پیر : 02 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس دنيا بھر ميں پھيلتا ہوا[/pullquote]

يورپی يونين کی بيماريوں سے نمٹنے والی ايجنسی نے کورونا وائرس کی نئی قسم کووِڈ انيس سے لاحق خطرے کو درميانے درجے سے بڑھاتے ہوئے اونچے درجے پر کر ديا ہے۔ اس بارے ميں اعلان يورپی کميشن کی صدر ارزولا فان ڈيئر لائن نے کيا ہے۔ کورونا وائرس کی اس نئی قسم سے اب تک دنیا بھر میں 89 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 80 ہزار ہے جبکہ وہاں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2912 ہے۔ جرمنی میں گزشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں قریب دو گُنا اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ 29 فروری کو جرمنی میں متاثرین کی تعداد 66 بتائی گئی تھی جو آج پير دو مارچ کو بڑھ کر 130 تک پہنچ گئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس اب دنيا کے ساٹھ ملکوں ميں پھيل چکا ہے، ڈبليو ايچ او[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم کووِڈ انيس کے باعث دنيا بھر ميں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تين ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس وائرس ميں مبتلا مريضوں کی تعداد 88,000 ہزار ہے۔ يہ وائرس اب دنيا کے 60 ممالک ميں پھيل چکا ہے۔ کووڈ انيس کے باعث چين ميں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 42 مزيد افراد ہلاک ہوئے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس اب چين ميں کم رفتار سے پھيل رہا ہے تاہم جنوبی کوريا، ايران اور اٹلی ميں دن بدن نئے کيسز ميں اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔

[pullquote]قيديوں کی رہائی تک مذاکرات نہيں ہوں گے، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے کہا ہے کہ جب تک امن معاہدے کی شرائط کے تحت ان کے پانچ ہزار قيديوں کو رہا نہيں کيا جاتا، وہ کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات ميں شرکت نہيں کريں گے۔ يہ بيان طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے آج پير کو ديا۔ يہ امر اہم ہے گزشتہ اختتام ہفتہ پر دوحہ ميں طالبان اور امريکی نمائندگان نے افغانستان ميں قيام امن کے ليے ايک معاہدے پر دستخط کيے، جس کی شرائط ميں يہ شامل ہے کہ دس مارچ تک افغانستان ميں مختلف جيلوں ميں قيد پانچ ہزار طالبان کو رہا کر ديا جائے گا۔ البتہ صدر اشرف غنی نے گزشتہ روز اسے رد کر ديا تھا۔

[pullquote]ترکی اور روس ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے مرتکب، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ايک کميشن کی تازہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ ترکی اور روس کی شام ميں کردوں کے خلاف کارروائياں جنگی جرائم کے زمرے ميں آ سکتی ہيں۔ يہ رپورٹ پچھلے سال جولائی سے رواں سال فروری تک کے دورانيے پر مرتب کی گئی ہے۔ رپورٹ ميں کئی ايسی کارروائيوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن ميں روسی اور ترک فضائی اور زمينی کارروائيوں کے نتيجے ميں شہری علاقوں ميں بڑے پيمانے پر ہلاکتيں ہوئيں۔ يہ رپورٹ ايک ايسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب شمال مغربی شامی صوبے ادلب ميں کارروائی پر انقرہ اور ماسکو ميں کشيدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]شمالی کوريا کی جانب سے بيلسٹک ميزائلوں کا تازہ تجربہ[/pullquote]

شمالی کوريا نے سمندر ميں دو بيلسٹک ميزائل داغے ہيں۔ جاپانی وزارت دفاع نے اس امر کی تصديق کی ہے کہ دونوں ميزائل نہ تو جاپان کی حدود ميں گرے اور نہ ہی اس کے اقتصادی زون ميں۔ جنوبی کوريا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق يہ ميزائل درميانے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے ميزائل تھے، جنہوں نے گرنے سے قبل 240 کلوميٹر کا فاصلہ طے کيا۔ يہ امر اہم ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پيونگ يانگ کی جانب سے بيلسٹک ميزائل کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

[pullquote]اسرائيل: ايک سال ميں تيسری مرتبہ اليکشن، پولنگ جاری[/pullquote]

اسرائيل ميں آج عام انتخابات ہو رہے ہيں اور پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ يہ ایک برس کے عرصے ميں تيسرے اليکشن ہيں۔ انتخابات کو موجودہ وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو کے ليے آزمائش کے طور پر ديکھا جا رہا ہے، جن پر بدعنوانی کے الزامات ہيں۔ انہيں سابق ملٹری چيف بينی گينٹس کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ رائے عامہ کے تازہ ترين جائزوں کے مطابق دونوں اميدواروں ميں اس بار بھی کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے اور ايسی صورت ميں ايک مرتبہ پھر انتخابات کو خارج از امکان قرار نہيں ديا جا سکتا۔ پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے جاری ہے اور رات کے دس بجے ختم ہو گی۔ ابتدائی غير حتمی نتائج آج رات اور حتمی نتائج کل تک متوقع ہيں۔

[pullquote]ترک حملے ميں 19 شامی فوجی ہلاک[/pullquote]

شامی صوبے ادلب میں ترکی کے ڈرون حملوں میں انیس شامی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ شامی حالات پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ترک فوج نے ادلب ميں ایک فوجی قافلے اور ایک چھاؤنی کو نشانہ بنایا، جس میں بشار الاسد کی فوج کے انيس اہلکار ہلاک ہوئے۔ اس حملے میں جبل الزاویہ کے مقام پر فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گيا جبکہ معارت النعمان میں فوجی اڈے پر حملہ ہوا۔ دونوں مقامات پر حملے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گيا۔ اتوار کے روز ترکی نے شام کے دو جنگی طیاروں کو بھی مار گرایا تھا۔ گزشتہ ہفتے شامی فضائی حملے میں ترکی کے 33 فوجوں کی ہلاکت کے بعد سے کشیدگی جاری ہے۔ ان واقعات کے پیش نظر ترکی، شام اور اس کے اتحادی روس کے درمیان جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

[pullquote]عراق: وزیر اعظم کے لیے نامزد امیدوار محمد علاوی نے اپنی امیدواری واپس لے لی[/pullquote]
عراق کے نئے وزیر اعظم کے لیے نامزد امیدوار محمد علاوی نے اپنی امیدواری واپس لے لی ہے۔ علاوی کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدہ کی دوڑ سے دست بردار ہونے کا اعلان اس وقت کیا گیا، جب ان کی کابینہ کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کا مکمل اجلاس منعقد کرنے کی دو کوششیں ناکام ہو گئیں۔ اتوار یکم مارچ کو ہونے والی میٹنگ میں پارلیمنٹ کے 329 اراکین میں سے صرف 108اراکین ہی شریک ہوئے۔ محمد علاوی نے بطور امیدوار اپنا نام واپس لینے کی اطلاع ٹوئٹر پر دیتے ہوئے کہا کہ بعض سیاست دان ان راہ میں روڑے اٹکا رہے ہيں۔ صدر برھم صالح آئندہ پندرہ دنوں کے اندر وزیر اعظم کے نئے امیدوار کے انتخاب کے حوالے سے بات چیت شروع کرسکتے ہیں۔

[pullquote]بغداد میں راکٹ حملہ[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں دو راکٹ گرے ہيں۔ ایک راکٹ امریکی سفارت خانے کے قریب گرا۔ اکتوبر کے بعد سے امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائے جانے کی کوششوں میں یہ تازہ ترين واقعہ ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری کسی نے نہیں لی ہے تاہم امریکا ان حملوں کے لیے ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ حاشد الشابی کوذمہ دار ٹھہراتا ہے، جو کہ عراقی حکومت کی حامی تنظیم ہے۔

[pullquote]بريگزٹ کے بعد کے تعلقات طے کرنے کے ليے مذاکراتی عمل شروع[/pullquote]

يورپی يونين اور برطانيہ کے مابين بريگزٹ کے بعد کے تعلقات طے کرنے کے ليے آج سے مذاکراتی عمل شروع ہو رہا ہے۔ تجارت، زراعت، سلامتی، ٹرانسپورٹ، توانائی اور ديگر کئی شعبوں کے بارے ميں ان مذاکرات ميں يورپی وفد کی سربراہی ميشل بارنیئر کر رہے ہيں جبکہ برطانوی مذاکرات کاروں کے سربراہ لندن حکومت کے مشير ڈيوڈ فروسٹ ہيں۔ برطانيہ کو اس سال کے آخر تک ’خصوصی حيثيت‘ حاصل ہے يعنی اس دوران وہ يورپی يونين کے رکن کی طرح ہی تجارت کر سکتا ہے۔ مذاکرات کاروں کی کوشش ہو گی کے 31 دسمبر سے قبل معاملات طے کر ليے جائيں۔

[pullquote]منيلا ميں سابق سکيورٹی گارڈ نے درجنوں افراد کو يرغمال بنا ليا[/pullquote]

فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ايک شاپنگ مال ميں حال ہی ميں نوکری سے برطرف کيے جانے والے ايک سکيورٹی گارڈ نے مال ميں فائرنگ کر کے درجنوں افراد کو يرغمال بنا ليا تھا۔ تاہم بعد ازاں يرغماليوں کو چھڑا ليا گيا۔ حملہ آور کے پاس ايک پستول تھی اور اس نے ايک شخص کو زخمی بھی کر ديا تھا۔ سابق سکيورٹی گارڈ کی ميڈيا کے نمائندوں اور ديگر سکيورٹی گارڈز سے بات چيت کرا دی گئی، جس کے بعد معاملہ نپٹ گيا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے