منگل : 04 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے بارودی سرنگوں پر عائد پابندی اٹھالی، یورپی یونین کی شدید مذمت[/pullquote]

یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارودی سرنگوں کے استعمال پر عائد پابندی اٹھانے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے اپنے ایک بیان میں امریکی صدر کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارودی سرنگوں کا استعمال چاہے جو بھی کرے ، کسی بھی جگہ اور کسی بھی موقع پر کرے ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔ گذشتہ جمعے کو امریکی حکومت کی جانب سے جدید اور خود تباہ ہوجانے والی بارودی سرنگوں کے استعمال کی اجازت یہ کہہ کر دی گئی تھی یہ محفوظ ہیں۔ جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی جانب سے جان لیوا بارودی سرنگوں کے خلاف ان عالمی اصولوں کو نظر انداز کیا گیا ہے جن کی وجہ سے گذشتہ 20 سالوں میں ہزاروں افراد کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔ یورپی یونین کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ تباہ کن بارودی سرنگوں سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہوتی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتیں 425 ہوگئیں[/pullquote]

چین میں حکام نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی تعداد بیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتیں چار سو پچیس ہو گئی ہیں۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق پیر سے منگل کی صبح تک مزید چونسٹھ افراد وسطی چینی صوبے ہوبئی میں دم توڑ گئے۔ ادھر ہانگ کانگ میں بھی ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق اس وقت قریب دو درجن ملکوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کی جا چکی ہے۔ اس دوران دیگر ملکوں کے بعد ملائیشیا نے بھی ایک خصوصی پرواز میں ووہان سے اپنے سو سے زائد شہریوں کو وطن واپس پہنچایا ہے۔

[pullquote]سلووینیہ کے دارالحکومت میں پچاس برس بعد پہلی مسجد[/pullquote]

یورپی ملک سلووینیہ کے دارالحکومت لُبلییانہ میں پہلی مسجد کھول دی گئی ہے۔ سلووینیہ کے مسلمانوں نے پچاس برس قبل اس مسجد کے قیام کی درخواست کی تھی۔ کئی دہائیوں کی تاخیر کے بعد مسجد کی تعمیر بلآخر سن 2013 میں شروع ہوئی۔ اس کی تعمیر پرانتالیس ملین ڈالر کی لاگت آئی، جس کی بیشتر رقم قطری حکومت نے فراہم کی۔ یہ مسجد لُبلییانا کے نیم صنعتی علاقے میں تعمیر کی گئی اور اس میں ایک وقت میں چودہ سو نمازی جمع ہو سکتے ہیں۔ سلووینیہ میں مسلمانوں کے مفتی نجات قرابوس نے مسجد کے قیام کو ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

[pullquote]لیبیا میں متحارب مسلح گروہ مستقل جنگ بندی پر آمادہ[/pullquote]

لیبیا سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے غسان سلامے نے کہا کہ لیبیا میں جاری تشدد روکنے کے لیے فریقین نے مستقل جنگ بندی پراصولی اتفاق کر لیا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو جنیوا میں متحارب گروہوں کے نمائندوں سے مذکرات کے بعد کہی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے مزید کہا کہ اصولی اتفاق کے بعد اب اس جنگ بندی کی شرائط طے ہونا باقی ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم کی سوڈانی لیڈر سے ملاقات[/pullquote]

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سوڈان کی حکمران کونسل کے چیئرمین عبدالفتح برہان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے پر غور کیا ہے۔ یہ ملاقات پیر کو یوگنڈا کے شہر اینٹیبی میں ہوئی۔ اطلاعات ہیں کہ سوڈان کے رہنما اسرائیل کو ایک یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے حامی ہیں۔ تاہم خرطوم میں سوڈانی حکومت کے ترجمان نے اس ملاقات پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا ہے اس پیش رفت کی وضاحت ضروری ہے۔ فلسطینی قیادت نے سوڈان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ممکنہ اقدام کی مذمت کی ہے۔ عرب دنیا میں صرف مصر اور اردن کے اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات ہیں۔

[pullquote]داعش دوبارہ شام اورعراق میں سر اٹھا رہی ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ شام اور عراق میں دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ سلامتی کونسل کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق داعش ان دونوں ممالک میں سکیورٹی کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ آیا ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے نئے لیڈر ابو ابراہیم الہاشمی اپنے گروپ کی عملی قیادت میں کامیاب ہیں۔ الہاشمی کو گزشتہ برس اکتوبر میں البغدادی کی ہلاکت کے بعد لیڈر بنایا گیا تھا۔

[pullquote]جاپان میں ریٹائرمنٹ کی عمر ستر برس کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کی کابینہ نے ملک میں ریٹائرمنٹ کی عمر ستر برس کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کی وجہ جاپان میں ملازمت کے مواقع موجود ہونے کے باوجود لیبر کی قلت ہے۔ کیوڈو نیوز ایجنسی کے مطابق نئے قانون میں اداروں کو مختلف آپشن دینے کی تجویز شامل ہے، جن میں ریٹائر منٹ کی عمر بڑھانا یا حتمی عمر کا خاتمہ یا ریٹائرمنٹ کی عمر کے بعد بھی کام کرتے رہنے کی اجازت شامل ہے۔ جاپان میں شرح پیدائش کم ہے اور ڈھلتی عمر کے افراد کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ نئے مسودہٴ قانون کی رواں پارلیمانی سیشن کے دوران منظوری حاصل کر لی جائے۔

[pullquote]پومپیو کی وسطی ایشیائی ریاستوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ازبکستان میں حالیہ اصلاحات کے حکومتی اقدام کو مناسب اور بہتر قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ازبک صدر شوکت میرضیائف سے ملاقات کے بعد کہی۔ ازبک دارالحکومت تاشقند میں قیام کے دوران پومپیو نے پانچ وسطی ایشیائی ریاستوں کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ یہ تمام ریاستیں سابق سوویت یونین کا حصہ تھیں۔ جن ممالک کے وزرائے خارجہ تاشقند پہنچے، اُن میں قزاقستان، کرغیزستان، تاجکستان، ترکمانستان اورازبکستان شامل ہیں۔ اس اجلاس میں خاص طور پر افغانستان کی صورت حال پر بھی غور ہوا۔

[pullquote]کینیا کے سابق صدر ڈینیئل ارپ موئی چل بسے[/pullquote]

کینیا کے سابق صدر ڈینیئل ارپ موئی کا انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 95 برس تھی۔ پچانوے سالہ ڈینیئل موئی 1978سے 2002 تک کینیا کے صدر رہے۔ وہ گذشتہ چند ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی موت کی خبر کینیا کے صدر اوہُورو کینیاٹا نے منگل کو سرکاری ٹیلی ویژن پر دی۔ سابق صدر کے دور کو کینیا میں بدعنوانی اور اقربا پرستی کے فروغ کے لیے جانا جاتا ہے۔

[pullquote]امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے ریاست آئیوا کےانتخابی نتائج مؤخر[/pullquote]

امریکا میں رواں برس کے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کے انتخاب کے لیے ریاست آئیوا کے پارٹی الیکشن کے نتائج مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ ووٹنگ کے لیے استعمال کی جانے والی موبائل ایپ میں تکنیکی مسائل بتائی گئی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہلکار کے مطابق نتائج روکنے کی بنیادی وجہ معیار کو برقرار رکھنا ہے نا کہ ہیکنگ ہے۔ اسی دوران ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما برنی سینڈرز نے ان انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ اُن کے حامیوں کے مطابق اب تک گنے گئے ووٹوں میں سینڈرز کو تقریباً انتیس فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ حتمی نتائج کا اعلان کب تک ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے