پیر : 10 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی فورسز کے حملے میں پانچ ترک فوجی ہلاک[/pullquote]

شامی فورسز کے ایک حملے میں ترکی کے پانچ فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق شامی فورسز نے یہ حملہ آج پیر کے دن شام کے جنوب مغربی صوبے ادلب کے علاقے تفتناز میں کیا۔ شامی باغیوں کے ذرائع کے مطابق دمشق حکومت کی فورسز نے تفتناز میں واقع ترک فوجی اڈے پر بمباری کی، جس کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو وہاں سے منتقل کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ایک باغی کمانڈر نے کہا کہ شامی باغیوں نے ترک دستوں کی مدد سے آج سراقب کے علاقے میں دمشق حکومت کے دستوں کے ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

[pullquote]چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 40 ہزار اور ہلاکتیں 900 سے متجاوز[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد نو سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پیر کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس سے مزید 97 مریض ہلاک ہو گئے جبکہ تین ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ چینی حکام کے مطابق تازہ ہلاکتوں کی اکثریت سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبائی سے تھی۔

[pullquote]جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کی گرفتاری عدالت میں چیلنج[/pullquote]

بھارتی سپریم کورٹ میں جموں کشمیر کے سابق وزير اعلٰی عمر عبداللہ کی چھ ماہ سے حراست کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ ان کی بہن سارہ عبداللہ نے سپریم کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں عمر عبداللہ کی حراست کو آزادی اظہار کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سیاسی حریفوں کو دبانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ کشمیر کے زیادہ تر سیاسی رہنما بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دیے جانے کے بعد سے قید میں ہیں۔

[pullquote]جرمنی، حکمراں جماعت کی سربراہ کی طرف سے اگلے سال چانسلر کا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان[/pullquote]

جرمنی میں حکمراں جماعت سی ڈی یو کی موجودہ سربراہ نے آئندہ برس کے قومی انتخابات میں چانسلر کا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اینے گریٹ کرامپ کارین باؤر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے بعد سال 2018ء میں حکمران جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ بنی تھیں۔ انہیں سیاسی حلقوں میں انگلا مرکل کی جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ اپنے ابتدائی ردعمل میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پارٹی سربراہ کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]جاپانی ساحل پر لنگر انداز کروز شپ پر مزید 60 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق[/pullquote]

جاپانی ساحل پر لنگر انداز کروز شپ ’ڈائمنڈ پرنسس‘ پر سوار مزید 60 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق اس طرح اس جہاز پر اب تک کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔ جاپانی حکام نے یوکوہاما کے ساحل پر لنگر انداز اس کروز شپ کے مسافروں کو اُس وقت اس جہاز تک ہی محدود رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جب ہانگ کانگ میں اترنے والے ایک مسافر میں اس وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔ اس بحری جہاز پر کُل تین ہزار سات سو مسافر اور عملے کے ارکان موجود ہیں جن کا تعلق پچاس مختلف ممالک سے ہے۔

[pullquote]چین سے باہر کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑے خطرے کے محض ابتدائی آثار ہیں، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ مختلف ملکوں میں ایسے افراد میں کوورونا وائرس کی تصدیق جنہوں نے کبھی چین کا سفر نہیں کیا، کسی بڑے مسئلے کا اشارہ دیتے ہیں۔ انہوں اس صورت حال کو ’ٹِپ آف دا آئس برگ‘ قرار دیا۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے ماہرین کی ٹیم پیر کو بیجنگ پہنچ رہی ہے۔ چین سے باہر اب تک قریب 30 ممالک میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جہاں اس کے متاثریں کی تعداد 350 سے تجاوز کر چکی ہے۔ چین سے باہر اب تک اس وائرس سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]آئرلینڈ کے انتخابات میں بائیں بازو کی جماعت شِن فین کی جیت متوقع[/pullquote]

آئرلینڈ میں اتوار کو ہونے والے عام انتخابات میں بائیں بازو کی جماعت شِن فین کو دیگر جماعتوں سے زیادہ ووٹ ملنے کی توقع ہے۔ تاہم یہ اس کا امکان کم ہے کہ یہ جماعت ڈبلن میں قومی پارلیمان کی بڑی جماعت بن سکے گی۔ شِن فین ماضی میں شدت پسند تنظیم آئرش ریپبلکن آرمی کا سیاسی بازو رہی ہے۔ اگر اس پارٹی نے اقتدار میں شراکت داری کے لیے درکار کافی نشتیں حاصل کر لیں، تو پھر منقسم آئرلینڈ کے دوبارہ اتحاد کے لیے کسی ریفرنڈم کا جلد انعقاد ملکی حکومت کی باقاعدہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ بھی بن سکتا ہے۔

[pullquote]ادلب: مسلم شدت پسندوں کی صفوں میں درجنوں جرمن بھی موجود[/pullquote]

شامی صوبے ادلب میں صدر بشارالاسد کی حکومت کے خلاف برسرپیکار باغیوں کی صفوں میں 60 سے زائد جرمن شہری بھی شامل ہیں۔ جرمنی کے ایک نشریاتی ادارے ’ایس ڈبلیو آر‘ نے سوشل میڈیا پر جنگجوؤں کی جانب سے بھیجےگئے بعض پیغامات کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایسے چند افراد کا تعلق ’حیات التحریر الشام‘ سے ہے، جس کے مراسم شدت پسند تنظیم القاعدہ سے بتائے جاتے ہیں۔ اس نشریاتی ادارے کے مطابق کم از کم ایک جرمن شہری شدت پسند تنظیم جند الاسلام سے بھی وابستہ ہے۔ شام کا شمال مغربی صوبہ ادلب وہ آخری مقام ہے، جہاں باغیوں اور شدت پسندوں کا قبضہ ہے۔ صدر بشارالاسد اس صورتحال کو اپنی حکومت کے حق میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]سولر آربٹر نامی خلائی مشن سورج کی جانب روانہ ہو گیا[/pullquote]

یورپی اور امریکی ماہرین کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ کینیڈی اسپیس سینٹر سے سولر آربٹر نامی ایک مشن خلا کی طرف روانہ کر دیا ہے۔ اس مشن کا سفر نو برس تک طویل ہو سکتا ہے، مگر ماہرین کو امید ہے کہ اس کے ذریعے وہ سورج کے ایسے راز جان سکیں گے جن سے انسان اب تک لاعلم ہے۔ سولر آربٹر اتوار کی شب کیپ کنیورل میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر تین منٹ پر اٹلس وی 411 نامی راکٹ کے ذریعے خلا کی طرف روانہ ہوا۔ یورپی خلائی ایجنسی اور ناسا کے اس مشترکہ مشن کو جرمن شہر دارم اشٹٹ میں واقع یوروپیین آپریشنز سینٹر سے کنٹرول کیا جائے گا۔ سولر آربٹر میں 10 مختلف سائنسی آلات نصب ہیں اور ان کا مجموعی وزن 1800 کلوگرام ہے۔ اس مشترکہ مشن پر 1.5 بلین یورو کی لاگت آئی ہے جو 1.66 ارب ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔

[pullquote]آسکر ایوارڈز: نئی تاریخ رقم، جنوبی کوریائی فلم کے لیے بہترین فلم کا ایوارڈ[/pullquote]

جنوبی کوریا کی فلم ’پیراسائٹ‘ انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان کی ایسی پہلی فلم بن گئی ہے، جسے آسکر ایورڈز کی 92 سالہ تاریخ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ فلمی صنعت میں کسی بھی فلم کے لیے سب سے مؤقر ترین اعزاز ہے۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ خواکِن فینکس کو فلم جوکر میں ان کے مرکزی کردار پر دیا گیا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ رَینے زیلویگر کو فلم جوڈی میں ان کی اداکاری پر دیا گیا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بریڈ پِٹ نے حاصل کیا، جو انہیں ’وَنس اپون اے ٹائم اِن ہالی وُڈ‘ نامی فلم میں ان کے کردار پر دیا گیا۔ بریڈ پٹ کے لیے یہ اولین آسکر ایوارڈ ہے۔ بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ سابق امریکی صدر اوباما اور خاتون اول میشل اوباما کی پروڈکش کمپنی کی طرف سے بنائی گئی فلم’دی امریکن فیکٹری‘ کو دیا گیا۔

[pullquote]راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش کو میزبان پاکستان کے ہاتھوں ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست[/pullquote]

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دو میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور چوالیس رنز سے ہرا دیا۔ اس پہلے میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 168 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اس سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ اب پانچ اپریل کو کراچی میں شروع ہو گا۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز بھی دو صفر سے ہار چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے