پیر : 27 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان کا مسافر جہاز کریش کر گیا[/pullquote]

افغانستان کی فضائی کمپنی آریانا ایئرلائنز کا ایک مسافر جہاز وسطی صوبہ غزنی میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ غزنی کے گورنر ہاؤس کے ترجمان عارف نوری کے مطابق یہ بوئنگ جہاز سدو خیل کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجکر دس منٹ پر کریش کر گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس جہاز پر 38 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں۔

[pullquote]چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2700 سے متجاوز[/pullquote]

چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2700 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 81 تک پہنچ گئی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں ملک کے وسطی شہر ووہان میں ہوئی ہیں۔ ووہان میں ہی اس خطرناک وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ چین سے باہر دیگر ملکوں میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں زیادہ تر چینی شہری ہیں یا پھر وہ افراد جو حال ہی میں ووہان گئے تھے۔ یہ وائرس اب تک کینیڈا، آسٹریلیا، فرانس اور جاپان سمیت درجن بھر ممالک میں پہنچ چکا ہے۔

[pullquote]شہریت ترمیمی بل کے معاملے پر یورپی پارلیمان میں قرارداد کی منظوری پر بھارت کی تنقید[/pullquote]

بھارت میں متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کئی ملکوں نے آواز اٹھائی ہے۔ اب یورپی پارلیمان میں بھی اس پر بحث کے لیے ایک قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ سات سو اکاون رکنی یورپی پارلیمان میں چھ سو اکاون اراکین کی غیر معمولی اکثریت نے شہریت ترمیمی قانون یا سی اے اے کے علاوہ جموں و کشمیر میں عائد پابندیوں پر بحث کے لیے کُل چھ قراردادیں منظور کی ہیں۔ ان پر انتیس جنوری کو بحث اور تیس جنوری کو ووٹنگ ہو گی۔ قراردادیں منظور ہونے کے بعد انہیں بھارتی حکومت، پارلیمان اور یورپی کمیشن کے سربراہان کو بھیجا جائے گا۔ بھارت نے یورپی یونین کی اس قرارداد پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے اپنا داخلی معاملہ قرار دیا ہے۔

[pullquote]آؤشوٹس نازی اذیتی کیمپ کی آزادی کو 75 برس مکمل[/pullquote]

پولینڈ میں واقع سابقہ ناذی اذیتی کیمپ آؤشوٹس کی آزادی کو 75 برس مکمل ہو گئے ہیں۔ اس اذیتی کیمپ کو آج ہی کے دن یعنی 27 جنوری کو سابقہ سوویت افواج نے آزاد کرایا تھا۔ تب تک اس اذیتی کیمپ میں ایک ملین سے زائد انسانوں کو ہلاک کیا جا چکا تھا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس اذیتی کیمپ کے 200 کے قریب سابق قیدی بھی وہاں ہونے والی تقریبات میں شریک ہوں گے۔

[pullquote]جرمن حکومت کا ووہان میں پھنسے اپنے شہریوں کو نکالنے کا منصوبہ[/pullquote]

جرمن حکومت چینی شہر ووہان میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ووہان کورونا وائرس سے بُری طرح متاثر ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے برلن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حکومت اپنے ان تمام شہریوں کو ووہان سے نکالنے پر غور کر رہی ہے جو اس کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بيجنگ میں قائم جرمن سفارت خانے نے اپنے شہریوں کی مدد کے لیے ایک ٹیم وہاں بھیجی ہے۔ ماس کے مطابق ووہان میں موجود جرمن شہریوں کی تعداد ڈبل ڈیجیٹ میں یا دو ہندسی ہے۔

[pullquote]مصری عدالت نے چہرے کے نقاب پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا[/pullquote]

مصر کی اعلیٰ ترین عدالت نے اس فیصلے کے خلاف درخواست رد کر دی ہے، جس کے مطابق ملک کی معروف یونیورسٹی کی خواتین پر پابندی عائد کی گئی تھی کہ وہ تدریسی عمل کے دوران چہرے پر نقاب نہیں لے سکتیں۔ ملک کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے قاہرہ یونیورسٹی کے صدر کی طرف سے 2015ء میں لگائی گئی اس پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ اس پابندی کے خلاف 80 محققین نے درخواست دی تھی۔ موجودہ فیصلہ حتمی ہے اور اب اس کے خلاف اپیل نہیں ہو سکتی۔

[pullquote]پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

پاکستانی پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پشتین کو گزشتہ شب پشاور میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ کا قیام 2018ء میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد پشتونوں کے حقوق کا تحفظ تھا۔ پی ٹی ایم پاکستانی فوج پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ بعض گروپوں کو تو نشانہ بناتی ہے مگر اس کی ایما پر افغانستان میں لڑنے والے دیگر گروپوں کو اس نے چھوٹ دے رکھی ہے۔ پی ٹی ایم کے ایک اور رہنما محسن داوڑ نے پشتین کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]چین دنیا کا دوسرا بڑا ہتھیار ساز ملک بن گیا[/pullquote]

چین ہتھیار تیار کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ یہ بات اسٹاک ہوم میں قائم اسلحے سے متعلق ریسرچ انسٹیٹیوٹ سپری کی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ 2015ء سے 2017ء تک ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق اعداد وشمار کے مطابق چین کی چار بڑی کمپنیوں نے صرف 2017ء میں 54.1 بلین امریکی ڈالرز ماليت کا اسلحہ فروخت کیا۔ ہتھیار فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک بدستور امریکا ہے اور روس اب تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ سپری کے مطابق چین کی طرف سے اسلحے کی فروخت سے متعلق یہ اولین تفصیلی اسٹڈی ہے۔ قبل ازیں چینی کمپنیوں کی طرف سے اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی جاتی تھیں۔

[pullquote]بھارت کا قرضوں تلے دبے ادارے ایئر انڈیا کو فروخت کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

بھارت نے کہا ہے کہ وہ قرضوں کے بھاری بوجھ تلے دبی قومی ایئر لائن ایئر انڈیا میں اپنا تمام تر حصہ فروخت کر دے گا۔ اس کا مقصد اس ایئر لائن کی نجکاری ہے تاکہ اسے نقصان سے نکالا جا سکے۔ اس حوالے سے آج پیر کو ایک دستاویز جاری کی گئی ہے جس میں اس ایئر لائن کو خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو 17 مارچ تک رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس دستاویز کے مطابق خریدار کو ایئر انڈیا پر چڑھے آٹھ بلین ڈالرز کے برابر قرض کا بوجھ بھی اٹھانا ہو گا۔ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے وزير اعظم نریندر مودی کی حکومت متعدد حکومتی اداروں کی فروخت کا ارادہ رکھتی ہے۔

[pullquote]جرمن فوج میں دائیں باز وکی انتہا پسندی کے سینکڑوں واقعات زیر تفتیش[/pullquote]

جرمن فوج میں دائیں بازو کی انتہا پسندی سے متعلق واقعات میں ساڑھے پانچ سو اہلکاروں کے خلاف تفتیش جاری ہے۔ فیڈرل جرمن آرمی کی کاؤنٹر انٹیلیجنس سروس کی رپورٹ کے مطابق بہت سے انتہا پسندانہ واقعات کی نشاندہی حالیہ برسوں میں ہوئی۔ ان میں ساڑھے پانچ سو تک فوجیوں کے دائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثر ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ جرمن فوج کی کاؤنٹر انٹیلیجنس سروس کے سربراہ کرسٹوف گرام نے جرمن اخبار بِلڈ اَم زونٹاگ کو بتایا کہ سن 2019 میں دائیں بازو کی انتہا پسندی سے جڑے تین سو ساٹھ واقعات درج کیے گئے۔ گرام کے مطابق چودہ فوجیوں پر انتہا پسندی کے الزام میں باقاعدہ فرد جرم گزشتہ برس ہی عائد کر دی گئی تھی۔

[pullquote]بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملہ[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارت خانہ گزشتہ روز تین راکٹوں کا نشانہ بنا۔ گزشتہ کئی ماہ سے اس علاقے پر متعدد راکٹ داغے گئے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی سفارت خانہ براہ راست ان کا نشانہ بنا۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب عراق بھر میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ روز ایک راکٹ امریکی ایمبیسی کے کیفے ٹیریا پر گِرا جبکہ دو دیگر اس کے قریب گرے۔ ایک سینئر عراقی اہلکار کے مطابق کم از کم ایک شخص اس راکٹ حملے میں زخمی ہوا۔

[pullquote]کورونا وائرس پر قابو پانے کے ليے چینی حکومت نے نو بلین ڈالرز کے برابر رقم جاری کر دی[/pullquote]

چینی وزارت خزانہ اور نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نو بلین امریکی ڈالرز کے برابر رقم جاری کر دی ہے۔ یہ بات چینی وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ چینی حکومت نے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ووہان شہر سمیت متعدد شہروں ميں سفری رابطے منقطع کر رکھے ہیں جبکہ ملک میں جاری سالانہ چھٹیاں بھی بڑھا دی گئی ہيں۔ کئی بڑے کاروباری ادارے بھی بند ہیں۔

[pullquote]باسکٹ بال کے شہرہ آفاق امریکی کھلاڑی کوبے برائنٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر باراک اوباما سمیت کئی کھلاڑيوں اور معروف شخصیات نے کوبے برائنٹ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ باسکٹ بال کے شہر ہ آفاق امریکی سابق کھلاڑی کوبے برائنٹ گزشتہ روز لاس اینجلس کے قریب ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے۔ لاس اینجلس لیکرز کے سابق اسٹار کھلاڑی 41 سالہ برائنٹ کا شمار اپنے دور کے بہترین باسکٹ بال کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ حادثے میں ان کی تیرہ سالہ بیٹی جیانا اور پائلٹ سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے