پیر : 03 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس: ہلاکتیں ساڑھے تین سو سے تجاوز[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں تین سو اکسٹھ ہو گئی ہیں۔ وائرس میں متاثرہ مرضوں کی تعداد سترہ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً تین ہزار کے قریب افراد میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی۔ دوسری جانب عالمی ادارہٴ صحت نے کہا ہے کہ چین میں اس وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا کیونکہ اب بھی ہزاروں مریض کلینیکل ٹیسٹ کے منتظر ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے وسطی چینی صوبے ہوبئی میں نئے قمری سال کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہوبئی کے صوبائی دارالحکومت ووہان میں وائرس میں مبتلا مریضوں کے لیے دس دنوں میں ایک نیا ہسپتال تعمیر کر کے کھول دیا گیا ہے۔

[pullquote]گوگل کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات روکے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اڈہینوم گبرائسس (Tedros Adhanom Ghebreyesus) نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ سرچ انجن گوگل کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات روکنے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کہی۔ اس اجلاس میں چین میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے سوشل میڈیا کے کردار پر غور کیا گیا۔ گبرائسس کے مطابق ٹویٹر، فیس بک، ٹین سینٹ اور ٹک ٹوک نے اس وبا کے حوالے سے غلط اطلاعات کے پھیلاؤ کو محدود کرنا شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]اسلامی ممالک کی تنظیم نے مشرق وسطیٰ کے لیے ٹرمپ کا پلان مسترد کر دیا[/pullquote]

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ پلان کو مسترد کر دیا ہے۔ ستاون رکنی تنظیم نے رکن ملکوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس منصوبے کے لیے امریکی انتظامیہ کو کسی بھی قسم کا تعاون پیش کرنے سے گریز کریں۔ امریکی صدر نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان قیام امن کا منصوبہ اٹھائیس جنوری کو پیش کیا تھا۔ اس پلان کو فلسطینی پہلے ہی ‘یک طرفہ’ قرار دے کر مکمل طور پر رد کر چکے ہیں۔

[pullquote]یمن سے شدید علیل لوگوں کا انخلا[/pullquote]

اقوام متحدہ نے آج سے یمنی باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں شدید علیل افراد کا انخلا شروع کر دیا ہے۔ یہ انخلا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ شدید علیل افراد اور اُن کی نگہداشت کرنے والے لوگوں کو صنعاء ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایات کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے ہوائی جہاز پر صرف سات مریضوں اور اُن کے ہمراہ جانے والے خاندان کے ایک فرد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ حوثی ملیشیا نے دو فروری کو اقوام متحدہ کے اس پلان پر یہ کہہ کر تنقید کی تھی کہ انخلا کے عمل میں ہزاروں دیگر علیل افراد کو بھی شامل کیا جائے۔

[pullquote]آزاد تجارتی معاہدے کی ضرورت نہیں، بورس جانسن[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے مسابقتی ضوابط کی بنیاد پر آزاد تجارتی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔ برطانوی وزیر اعظم یورپی یونین کے ساتھ کینیڈا کے ساتھ طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے جیسی ڈیل کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں واضح کیا کہ برطانیہ نتائج کی پرواہ کیے بغیر خوشحالی کے راستے پر گامزن رہے گا۔ بورس جانسن کا یہ بیان برطانیہ کے اکتیس جنوری کو یورپی یونین سے نکل جانے کے بعد تجارتی مذاکرات شروع ہونے سے قبل سامنے آیا ہے۔

[pullquote]برکینا فاسو میں شدت پسندوں نے ڈیڑھ درجن شہری مار دیے[/pullquote]

افریقی ملک برکینا فاسو کے شمالی حصے میں شدت پسندوں نے کم از کم اٹھارہ شہریوں کو قتل کر دیا ہے۔ ساحل خطے کے گورنر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تا کہ ہلاک شدگان کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔ ایک سکیورٹی ذرائع نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے سینو صوبے کے گاؤں لمڈاکول میں لوگوں کو کھڑا کر کے گولیاں ماریں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس گاؤں کے لوگوں نے جہادیوں کو وارننگ دی تھی کہ وہ ان کا علاقہ چھوڑ کر کہیں اور منقل ہو جائیں۔ گزشتہ ماہ اسی سینو صوبے کے ایک اور مقام پر حملے میں انتالیس لوگ مار دیے گئے تھے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ ازبکستان پہنچ گئے[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو وسطی ایشیائی ریاست اور سابق سوویت جمہوریہ ازبکستان پہنچ گئے ہیں۔ ازبکستان میں وہ تاشقند حکومت کے ساتھ دو طرفہ معاملات کے ساتھ آزادیٴ اظہار اور صحافت کی صورت حال پر خاص طور پر بات کریں گے۔ تاشقند پہنچ کر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چین سے امریکی شہریوں کے انخلا کے لیے مزید چارٹرڈ پروازوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے قازق حکومت کو اُس امریکی تشویش سے آگاہ کیا تھا جو اِس ریاست میں روسی اور چینی سرمایہ کاری کی وجہ سے پیدا ہونے والے اثر و رسوخ میں اضافے سے متعلق ہے۔

[pullquote]شامی فوج کی شیلنگ سے چار ترک فوجی ہلاک[/pullquote]

ترک وزارت برائے قومی دفاع نے کہا ہے کہ پیر تین فروری کو شمالی شامی علاقے میں اسد حکومت کی فوج کی شدید شیلنگ سے چار ترک فوجی مارے گئے ہیں۔ اس بیان کے مطابق شیلنگ کے جواب میں ترک فوج کی کارروائی میں چھ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی۔ ترک فوجیوں کی ہلاکت ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ادلب میں شامی فوج قابض باغیوں کے خلاف عسکری آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترک فوج اس علاقے میں ناکام ہو جانے والی فائر بندی کی نگرانی کے لیے تعینات ہے۔ ترک اور شامی حکومتوں کے تعلقات سن2011 میں اسد حکومت کے خلاف شروع ہونے والی مسلح تحریک کے بعد سے خراب چلے آ رہے ہیں۔

[pullquote]کوسووو میں حکومت سازی کی ڈیل پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ[/pullquote]

جنوب مشرقی یورپی ملک کوسووو کی پارلیمنٹ میں اُس معاہدے کی توثیق آج پیر کو ہو گی، جس کے تحت دو بڑی جماعتوں نے حکومت تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اتوار دو فروری کو طے پانے والی اس ڈیل میں بائیں بازو کی ترقی پسند سیاسی جماعت اور ڈیموکریٹک لیگ شامل ہیں۔ بلقان خطے کے اس ملک میں قبل از وقت کرائے گئے انتخابات کو چار ماہ گزرنے کے بعد اب نئی حکومت کے قائم ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ بائیں بازو کی ترقی پسند سیاسی جماعت کے رہنما البین کُرتی (Albin Kurti) کا کہنا ہے کہ پارلیمانی توثیق کے بعد وہ معاہدے کے تحت وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔

[pullquote]آسٹریلوی وزیراعظم کو عدم مقبولیت کا سامنا[/pullquote]

آسٹریلیا میں منگل چار فروری سے نیا پارلیمانی سیشن شروع ہو رہا ہے۔ وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو اس اجلاس میں اسپورٹس فنڈنگ اور جنگلاتی آگ سے پیدا ہونے والے بحرانوں کی وجہ سے اپوزیشن کی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایک تازہ عوامی جائزے کے مطابق موریسن اس وقت اپنی مقبولیت کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ اس باعث ان کی سیاسی جماعت لبرل پارٹی کی عوامی حمایت میں بھی کمی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی لیبر پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ۔ موریسن گزشتہ برسسابق وزیراعظم میلکم ٹرنبُل کو پارٹی قیادت سے فارغ کرنے کے بعد مئی سن 2019 میں ہونے والے انتخابات میں حیران کن طور پر لیبر پارٹی کو شکست دینے میں کامیاب رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے