مانگنا چاہيے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ اور بورس جانسن کا ٹيلی فونک رابطہ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹيلی کميونيکيشن نيٹ ورکس کی سلامتی پر تبادلہ خيال کے ليے برطانوی وزير اعظم بورس جانسن سے رابطہ کيا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق يہ ٹيلی فونک گفتگو جمعے کی شب ہوئی۔ چينی ٹيلی کام کمپنی ہواوے عنقريب برطانيہ ميں فائيو جی نيٹ ورک متعارف کرانے والی ہے اور لندن حکومت کو جلد ہی اس بارے ميں حتمی فيصلہ کرنا ہے کہ آيا ہواوے کو اس کی اجازت دی جائے۔ امريکا کو خدشہ ہے کہ ہواوے اپنے نيٹ ورکس کو جاسوسی کے ليے استعمال کر سکتی ہے۔ اس معاملے سے قريبی واقفيت رکھنے والے دو ذرائع کے مطابق امريکا چاہتا ہے کہ برطانيہ ہواوے پر مکمل پابندی لگائے جبکہ برطانيہ جزوی پابندی کے حق ميں ہے۔

[pullquote]عراق ميں امدادی ادارے کے کارکن لاپتہ[/pullquote]

عراق ميں ايک مسيحی امدادی ادارے کے ليے کام کرنے والے چار غير ملکی رضاکار پير کے روز سے لاپتہ ہيں۔ اس ادارے کی جانب سے اس بارے ميں جمعے کی شب مطلع کيا گيا۔ لاپتہ ہونے والوں ميں تين فرانسيسی شہری ہيں جبکہ ايک عراقی ہے۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ آيا انہيں کسی نے اغواء کيا ہے۔ يہ تمام افراد دارالحکومت بغداد ميں فرانسيسی سفارت خانے کے قريب سے لاپتہ ہوئے تھے۔ فرانسيسی حکام نے اس معاملے پر بات کرنے سے گزيز کيا۔

[pullquote]258 ملين بچے تعليم سے محروم ہيں، اقوام متحدہ کی نائب سيکرٹری جنرل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی نائب سيکرٹری جنرل امينہ محمد نے اس بات پر گہری تشويش کا اظہار کيا کہ اس وقت دنيا بھر ميں سترہ برس سے کم عمر کے 258 ملين بچے تعليم جيسے بنيادی حق سے محروم ہيں۔ علاوہ ازيں 770 ملين بالغ بھی ان پڑھ ہيں۔ امينہ محمد کے مطابق تعليم حاصل کرنے والے بچوں ميں بھی صرف انچاس فيصد سيکنڈری اسکول مکمل کر پاتے ہيں۔ انہوں نے يہ باتيں تعليم کی عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مخاطب ہو کر کہيں۔ اقوام متحدہ کا ہدف ہے کہ سن 2030 تک دنيا بھر کے تمام بچوں کو بنيادی تعليم کی سہولت ميسر ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے