بدھ: 12 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس: چین میں مزید 97 ہلاکتیں، مجموعی تعداد 1100 سے متجاوز[/pullquote]

کورونا وائرس کے سبب چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 97 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس طرح وہاں اب تک کُل ہلاکتوں کی تعداد 1113 ہو گئی ہے۔ چینی حکام کے مطابق اسی دوران مزید 2015 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔ 30 جنوری کے بعد سے کسی ایک دن کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔ چینی طبی ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ اپریل کے وسط تک اس وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا جائے گا۔ چین میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہ دنیا کے 30 ممالک تک پہنچ چکا ہے۔

[pullquote]ترکی ادلب سے متعلق معاہدے پر عمل نہیں کر رہا، ماسکو[/pullquote]

روسی حکومت نے ترکی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شامی علاقے ادلب میں باغیوں کو بے اثر کرنے سے متعلق معاہدے پر عمل درآمد نہیں کر رہا۔ کریملن کے ترجمان دیمیتری پیشکوف کے مطابق ترکی نے ایک دو طرفہ معاہدے میں ادلب میں سرگرم دہشت گرد گروپوں کو بے اثر کرنے کی ذمہ داری اپنے سر لی تھی مگر یہ تمام گروہ ادلب سے نہ صرف شامی فورسز کے خلاف اپنے حملوں میں شدت لا چکے ہیں بلکہ وہ روسی عسکری اہداف کے خلاف بھی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ شامی فورسز ادلب میں باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں جو اس ملک میں اب ان کا آخری گڑھ ہے۔

[pullquote]لیبیا: خلیفہ حفتر کی فورسز نے اقوام متحدہ کی پروازیں روک دیں[/pullquote]
لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر کی فورسز نے اقوام متحدہ کی لیبیا کو آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی پروازیں روک دی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق ان پروازوں کی بندش سے نہ صرف امدادی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے گا بلکہ اس ملک میں قیام امن کے لیے ثالثی کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔ خلیفہ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی گزشتہ ہفتوں کے دوران کئی مرتبہ اقوام متحدہ کی روزانہ پروازوں کو ملک میں لینڈ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر چکی ہے۔

[pullquote]محمود عباس کی ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر اقوام متحدہ میں شدید تنقید[/pullquote]

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ مشرق وسطیٰ امن منصوبے کو ’سوئس پنیر‘ کی مانند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوں صرف اور صرف اسرائیلی مفادات ہی حاصل کیے جائیں گے۔ اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر عباس نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے امن منصوبے پر شدید تنقید کی اور کہا، ”یہ امریکی امن منصوبہ فلسطینیوں کے تمام حقوق کی تردید کرتا ہے اور اس سے قیام امن کا مقصد حاصل نہیں ہو گا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے ذریعے پائیدار امن قائم نہیں ہو سکے گا۔ صدر عباس نے متنبہ کیا کہ ایسی صورت میں پرتشدد مظاہرے بھی شروع ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو نیا نام دے دیا[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کی جان لینے والے کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم کو ’کووِڈ – 19‘ کا باقاعدہ نام دے دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے اس موقع پر کہا گیا کہ یہ بیماری دنیا کے لیے ایک ’انتہائی شدید خطرہ‘ ہے تاہم اس پر قابو پا لینے کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے مطابق کووِڈ دراصل کورونا اور وائرس کے ابتدائی دو حروف کا مجموعہ ہے جبکہ 19 اس سال کی نمائندگی کرتا ہے جب یہ وائرس پہلی مرتبہ منظر عام پر آیا۔

[pullquote]امریکا اور طالبان ’تشدد میں کمی‘ کے معاہدے کے قریب[/pullquote]

افغان طالبان نے امریکا کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ افغانستان میں تشدد میں ایک ہفتے کے لیے کمی کی ان کی پیشکش کا جواب دے۔ یہ انتباہ طالبان اور امریکی خصوصی مندوب کے درمیان کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد جاری کیا گیا۔ واشنگٹن کی طرف سے بھی گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ طالبان کے ساتھ تشدد میں کمی کا معاہدہ چند دنوں میں طے پا سکتا ہے۔ دوسری طرف افغان صدر اشرف غنی نے اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ایک فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ بات چیت میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

[pullquote]سودان کا عمر البشیر کو عالمی فوجداری عدالت کے حوالے کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

سوڈان کی عبوری حکومت اور باغی گروپ سابق صدر عمر البشیر کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے حوالے کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس بات کا اعلان ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کی جانب سے کیا گیا۔ عمر البشیر جن کی حکومت گزشتہ برس ختم کر دی گئی تھی، دارفور کے تنازعے کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے الزامات کے تحت عالمی عدالت کو مطلوب ہیں۔ 76 سالہ عمر البشیر پر بدعنوانی اور مظاہرین کے قتل کے الزامات کے تحت سوڈانی عدلیہ میں بھی مقدمات قائم ہیں اور وہ اپنے گھر پر نظر بند ہیں۔

[pullquote]مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو بہت بڑی شکست[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں بہت بڑی شکست سے دو چار ہوئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابی مہم میں شہریت سے متعلق قانون میں متنازعہ ترامیم پر عوام کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ ان انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے کُل 70 میں سے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور اس طرح اروند کیجریوال دوسرے مدت کے لیے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ منتخب ہو جائیں گے۔ مودی نے اس کامیابی پر عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دی ہے۔

[pullquote]لبنانی پارلیمان کا نئی حکومت پر اعتماد کا اظہار[/pullquote]

لبنانی پارلیمان نے نئی ملکی حکومت پر اپنے اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ 84 میں 63 ارکان پارلیمان نے وزیر اعظم حسن دیاب کی کابینہ کے حق میں ووٹ دیا۔ دیگر اقدامات کے علاوہ نئے سربراہ حکومت نے ملک میں بدعنوانی کے خلاف اقدامات کا وعدہ بھی کیا ہے۔ دوسری طرف پارلیمان کی عمارت کے باہر سکیورٹی فورسز اور ان مظاہرین کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں بھی ہوئیں، جو نئی حکومت کو رد کرتے ہیں۔ ریڈ کراس کے مطابق ان جھڑپوں میں 370 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے