اتوار : 09 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شوٹنگ سے چھبیس افراد ہلاک، تھائی لینڈ میں سوگ[/pullquote]

تھائی وزیراعظم پرایت چن اوچا نے ناکھون راتچاسیما نامی شہر میں شوٹنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اتوار کو بنکاک میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے تصدیق کی کہ اس پرتشدد واقعے میں چھبیس افراد ہلاک جبکہ ستاون زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تھائی لینڈ میں یہ پہلا اور آخری واقعہ ہو گا۔ اس قتل عام کا ذمہ دار ایک فوجی کو قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ہفتے کے دن ایک عسکری کیمپ سے اسلحہ چرا کے ایک شاپنگ مال میں بلا امتیاز فائرنگ کی۔

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ہڑتال[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں اتوار کو عام ہڑتال کی وجہ سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ اس ہڑتال کی کال علیحدگی پسند ’جموں کشمیر لبریشن فرنٹ‘ نے کشمیری علیحدگی پسند افضل گرو کی برسی کے موقعے پر دی تھی۔ افضل گرو کو سن دو ہزار ایک میں بھارتی پارلیمان پر حملے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ بھارتی پولیس نے اس ہڑتال کی کال دینے پر کالعدم ’جموں کشمیر لبریشن فرنٹ‘ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

[pullquote]افغان فوجی کی فائرنگ سے افغانستان میں دو امریکی فوجی ہلاک[/pullquote]

امریکی فوج کے مطابق ننگر ہار صوبے میں ایک افغان فوجی کی فائرنگ کے نتیجے میں دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ افغان فوج کا یونیفارم پہنے ہوئے ایک شخص نے اچانک فائرنگ کر دی تاہم جوابی کارروائی کے نتیجے میں اسے ہلاک کر دیا گیا۔ افغان فوجیوں کی طرف سے ماضی میں بھی غیر ملکی اتحادی فوجیوں پر اس طرح کے حملے کیے جا چکے ہیں۔ اس تازہ واقعے کے بعد نئے سال میں افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال افغانستان میں بائیس امریکی فوجی مختلف واقعات میں مارے گئے تھے۔

[pullquote]اسرائیل نے فلسطینی برآمدات پر پابندی لگا دی[/pullquote]

اسرائیل نے فلسطینی زرعی مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے اس اسرائیلی قدم کو گزشتہ پانچ ماہ سے جاری تجارتی جنگ میں ایک’خطرناک‘ پیش رفت قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے حکام نے اتوار کے دن کہا کہ ‘ایلن بی سرحدی کراسنگ’ سے مزید فلسطینی سامان برآمد نہیں کیا جا سکے گا۔ اردن اور مقبوضہ غرب اردن سے متصل یہ سرحدی گزر گاہ، ایک ایسا واحد راستہ ہے جہاں سے فلسطینی مصنوعات غیر ملکی منڈیوں تک بھیجی جاتی ہیں۔

[pullquote]کرونا وائرس کی ہلاکتیں آٹھ سو سےبڑھ گئیں[/pullquote]

کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 811 ہو گئی ہے۔ یوں یہ تعداد سن دو ہزار دو اور تین میں سارس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ تب سارس وبا کے باعث سات سو چوالیس افراد مارے گئے تھے۔ حکام نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی کل تعداد سینتیس ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ تاہم چین میں حکام نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں نئے کیسز کی تعداد میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

[pullquote]قزاقستان میں ہنگامے، ہلاکتیں دس ہو گئی[/pullquote]

قزاقستان کے جنوبی صوبے جامبیل میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ سلسلہ وار جھڑپوں کے دوران چالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ قزاقستان کے صدر نے ان ہنگاموں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

[pullquote]بصرہ آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں کمی[/pullquote]

عراق کی بصرہ آئل کوآپریشن نے کہا ہے کہ نھر بن عمر آئل فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار میں کمی کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ آلودگی اور نقصان دہ گیسوں کے اخراج کے تناظر میں لیا گیا ہے۔ اتوار کو کمپنی کے ڈائریکٹر احسان عبدالجبار نے ایک بیان میں کہا کہ یہ آئل فیلڈ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے متنازع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام تحفظ ماحول کی خاطر اٹھایا جا رہا ہے۔

[pullquote]ادیس ابابا میں افریقی یونین کا اہم اجلاس[/pullquote]

افریقی ممالک کے رہنما آج ادیس ابابا میں افریقی یونین کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں کئی اہم علاقائی موضوعات کے علاوہ لیبیا کے بحران پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ افریقی رہنماؤں کی کوشش ہے کہ اس براعظم میں جاری مسلح تنازعات کے حل کی فوری کوشش کی جائے، اسی لیے اس اجلاس کا مرکزی خیال ’بندوق کو خاموش کرنا‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس کے دوران افریقی اتحاد کی سربراہی مصر سے جنوبی افریقہ کو سونپی جائے گی۔

[pullquote]انڈونیشی صدر آسٹریلیا پہنچ گئے[/pullquote]

انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو نے آسٹریلیا کے گورنر جنرل ڈیوڈ ہیرلے سے ملاقات کی ہے۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران وڈوڈو پیر کو کینبرا کی وفاقی پارلیمان سے خطاب بھی کریں گے۔ وڈوڈو اپنے پیش رو سوسیلیو بامبانگ یودھو یونو کے بعد دوسرے انڈونیشی سربراہ مملکت ہیں، جو آسٹریلوی پارلیمان سے خطاب کرنے جا رہے ہیں گے۔ وڈوڈو کے دورہ آسٹریلیا سے کچھ روز قبل ہی جکارتہ حکومت نے آسٹریلیا کے ساتھ آزاد تجارت کے ایک اہم معاہدے کو حتمی شکل دی ہے۔

[pullquote]پاپوا نیو گنی میں زلزلے کے جھٹکے[/pullquote]

پاپوا نیو گنی میں اتوار کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ امریکی ارضیاتی مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.2 نوٹ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز دارالحکومت کوکوپو کے جنوب میں 75 میل دور تھا جبکہ اس کی گہرائی انیس میل تھی۔ فوری طور پر اس زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]نئی دہلی کے الیکشن میں مودی کو شکست کا امکان[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ریاستی الیکشن کے ابتدائی رجحانات کے مطابق مرکز میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھاری شکست کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بظاہر عام آدمی پارٹی ایک مرتبہ پھر ریاستی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز کے انتخابی نتائج کو ہندو قوم پسند رہنما نریندر مودی کی سیاسی جماعت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ انتخابات کے سرکاری نتائج منگل کو متوقع ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے