اتوار : 16 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین میں مریضوں کی تعداد 69 ہزار سے بڑھ گئی ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہٴ صحت نے بتایا ہے کہ چین میں پھیلی کورونا وائرس کی نئی قسم کی وبا سے بیمار افراد کی تعداد انہتر ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک سو بیالیس مریض کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہوئے ہیں۔ اس طرح چین میں اس وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی تعداد 1665 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار مزید افراد میں کووِیڈ انیس نامی بیماری کی تشخیص کی گئی۔ نمونیے جیسی بیماری میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل تیسرے دن بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ دوسری جانب کووڈ انیس بیماری سے یورپی براعظم میں پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ چینی سیاح تھا جو فرانس پہنچا ہوا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب اور قطر کے درمیان مکالمت تعطل کا شکار[/pullquote]

قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ تین سال سے جاری سفارتی و سیاسی تنازعے کے خاتمے کے لیے مذکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔ الثانی نے مزید کہا کہ ان کی ریاست مذاکراتی عمل کے لیے ہر وقت تیار ہے اور اس کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ نیت کا ہونا از حد ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تین برس قبل شروع ہونے والے تنازعے کی ابتداء قطر نے نہیں کی تھی۔ قطر اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں گزشتہ برس نومبر میں بہتری کے آثار سامنے آئے تھے۔

[pullquote]لیبیا کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی مذاق بن کر رہ گئی ہے، یو این اہلکار[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک سینیئر اہلکار نے کہا ہے کہ شمالی افریقی ملک لیبیا کے متحارب فریقوں تک اسلحے کی فراہمی پر عائد بین الاقوامی پابندی ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی اہلکار کی نائب خاتون اہلکار اسٹیفینی ولیمز نے واضح کیا کہ اس پابندی کا عملی احترام وقت کی ضرورت ہے۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں انہوں نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کی غیرقانونی ترسیل میں ملوث افراد کے اخلاف تادیبی اقدامات بہت ضروری ہو گئے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریائی لیڈر کی تین ہفتوں بعد کسی عوامی مقام پر آمد[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کو تین ہفتوں کے بعد اُس مزار پر دیکھا گیا جہاں، ان کے والد اور دادا کی باقیات رکھی ہوئی ہیں۔ اُن کے مسلسل تین ہفتے تک پبلک مقام پر نظر نہ آنے پر جنوبی کوریا میں مختلف شکوک و شبہات نے جنم لینا شروع کر دیا تھا۔ یہ بھی کہا گیا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کم جونگ اُن نے عوامی مقامات پر نکلنا بند کر دیا ہے۔ چیئرمن کم اپنے والد کم جونگ اِل کی اٹھہترویں سالگرہ کے سلسلے میں دربار پر حاضری دینے گئے تھے۔ کم جونگ اِل کی سالگرہ کے روز کو شمالی کوریا میں ’چمکتے ستارے کا دن‘ قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]کابینہ جلد تشکیل دے دی جائے گی، نامزد عراقی وزیر اعظم[/pullquote]

عراق کے نامزد وزیر اعظم محمد توفیق علاوی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں اپنی کابینہ تشکیل دے کر پارلیمان میں ووٹنگ کے لیے پیش کر دیں گے۔ انہوں نے یہ بات اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہی ہے۔ علاوی کے پاس کابینہ تشکیل دینے کا وقت دو مارچ تک ہے۔ پارلیمنٹ سے وزرا کی توثیق ہی وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ خیال کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب اعلیٰ عراقی حکام نے شکوک کا اظہار کیا ہے کہ نامزد وزیراعظم اتنی جلدی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مطابق کابینہ کی توثیق کے لیے کسی غیر معمولی سیشن کو طلب کرنے کا امکان نہیں ہے۔

[pullquote]برطانیہ کو ایک اور سمندری طوفان کا سامنا[/pullquote]

مختلف برطانوی علاقوں میں سمندری طوفان ڈینس کے ٹکرانے کے بعد شدید بارشوں اور زور دار جھکڑوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ مسلسل دوسرا ویک اینڈ ہے کہ برطانیہ کو سمندری طوفان کا سامنا ہے۔ پچھلے ویک اینڈ پر کیارا نامی طوفان آیا تھا۔ اتوار کو موسلا دھار بارشوں سے ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ ویلز میں پچھلے چوبیس گھنٹوں سے طوفان باد و باراں نے عام لوگوں کی زندگی کو مشکل کر رکھا ہے۔ اس طوفان کی وجہ سے لوگوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ نشیبی علاقے کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

[pullquote]ماسکو کے ایک چرچ میں چاقو سے حملہ، دو افراد زخمی[/pullquote]

روسی دارالحکومت ماسکو کے ایک گرجا گھر میں کیے گئے چاقو کے حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے ایک چھبیس سالہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لیا ہے۔ اس حملے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے ماسکو کے شمال مشرق میں واقع آرتھوڈکس چرچ میں داخل ہو کر پادری کے واعظ کے مقام کے قریب پہنچ کر چاقو سے وار کرنا شروع کر دیے۔ گرجا گھر کے سکیورٹی رضاکاروں نے حملہ آور پر دھاوا بول کر اُسے قابو کر لیا۔

[pullquote]بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ گرے ہیں، عراقی حکومت[/pullquote]

عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ گرنے کی سکیورٹی حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ امریکی سفارت خانہ بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ہے۔ ان راکٹوں کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ عراق کے لیے قائم امریکی عسکری اتحاد کے ذرائع نے نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ یہ چھوٹی قسم کے راکٹ اُس فوجی ٹھکانے پر گرے جہاں اتحادی فوجی متعین ہیں۔ ذرائع کے مطابق راکٹ داغے جانے کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ بغداد کے گرین زون کو حالیہ مہینوں کے دوران کئی مرتبہ راکٹ حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اپنے چار روزہ دورے پر شورش زدہ مقامات پر امن دستوں کی تعیناتی میں پاکستان کے کردار اور مہاجرین کی صورت حال پر فوکس کریں گے۔ اس دورے کے دوران وہ پاکستانی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ گوٹیرش افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کے چالیس برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ اس بین الاقوامی کانفرنس کا انتظام حکومتِ پاکستان اور اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے نے مشترکہ طور کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل ماحولیات اور پاکستان میں پائیدار معاشی و سماجی ترقی پر بھی اعلیٰ حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بات چیت میں توجہ مرکوز کریں گے۔

[pullquote]افغانستان: نشے کی لت میں مبتلا نو افراد کی ہلاکت[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے نواحی پہاڑی سلسلے کوہ قرغ کی ایک غار میں نشے کی لت میں مبتلا نو افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ شام پیش آیا۔ غار میں سے ایک زخمی کو ہسپتال پہنچانے کا بھی کابل پولیس نے بتایا۔ کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق نشئی افراد کو ہلاک کرنے کے محرکات جاننے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ افغان دارالحکومت میں ہزاروں افراد نشے کی لت میں مبتلا ہیں اور پورے ملک میں یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں اکتیس شہری ہلاک ہوئے ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

یمن میں اقوام متحدہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ الجوف نامی صوبے میں کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم اکتیس عام شہری مارے گئے ہیں۔ حوثی باغیوں کے مطابق یہ فضائی حملہ سعودی عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں نے کیا تھا۔ یمنی باغیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ الجوف میں فضائی حملہ عسکری اتحاد کا جنگی طیارہ گرانے کے جواب میں کیا گیا۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے یمنی صوبے میں ایک ٹورناڈو جیٹ طیارے کے گرنے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان نے طیارے کے گرنے کی تفتیش شروع کرنے کا بھی بتایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے