[pullquote]جرمنی کی طرف سے اسلحے کی برآمدات سے پابندی اٹھانے کی سعودی عرب کی توقعات[/pullquote]
ریاض حکام نے جرمنی کی طرف سے سعودی عرب پر عائد اسلحے کی برآمدات پر پابندی جلد اٹھا ئے جانے کی توقعات کا اظہار کیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے مطابق امید ہے کہ جرمنی صورتحال کو سمجھے گا کہ سعودی عرب کو اپنے دفاع کے لیے ان وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ایک پیچیدہ اور مشکل خطے میں واقع ہے۔ شہزادے نے اس بیان میں جرمن اسلحے کے معیار کی تعریف بھی کی۔ جرمنی نے 2018ء میں ریاض کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روک دی تھی۔
[pullquote]چین میں کورونا سے مزید ہلاکتیں[/pullquote]
چین میں نئے قسم کے کورونا وائرس سے مزید ایک سو پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چین کے قومی کمیشن برائے صحت کے مطابق اب اس وائرس کی زد میں آ کر مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب دو ہزار کے اضافے کے ساتھ ستر ہزار پانچ سو افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء چینی حکام سے بات چیت کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے ماہرین بیجنگ پہنچ چکے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے اس نئے وائرس کو کووڈ انیس کا نام دیا ہے۔
[pullquote]فوج میں خواتین اور مردوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، بھارتی سپریم کورٹ[/pullquote]
بھارتی سپریم کورٹ نے بری فوج میں خواتین کو بھی مرد افسران کے مساوی اختیارات اور مستقل کمیشن دینے کا حکم دے دیا۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس اجے رستوگی کی بینچ نے کہا کہ خواتین کی جسمانی خصوصیات کا ان کے اختیارات سے کوئی تعلق نہیں ہے اوران کے حوالے سے دقیانوسی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ حکومتی موقف تھا کہ مرد فوجیوں کی ابھی تک خواتین کو کمانڈر کے روپ میں تسلیم کرنے کی تربیت ہی نہیں ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو تین ماہ کے اندر فیصلہ نافذ کرنے کاحکم دیا۔
[pullquote]تجارتی جنگ کے خاتمے سے جرمنی کو نقصان[/pullquote]
امریکا اور چین کے مابین عارضی طور پر تجارتی جنگ کے خاتمے کے چین کے لیے جرمن برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ عالمی اقتصادیات پر نظر رکھنے والے ایک ادارے’ کیلر انسٹی ٹیوٹ‘ کا اندازہ ہے کہ اگلے برس بھی چین کے لیے جرمن مصنوعات کی برآمدات تقریباً 4.2 ارب یورو کم رہے گی۔ ان دونوں ممالک کے مابین ہونے والی تجارت کا حجم دو سو ارب ڈالر سالانہ ہے۔ امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے چین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ امریکا سے 200 ارب کی اشیاء درآمد کرے گا۔
[pullquote]برکینا فاسو میں ایک چرچ پر حملہ ، کم از کم چوبیس ہلاکتیں[/pullquote]
برکینا فاسو میں ایک چرچ پر ہوئے حملے میں چوبیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے آج پیر کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ گذشتہ روز یعنی اتوار کو پانسی نامی علاقے کے چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پادری بھی شامل ہے۔ روئٹرز کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے تین افراد کو اغوا بھی کر لیا ہے۔ اس علاقے میں ماضی میں بھی مذہبی شخصیات اور مقامات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
[pullquote]ابو ظہبی میں پہلے ری ایکٹر کی تعمیر کا لائسنس جاری[/pullquote]
متحدہ عرب امارات نے آج پیر کو براکہ جوہری مرکز کے لیے پہلے ری ایکٹر کی تعمیر کا اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے اپنی ایک ٹویٹ میں اسے عرب دنیا کے لیے ایک نیا باب قرار دیا۔ ان کے بقول اس طرح متحدہ عرب امارات نے اگلے پچاس برسوں کے لیے توانائی کی اپنی ضروریات پوری کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ براکہ نامی یہ جوہری مرکز ابو ظہبی کے مغرب میں واقع ہے۔ اسے 2017ء میں فعال ہونا تھا تاہم اسے سلامتی کے انتظامات اور انضباطی معاملات کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
[pullquote]یونان: مہاجرین کے مراکز کے لیے امدادی پیکیج[/pullquote]
یورپی کمشنر برائے کرائسس مینجمنٹ نے یونان میں مہاجرین کے مراکز کے لیے ایک نئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر یانس لینارچچ نے بتایا کہ اس رقم سے اُن مراکز کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے گا، جن میں گنجائش سے زیادہ مہاجرین موجود ہیں۔ ان کے بقول یہ یونانی حکام کے ساتھ یورپی ممالک کا اظہار یکجہتی ہے۔ لیناراچچ نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر ان مراکز کو بہتر کرنا ایتھنز حکومت کی ذمہ داری ہے۔ یونان کے پانچ جزائر پر ساڑھے پانچ ہزار افراد کی گنجائش والے کیمپوں میں چھتیس ہزار سے زائد مہاجرین کو رکھا گیا ہے۔
[pullquote]پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی میں مثال قائم کی ہے، گوٹیریش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔ اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے ملنے والی بہت محدود امداد کے ساتھ پاکستان نے لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک مثال قائم کر دی ہے۔ گوٹیریس نے آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی اور اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہوں نے نسٹ میں تصویری نمائش کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ گوٹیریش گزشتہ روز چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
[pullquote]روس بشارالاسد کی حمایت ترک کر دے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے شامی صدر بشارالاسد کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے شام میں جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر نے اس موقع پر شامی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے ایک سیاسی حل کی حمایت بھی کی۔ صوبہ ادلب میں شامی دستوں اور ترک فوج کے مابین ابھی حال ہی میں اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔ اس سلسلے میں ترکی اور روس کے مابین مشاورت جاری ہے۔
[pullquote]جرمنی میں دائیں بازو کے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف چھاپے، بارہ افراد گرفتار[/pullquote]
جرمنی میں اختتام ہفتہ پر دائیں بازو کے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ملکی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ اس دوران بارہ مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ گروہ سیاست دانوں، سیاسی پناہ کے متلاشیوں اور مسلم برادری پر حملے کرتے ہوئے خانہ جنگی جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتا تھا۔ اس گروہ کا سرغنہ مفررو ہے۔ جرمن جریدے ’ ڈیئر اشپیگل‘ کے مطابق چھاپوں کے دوران ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس گروپ کے ارکان اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے متعدد ملاقاتیں بھی کر چکے تھے۔
[pullquote]یمن میں قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ[/pullquote]
یمنی جنگ کے فریقین قيديوں کے تبادلے کے ایک جامع معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ اعلان عمان مں کئی روزہ مذاکراتی عمل کے بعد اقوام متحدہ اور بین لاقوامی تنظیم ریڈ کراس کی جانب سے کیا گیا۔ اس بیان میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کی فہرست جلد ہی پیش کی جائے گی۔ اس سے قبل یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے مابین 2018ء میں بھی ایک ایسا ہی معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
[pullquote]بھارت میں بقا کے خطرے سے دوچار جانوروں کے موضوع پر ایک بین الاقوامی اجلاس[/pullquote]
بھارت میں بقا کے خطرے سے دوچار جانوروں کے موضوع پر ایک بین الاقوامی اجلاس جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اس میں 129 ممالک کے نمائندے موجود ہیں۔گاندھی نگر میں ہونے والی اس کانفرنس میں خاص طور پر ہاتھیوں، تیندوے، وہیل، شارک اور پرندوں کے تحفظ پر توجہ مرکوز ہے۔ بائیس فروری تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں امریکا، روس اور چین کے علاوہ تقریباً تمام ہی یورپی اور لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ ساتھ افریقہ کی بھی متعدد ریاستیں شریک ہیں۔
[pullquote]امریکی وزیر انصاف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ[/pullquote]
امریکی وزارت انصاف کے گیارہ سو سے زائد سابق ملازمین نے وزیر انصاف ولیم بار پر قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایک کھلے خط کے ذریعے ان افراد نے بار سے استعفی کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی اس تحریر میں ولیم بار اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عدلیہ پر اثر انداز ہونے کا مورد الزام بھی ٹھہرایا گیا ہے۔ اس خط کا تعلق سابق سیاسی مشیر روجر اسٹون کو سنائی جانے والی سزا سے ہے۔ ٹرمپ نے استغاثہ کی جانب سے اسٹون کے لیے نو سال کی سزا کو عدالتی غلطی قرار دیا تھا۔