سری نگر: دنیابھرمیں کشمیری آج بھارت کایوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپرمنارہےہیں یوم سیاہ کےموقع پرمقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔
حریت رہنماؤں کی اپیل پر دنیا بھر میں کشمیری نام نہاد بھارتی یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، جس کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر پر بھارت کے مسلسل قبضے اور کشمیریوں کوگزشتہ 73 سال سے حق خودارادیت سے محروم رکھے جانے کی طرف مبذول کرانا ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں کشمیریوں کی جانب سے بھارت کےخلاف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
صدر آزاد کشمیرمسعودخان نے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقےمیں یوم جمہوریہ منانے کاحق نہیں رکھتا، بھارت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کومحصورکررکھاہے، قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانےکیلیےکردارادا کرے۔
واضح رہے کہ اس سال کشمیری ایک ایسے موقع پر یوم سیاہ منارہے ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیے جانے والے لاک ڈاون کو 175 روز ہو چکے ہیں۔ بھارت کے یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا ہے، جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔